کینیا کے نواشا ریجن کی جماعت Olsait، ناروک کاؤنٹی میں پہلے مشن ہاؤس کا بابرکت افتتاح
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے گذشتہ سال جماعت احمدیہ کینیا کو نائی واشا ریجن میں نئی اور پہلی قائم ہونے والی جماعت Olsait میں ایک خوبصورت مسجد تعمیر کرنے کی توفیق ملی، الحمدللہ علیٰ ذالک۔ اس کے بعد امسال مسجد کے احاطہ میں ہی مشن ہاؤس کی تعمیر شروع کی گئی جو اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ماہ اپریل کے وسط میں مکمل ہوگئی۔ یہ مشن ہاؤس ایک بڑے بیڈ روم، سٹنگ روم، کچن اور سٹور پر مشتمل ہے۔ سارے احاطہ کے ارد گرد اونچی اور پختہ دیوار بنا کر اور گیٹ لگا کر مسجد اور مشن ہاؤس کی سیکیورٹی کا خاطر خواہ انتظام کیا گیا ہے۔

مکرم ناصر محمود طاہر صاحب امیر و مبلغ انچارج کینیا نے مورخہ ۲۶؍اپریل ۲۰۲۶ء بروز اتوار اس مشن ہاؤس کا باضابطہ افتتاح کیا۔
امیر صاحب نے تختی کی نقاب کشائی اور فیتہ کاٹنے کے بعد دعا کروائی۔ یوں اس مشن ہاؤس کا افتتاح عمل میں آیا۔ اس مبارک موقع پر مدعوئین میں صومالی زیر تبلیغ دوستوں کے علاوہ خرطوم (سوڈان ) کے مکرم محمد احمد صاحب بھی شامل تھے جو صوفی فرقہ جات سے تعلق رکھتے ہیں اور اس علاقہ میں کمرشل فرمنگ سے منسلک ہیں۔
مکرم امیر صاحب اور دیگر احباب و معزز مدعووین نے مسجد اور مشن ہاؤس کے اردگرد مختلف اقسام کے یاد گاری پودے لگائے جس کے بعد تمام احباب مسجد میں تشریف لے گئے جہاں مکرم امیر صاحب کی صدارت میں تربیتی جلسہ منعقد ہوا۔
تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد مختلف موضوعات پر تقاریر ہوئیں۔ آخر میں مکرم امیر صاحب نے صدارتی تقریر کی اور احباب جماعت کو مشن ہاؤس کی تعمیر پر مبارکباد دی اوراحباب جماعت کو معلمین کے ساتھ تعاون کرنے اور ان سے تعلیم و تربیت کے سلسلے میں بھرپور استفادہ کی تلقین کی اور جلسہ برخاست ہوا۔ اس کے بعد نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں اور احباب کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیاگیا۔

پروگرام کے اختتام پر موجود بچوں میں تحائف اور شیرینی بھی تقسیم کی گئی۔ اس مبارک تقریب میں مہمانوں سمیت کل ۱۵۳؍افراد شریک ہوئے۔ اس موقع پر مکرم ڈاکٹر اسد احمد صاحب کے تعاون سے مفت ہومیو میڈیکل کیمپ بھی لگایا گیا جس میں ۵۵؍مریضوں کو ادویات دی گئیں۔ علاوہ ازیں بک سٹال بھی لگایا گیا اور پمفلٹس بھی تقسیم کیے گئے۔ الحمدللہ
اللہ تعالیٰ اس مسجد اور مشن ہاؤس کو اس علاقہ میں اسلام کی تعلیمات کو پھیلانے اور لوگوں کو ایمان کے نور سے منور کرنے کا ذریعہ بنائے۔ آمین
(رپورٹ:محمد افضل ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ تھائی لینڈ کا تئیسواں جلسہ سالانہ ۲۰۲۶ء



