افریقہ (رپورٹس)

گنی بساؤ کےفرین ریجن میں ریجنل جلسہ کا انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ گنی بساؤ کے فرین ریجن میں بابرکت ریجنل جلسہ منعقد ہوا۔ اس جلسہ میں فرین ریجن کی ۳۲؍جماعتوں سے ۵۱۰؍سے زائد احباب جماعت نے شرکت کی۔ جلسے کا انعقاد انتہائی منظم انداز میں کیا گیا جس سے شاملین نے بھرپور روحانی فیض حاصل کیا۔

جلسہ کی صدارت مکرم محمد احسن میمن صاحب مبلغ انچارج گنی بساؤ نے کی۔ جلسے میں درج ذیل مختلف علمی و تربیتی موضوعات پر تقاریر پیش کی گئیں: آنحضرت ﷺ پوری انسانیت کے ليے بہترین نمونہ، آنحضرت ﷺ خاتم النبیین، حضرت مسیح موعودؑ کی آمد کی نشانیاں قرآن و حدیث کی روشنی میں، حضرت مسیح موعودؑ کو ماننا کیوں ضروری ہے، خلافت کی اہمیت و برکات اور مسجد میں باجماعت نماز کی اہمیت و برکات۔ تقاریر فُلا اور کریول زبانوں میں کی گئیں تاکہ تمام شاملین بہتر طور پر استفادہ کر سکیں۔

جلسے کے دوران بچوں نے حضرت مسیح موعودؑ کا ایک عربی قصیدہ نہایت خوبصورت انداز میں پیش کیا جبکہ اردو نظم بھی سنائی جسے حاضرین نے بے حد پسند کیا۔ اسی دوران ۴۱؍بچوں کی تقریب آمین بھی منعقد ہوئی جنہوں نے قرآن کریم ناظرہ مکمل کرنے کی سعادت حاصل کی۔

انسانیت کی خدمت کے جذبہ کے تحت جلسہ کے موقع پر ایک مفت میڈیکل کیمپ بھی منعقد کیا گیا جس میں دُوردراز کے علاقوں سے آنے والے تقریباً ۲۰۰؍افراد نے مفت طبی معائنہ اور ادویات سے استفادہ کیا۔ مقامی افراد نے اس خدمت خلق کے اقدام کو بے حد سراہا اور جماعت احمدیہ کے انسانیت نواز کردار کی تعریف کی۔

جلسہ میں غیر از جماعت ائمہ، پولیس کے نمائندگان، مقامی عمائدین اور دیگر معززین علاقہ نے بھی شرکت کی۔ نیز ہمسایہ ملک سینیگال کے تین دیہات سے ائمہ کرام اور ان کے مقامی سرداران بھی جلسہ میں شریک ہوئے۔ انہوں نے جماعت احمدیہ کی تعلیمات کو حقیقی اسلامی تعلیمات قرار دیا اور جماعت کے مثالی نظم و نسق، باہمی محبت اور روحانی ماحول سے بے حد متاثر ہوئے۔ انہوں نے جماعتی نظام اور خلافت احمدیہ کے حوالہ سے اپنے نیک تاثرات کا اظہار بھی کیا۔

اختتامی اجلاس میں مکرم مبلغ انچارج صاحب نے اپنی تقریر میں خلافت احمدیہ کی برکات پر روشنی ڈالی اور احباب جماعت کو خلافت سے مضبوط تعلق قائم رکھنے، اطاعت خلافت اختیار کرنے اور دینی اقدار کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنانے کی تلقین کی۔ دعا کے ساتھ یہ بابرکت جلسہ اپنے اختتام کو پہنچا۔ آخر پر تمام شاملین کی کھانے سے تواضع کی گئی۔

اللہ تعالیٰ اس جلسہ کے نیک نتائج کو دیرپا فرمائے اور شاملین کے ایمان و اخلاص میں مزید ترقی عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ:زاہد احمد بھٹی۔ مبلغ سلسلہ گنی بساؤ)

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button