اطلاعات واعلانات
نوٹ: اعلانات صدر؍ امیر صاحب حلقہ؍جماعت کی تصدیق کے ساتھ آنا ضروری ہیں
سانحہ ارتحال
قرةالعین منور صاحبہ تحریر کرتی ہیں کہ خاکسار کے خالو محمد لقمان صاحب ولد محمد زمان صاحب۱۷؍جون ۲۰۲۶ء کو ۶۱؍سال کی عمر میں خالق حقیقی سے جاملے۔ اناللہ وانا الیہ راجعون۔ آپ کی نمازجنازہ ربوہ میں بعد نماز عصر ادا کی گئی اور بعد ازاں تدفین بہشتی مقبرہ ربوہ میں ہوئی۔
آپ کے خاندان کا تعلق ریاست جموں و کشمیر کے علاقے دہری لیوٹ راجوری سے تھا۔ آپ نے۱۹۶۵ء کی جنگ میں انڈیا کے زیر انتظام ریاست جموں وکشمیر سے ہجرت کی اور پاکستان کے زیر انتظام ریاست جموں و کشمیرکےضلع میرپورمیں آباد ہو گئے۔ آپ ڈاکٹر محمد بشیر صاحب مرحوم (سابق امیر ضلع کوٹلی آزاد کشمیر )کے داماد اور عبدالسلام صاحب مرحوم (ایریا مینیجر نیشنل بینک) کے چھوٹے بھائی تھے۔
مرحوم بہت سادہ اور شریف النفس انسان تھے۔ بیوی، بچوں، بہن بھائیوںاور ان کی اولاد کے ساتھ بہت پیار اور شفقت کا تعلق تھا۔ آپ کو کتب کے مطالعہ کا بہت شوق تھا۔ کتابوں کو سنبھال کر رکھتے تھے۔ آپ پیدائشی احمدی تھے۔ صوم وصلوٰة کے پابند تھے۔ آپ کو بطور ناظم اطفال ضلع میرپور، ناظم مال خدام الاحمدیہ ضلع میرپور، ناظم تحریک جدید خدام الاحمدیہ ضلع میرپور اور سیکرٹری وقف جدید جماعت نیوسٹی میرپور آزاد کشمیر کے طور پر خدمات بجالانے کی توفیق ملی۔
۱۹۸۳ء میں آپ ان چھ خدام میں شامل تھے جنہوں نے میرا بھڑکا میرپور آزاد کشمیر سے ربوہ تک سائیکل سفر کرکے اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ پاکستان میں شمولیت کی تھی۔ آپ محکمہ برقیات سے ہیڈ کلرک کے طور پر ریٹائر ہوئے۔ بہت محنتی اور فرض شناس تھے۔ اپنے کام کے ساتھ بہت لگاؤ تھا۔ آپ نے بیوہ، دو بیٹے اور دو بیٹیوں کے علاوہ ایک بھائی محمد امین اورتین بہنیں سوگوار چھوڑے ہیں۔ بڑا بیٹاوقف نو کی بابرکت تحریک میں شامل ہے جبکہ بڑی بیٹی بی ایس سی کی طالبہ ہے۔
احباب جماعت کی خدمت میں دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور ان کی اولاد کو ہمیشہ خلافت کا مطیع و فرمانبردار بنائے رکھے۔ آمین
اعلانات ولادت
٭…ثناء اللہ ورک صاحب مبلغ سلسلہ لائبیریا تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے خاص فضل سے مورخہ ۱۷؍جون ۲۰۲۶ء کو خاکسار کو دو بیٹوں کے بعد پہلی بیٹی سے نوازا ہے، الحمدللہ۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے از راہ شفقت نو مولود کو وقف نو کی بابرکت تحریک میں شامل فرمایا اور بچی کا نام ’انیسہ ثناء ورک ‘ عطا فرمایا ہے۔ الحمدللہ (مرسلہ:فرخ شبیر لودھی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل لائبیریا)
٭… صفدرنذیر جاوید گولیکی صاحب واقف زندگی، سیکرٹری تبلیغ سینٹ کیتھرین، کینیڈا تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نےاپنے خاص فضل اور رحم سے خاکسار اور اہلیہ ثمینہ الماس صاحبہ کی چھوٹی بیٹی عزیزہ اریبہ صفدر(واقفہ نو) اہلیہ عزیزم مظفر احمد رانا مبلغ سلسلہ مک مری (Mic Marry)آف کینیڈا کو ۲۱؍جون بروز اتوار دوسرا بیٹا عطا فرمایا ہے، الحمدللہ علیٰ ذالک۔ بیٹے کانام ’ابتہاج یحییٰ‘ رکھا گیا ہے۔نو مولود وقف نو کی بابرکت تحریک میں شامل ہے۔
عزیزم، مکرم نصیر احمد ناصر صاحب آف کینیڈاابن مکرم رانا محمد بخش صاحب مرحوم سیکنڈ ہیڈ ماسٹر تعلیم الاسلام ہائی سکول ربوہ کا پوتا اور چودھری محمد شریف صاحب آف کینیڈا کا پڑنواسہ اورمکرم چودھری نذر محمد نذیر صاحب مرحوم کا پڑپوتا اور حضرت مولوی محمد حیات صاحبؓ صحابی حضرت مسیح موعودؑ آف دھیرکے کلاں ضلع گجرات پاکستان کی نسل سے ہے۔
٭… رضوان احمد افضل صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سویڈن تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل و کرم سے مورخہ ۷؍اپریل کو عزیزم مصور رشید اور عزیزہ شازیہ علی کو بیٹی سے نوازا ہے، الحمدللہ۔ بچی کا نام ’صوفیہ‘ رکھا گیا ہے۔ نومولود وقف نو کی بابرکت سکیم میں شامل ہے۔
نومولود، مکرم انور احمد رشید صاحب صدر مجلس انصاراللہ سویڈن کی پوتی اور مکرم چودھری سلامت علی صاحب صدر جماعت حلقہ نور، اوسلو کی نواسی ہے۔
٭…سورو الحسن صاحب مبلغ سلسلہ بسم ریجن، آئیوری کوسٹ لکھتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے محض اپنے فضل و کرم سے مورخہ ۱۵؍اپریل کو خاکسارکو بیٹے کی نعمت سے نوازا ہے، الحمد للہ علیٰ ذالک۔ نومولود کا نام دادا سورو الحاج سیتیو صاحب نے ’سورو ایان مستجاب‘ تجویز کیا ہے ۔ نومولود کے نانا مکرم عمر معاذ صاحب نائب امیر جماعت مالی ہیں۔
٭…نبیل احمد صاحب مبلغ سلسلہ تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل سے خاکسار کی بڑی بہن ڈاکٹر مائرہ احمدصاحبہ(بنت ڈاکٹر محمد احمد اشرف صاحب) اور ڈاکٹر مرزا مجادل احمدابن مکرم لیفٹیننٹ کرنل(ر) مرزا نصیر احمد کو مورخہ ۲۶؍مئی کو دوسرے بیٹے سے نوازا ہے جس کا نام حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہ ِشفقت ’مرزا باسل احمد‘ عطا فرمایا ہے۔
نومولود کی والدہ، مولانا محمد شفیع اشرفؔ صاحب کی پوتی ،مکرم بشیرالدین احمد خاکی صاحب ولد مکرم عبد الرحمٰن خاکی صاحب کی نواسی اور حضرت مولانا عبد الرحیم صاحب دردؓ کی نسل سے ہیں۔جبکہ والد، حضرت ڈپٹی میاں محمد شریف صاحبؓ کے پڑ پوتے، مکرم فلائٹ لیفٹیننٹ میاں محمد لطیف صاحب(لطیف پائلٹ) کے پوتے، مکرم میجر محمد عبدالسمیع صاحب ولد محترم ڈاکٹر عبد الرشید صاحب کے نواسے اور حضرت مولانا عبد الکریم صاحب سیالکوٹی ؓکے برادر نسبتی مکرم منشی اسمٰعیل سیالکوٹی صاحب کی نسل سے ہیں۔
احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنے خاص فضل و کرم سے نومولود بچوں کو صحت، تندرستی، عافیت اور دراز عمر عطا فرمائے، انہیں نیک، صالح، باعمل، نیک نصیب، دین اسلام و احمدیت کے مخلص خادم، خلافت احمدیہ کے وفادار، والدین کے لیے قرۃ العین اور نافع الناس وجود بنائے۔ آمین



