مجلس خدام الاحمدیہ بیلجیم کی بتیسویں نیشنل تعلیمی و تربیتی کلاس ۲۰۲۶ء
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس خدام الاحمدیہ بیلجیم کو اپنی ۳۲ویں نیشنل تعلیمی و تربیتی کلاس مورخہ ۲۵و۲۶؍اپریل ۲۰۲۶ء بروز ہفتہ و اتوار بمقام بیت السلام، دلبیک منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ

اس کلاس کی تیاری کے ليے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جس کے انچارج مکرم شیخ مبشر صاحب مقرر کيے گئے۔ وقتاً فوقتاً کمیٹی میٹنگز کا انعقاد ہوتا رہا۔ کلاس کی تیاری کے لیے ناظم اعلیٰ صاحب اور ان کی ٹیم صدر صاحب مجلس کی راہنمائی میں کلاس کے کامیاب انعقاد کے لیے مسلسل نائب ناظمین اعلیٰ اور ناظمین کے ساتھ رابطے میں رہے۔ کلاس میں بہترین حاضری کے لیے شعبہ حاضری قائدین کے تعاون سے کام کرتا رہا اور اس غرض سے قائدین کے ساتھ ایک خاص میٹنگ کا بھی انعقاد کیا گیا۔

کلاس کا آغاز ہفتہ کے روز افتتاحی اجلاس کے ساتھ صبح ساڑھے دس بجے ہوا جس کی صدارت مکرم ظفراللہ سلام صاحب مبلغ انچارج نے کی۔ بعد ازاں کلاس کا باقاعدہ آغاز ہواجس میں تلاوت قرآن کریم اور دینی معلومات کی کلاسز شامل تھیں نیز اطفال کی ایک مثالی طفل کے مضمون پر پریزنٹیشن اور حفظ القرآن کی کلاس بھی ہوئی۔ ظہرانہ اور نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد دوبارہ کلاسز کا سلسلہ شروع ہوا۔ خدام کی حفظ قرآن کلاس اور Book of the Year (’گورنمنٹ انگریزی اور جہاد‘) پریزنٹیشن پیش کی گئی۔
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خاص اجازت سے مکرم منصور کلارک صاحب مبلغ سلسلہ انٹرنیشنل ٹرانسلیشن اینڈ ریسرچ سینٹر خدام سے (آن لائن) مخاطب ہوئے اور حضرت مسیح موعودؑ کی ہدایات اور خلفاء کی راہنمائی کی روشنی میں عہد بیعت یاد دلایا اور اس بات کی طرف توجہ دلائی کہ ہمیں جائزہ لینا چاہیے کہ ہم کس حد تک شرائط بیعت کی روشنی میں احمدی اور خادم ہونے کا حق ادا کر رہے ہیں۔ اس دوران اطفال کی تلاوت کی کلاس ہوئی اور سوال و جواب کی نشست کا انعقاد کیا گیا۔
شام ۶؍بجے تمام شرکاء نے ایک روحانی ماحول میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا اجتماع واقفات نو یوکے کے موقع پر ایمان افروز خطاب سنا۔ دن کا اختتام عشائیہ اور نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی سے ہوا۔ اس سے قبل خدام کو کھیلوں سے استفادہ کرنے کا موقع ملا جبکہ اطفال کے لیے مزید نماز کی کلاس کا بھی انتظام کیا گیا۔

دوسرے روز کلاسز کا آغاز صبح ساڑھے دس بجے خدام کے لیے دعا اور حدیث کی کلاس سے ہوا جس کے بعد سائنس اور مذہب کے باہمی تعلق پر ایک تفصیلی گفتگو پیش کی گئی۔ اسی طرح دنیا کے موجودہ حالات کے پیش نظر خدام کے لیے ’فرسٹ ایڈ ورکشاپ‘ کا انتظام کیا گیا جس سے خدام نے بھرپور استفادہ کیا۔ اسی دوران اطفال کی دعاؤں اور احادیث کی کلاسز ہوئیں۔ تمام اطفال نے مل کر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی خدمت اقدس میں خط لکھا جس کے بعد ان کی دینی معلومات کی کلاس ہوئی۔
نماز ظہر اور عصر کے بعد خدام کے اجلاس میں مبلغ انچارج صاحب، مکرم انور حسین صاحب نائب امیر اور حسیب احمد صاحب مبلغ سلسلہ کی نگرانی میں سوال و جواب کی نشست منعقد ہوئی جس سے خدام نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔ اس کے بعد ’’سنت کے مطابق شادی کی اہمیت اور ضرورت‘‘ پر خدام کو ایک پریزنٹیشن پیش کی گئی۔ اسی دوران اطفال کو تعلیم کی اہمیت اور سوشل میڈیا کے فوائد و نقصانات پر مضامین پیش کیے گئے۔
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خاص اجازت سے اس کلاس کے دوران مکرم عبد الماجد طاہر صاحب ایڈیشنل وکیل التبشیر یوکے نے خدام اور اطفال سے ’’خلافت اور اطاعت‘‘ کے موضوع پر (آن لائن) تقریر کی اور خدام کو نہایت بہترین انداز میں خلافت کے حقیقی مقام اور اطاعت کی اہمیت کے بارے میں نصائح کیں۔
اس کے بعد اس دو روزہ نیشنل کلاس کے اختتامی اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت مکرم ڈاکٹر ادریس احمد صاحب امیر جماعت احمدیہ بیلجیم نے کی۔ آپ نے اپنی اختتامی تقریر میں قرآن کریم کی رو سے تعلیم کے حصول کی اہمیت کے حوالہ سے خدام اوراطفال کو نصائح کیں۔ دعا کے ساتھ اس دو روزہ کلاس کا اختتام ہوا۔ کلاس کے اختتامی اجلاس کے بعد تمام شاملین نے مل کر اجتماع واقفین نو یوکے سے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا پُر معارف خطاب سنا۔
کلاس کی کل حاضری قریباً ۲۸۰؍رہی۔ الحمدللہ
اللہ تعالیٰ اس کلاس کے مثبت نتائج سے نوازے اور تمام شاملین کو اس کلاس کے دوران حاصل کردہ علوم و تجربات کو اپنی زندگی کا مستقل حصہ بنانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ:چودھری طاہر احمد گل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: سیرالیون کے سولہویں ضلع ’’فلابا ڈسٹرکٹ‘‘ میں جماعت احمدیہ کا قیام



