ربوہ کا موسم(۲۶؍جون تا ۲؍جولائی ۲۰۲۶ء)
۲۶؍جون جمعۃ المبارک کو نماز فجر کے وقت ہلکی ٹھنڈی ہوا چل رہی تھی۔ آسمان تقریباً صاف تھا، صرف مشرق کے اُفق پر کچھ بادل نظر آرہے تھے، جونہی دن نکلتا چلا گیا، ساتھ ہی بادلوں کی ایک تہ آسمان پر پھیل گئی، جس کی وجہ سے سورج کی کرنیں زمین پر مکمل طور پر نہیں پہنچ رہی تھیں، دھوپ اور گرمی کم محسوس ہو رہی تھی۔ بعد دوپہر بادلوں کی یہ تہ آسمان سے چَھٹ گئی۔ اور دھوپ کو زمین پر گرمی بکھیرنے کا موقع مل گیا۔ ہفتہ اور اتوار کے دن بہت گرم تھے۔ سورج مسلسل آگ برسا رہا تھا۔ دوپہر کے وقت لُو بھی گرمی میں اضافہ کرتی رہی۔ ربوہ اور گردو نواح کے علاقوں میں درجہ حرارت ۴۳؍ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا، جبکہ ملتا ن اور ہارون آباد وغیرہ کے علاقوں میں ۴۵؍سے تجاوز کر گیا تھا۔ سوموار کو صبح کے وقت ہوا بہت کم تھی، دوپہر کو بھی ہلکی رفتار سے لُو چلتی رہی، شام کے وقت ہوا کا ٹمپریچر کچھ نارمل ہو ا۔
منگل کو بھی صبح کے وقت ہلکی ہوا چل رہی تھی۔ آسمان بادلوں سے خالی ہونے کی وجہ سے سورج کو خوب گرمی کرنے کا راستہ مل گیا۔ بدھ بھی گرم دن ہی تھا تاہم عصر کے بعد کچھ دیر کے لیے آندھی چلتی رہی جو بعد میں تیز اور نارمل ٹمپریچر کی ہوا میں بدل گئی۔ رات کو یہ تیز ہوا ٹھنڈی ہوگئی۔ اور لوگوں نے چین و سکون سے رات بسر کی۔ جمعرات کو نماز فجر کے وقت یہی ہوا رواں دواں تھی جو دن بھر چلتی رہی، اچھی بات یہ تھی کہ دوپہر کے وقت بھی یہی ہوا چلتی رہی اور لُو کی بجائے اس ہوا کا ٹمپریچر ٹھیک رہا جس سے گرمی کا اثر بھی کم ہوگیا اور اس ہفتہ کے آخری دو دن میں ٹمپریچر ایک دو ڈگری تک کم ہوگیا۔ اس ہفتے کا اوسط ٹمپریچر زیادہ سےزیادہ ۳۸؍ اور کم سے کم ۳۲؍درجہ سینٹی گریڈ رہا۔ (ابو سدید)




