افریقہ (رپورٹس)

سیرالیون کے سولہویں ضلع ’’فلابا ڈسٹرکٹ‘‘ میں جماعت احمدیہ کا قیام

مکرم سید حمزہ سعید صاحب مبلغ سلسلہ ضلع کوئناڈوگو تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے سیرالیون کے ضلع Falabaمیں پہلی مرتبہ جماعت احمدیہ کا قیام عمل میں آیا اور یوں الحمدللہ ملک کے تمام ۱۶؍اضلاع میں احمدیت کا پودا لگ چکا ہے۔ یہ جماعتی ترقی کا ایک اہم سنگ میل اور اللہ تعالیٰ کی تائید و نصرت کا روشن نشان ہے۔

ضلع فلابا سیرالیون کے انتہائی شمالی حصہ میں جمہوریہ گنی کناکری کی سرحد کے قریب واقع ایک دوردراز اور دشوار گزار علاقہ ہے۔ یہ ضلع ۲۰۱۷ء میں ضلع کوئناڈوگو سے الگ کر کے قائم کیا گیا۔ یہاں کی اکثریت مسلمان آبادی پر مشتمل ہے اور یالونکا، مڈنگو، فولا اور کورانکو قبائل آباد ہیں۔ بیشتر لوگ زراعت، مویشی پالنے اور محدود تجارت سے وابستہ ہیں۔ اگرچہ آبادی کی اکثریت مسلمان ہے، تاہم نئے ضلع کے قیام کے بعد یہاں جماعت احمدیہ کا باقاعدہ قیام نہیں تھا۔

مکرم موسیٰ میوا صاحب امیر جماعت احمدیہ سیرالیون کی دلی خواہش تھی کہ حضرت مسیح موعودؑ کا پیغام ملک کے ہر کونے تک پہنچے اور ضلع فلابا میں بھی جماعت قائم ہو۔ جون ۲۰۲۴ء میں جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا سے فراغت کے بعد خاکسار (مبلغ سلسلہ)کو ضلع کوئناڈوگو کا مبلغ مقرر کیا گیا اور فلابا کی تبلیغی ذمہ داری بھی سپرد کی گئی۔

ابتدائی روابط ایک احمدی پولیس افسر جناب سلام چیرنو سو صاحب کے ذریعے قائم ہوئے جنہوں نے ضلع کی اہم شخصیات سے تعارف کروایا۔ جلسہ سالانہ سیرالیون ۲۰۲۶ء کے لیے معزز مہمانوں کو دعوت دینے کے دوران نیہ چیفڈم(Neya Cheifdom) کے پیراماؤنٹ چیف اور رکن پارلیمنٹ الحاج شیخو ٹونگوس مرہ صاحب سے رابطہ ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ احمدیہ مسلم ایگریکلچرل سیکنڈری سکول کبالا کے سابق طالب علم ہیں، جماعت کے بارے میں نیک خیالات رکھتے ہیں اور اپنی چیفڈم میں جماعت کے قیام کے خواہش مند ہیں۔

بعد ازاں انہوں نے اہل خانہ سمیت جلسہ سالانہ سیرالیون میں شرکت کی اور اپنی تقریر میں جماعت کی تعلیمی و طبی خدمات کو سراہتے ہوئے فلابا میں جماعت کی عدم موجودگی کو ایک بڑی کمی قرار دیا۔ اسی موقع پر ان کی ملاقات مکرم محمد نعیم اظہر صاحب مبلغ انچارج سے کروائی گئی اور انہوں نے جماعتی وفد کو اپنے علاقہ کے دورہ کی دعوت دی۔

چنانچہ ۲۴؍مارچ ۲۰۲۶ء کو فری ٹاؤن اور کبالا سے دو جماعتی وفود نیہ چیفڈم کے مرکز کورو بولا روانہ ہوئے۔ تقریباً ۱۶۵؍کلومیٹر کا انتہائی دشوار گزار سفر موٹر سائیکلوں پر پانچ گھنٹوں میں طے کیا گیا۔ کئی مقامات پر وفد کو پہاڑی راستوں میں پیدل چلنا پڑا۔ کورو بولا پہنچنے پر پیراماؤنٹ چیف اور مقامی آبادی نے استقبال کیا، روایتی طور پر کولا نٹس (Kola Nuts) پیش کیے گئے جبکہ پیراماؤنٹ چیف نے وفد کے اعزاز میں ایک بکرا اور ایک بیل بطور تحفہ پیش کیے۔

بعد ازاں مرکزی مسجد میں چیف امام مکرم شیخ موسیٰ مرہ صاحب سے تفصیلی ملاقات ہوئی۔ گفتگو کے بعد انہوں نے جماعت کے ساتھ تعاون اور مختلف دیہات کے ائمہ کو جمع کرنے کا وعدہ کیا۔ انہوں نے علاقہ میں دینی اساتذہ اور مدارس کی شدید کمی کی بھی نشاندہی کی۔

۲۵؍مارچ ۲۰۲۶ء کو ایک تاریخی اجتماع منعقد ہوا جس میں ۸۶؍دیہات کے ائمہ، رؤساء، سردار اور دیگر معززین شریک ہوئے۔ پیراماؤنٹ چیف نے اپنی تقریر میں کہا کہ یہ پہلی جماعت ہے جو محض اسلام کی خدمت کے لیے اس دور افتادہ علاقہ میں آئی ہے۔ بعد ازاں مکرم مولوی جبریل کوروما صاحب نے ’’امام مہدی علیہ السلام کی آمد‘‘ کے موضوع پر قرآن و حدیث کی روشنی میں مدلل تقریر کی جبکہ مکرم مبلغ انچارج صاحب نے جماعت احمدیہ کے اغراض و مقاصد بیان کیے۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے حاضرین پر اس قدر گہرا اثر ہوا کہ بیعت فارم کم پڑ گئے۔ پیراماؤنٹ چیف نے خود بھی بیعت کی سعادت حاصل کی اور اس تاریخی موقع پر ۳۳۲؍سعید روحیں احمدیت میں داخل ہوئیں جبکہ مزید افراد نے آئندہ شمولیت کی خواہش ظاہر کی۔

واپسی کے سفر کے دوران قریبی دیہات ’کومبا وُلین بالایا‘ اور ’سرافیلیا‘ کا بھی دورہ کیا گیا۔ مقامی آبادی نے جماعت کا خیر مقدم کیا اور اپنے مسائل بیان کیے جن میں دینی اساتذہ کی کمی، مدارس کا فقدان، مساجد کی خستہ حالی اور صاف پانی کی عدم دستیابی شامل تھے۔ وفد نے انہیں اسلام احمدیت کا تعارف پیش کیا اور آئندہ تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

الحمدللہ، اس دورہ کے دوران تبلیغی اثرات نمایاں رہے۔ مختلف مقامات پر جماعت احمدیہ کا نام عزت و احترام کا باعث بنا اور لوگوں نے غیر معمولی محبت کا اظہار کیا۔ خصوصاً مکرم محمد زم کونتے صاحب صدر جماعت کوئناڈوگو قابل ذکر ہیں جنہوں نے عمر رسیدہ ہونے اور کمر کی تکلیف کے باوجود یہ دشوار سفر محض دین کی خاطر اختیار کیا۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے ضلع فلابا میں جماعت احمدیہ کے قیام کی یہ بنیاد مستقبل میں ہزاروں نیک فطرت انسانوں تک حضرت مسیح موعودؑ کا پیغام پہنچانے کا ذریعہ بنے گی۔ اللہ تعالیٰ نومبائعین کو استقامت عطا فرمائے، جماعت کو مزید ترقیات سے نوازے اور اس علاقہ میں اسلام احمدیت کو خوب پھلنے پھولنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ:سید سعید الحسن شاہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: نائیجیریا میں ریفریشرکورس برائے مبلغین کرام کا انعقاد

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button