سیرالیون کے پانچ ریجنز میں مقامی مشنریز کے لیے پانچ ریفریشر کورسز کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے سیرالیون کے پانچ ریجنز (ویسٹ، ساؤتھ، ایسٹ، نارتھ اور نارتھ ویسٹ) کو سرکٹ و لوکل معلّمین کے لیے ریفریشر کورسز منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ ان ریفریشر کورسز کی رپورٹ ہدیہ قارئین ہے۔
٭…سیرالیون کے ویسٹرن ایریا ریجن کو دو روزہ ریفریشر کورس برائے سرکٹ معلّمین ۲۷، ۲۸؍اپریل ۲۰۲۶ء، ہیڈکوارٹرز بروک فیلڈ، فری ٹاؤن کے لائبریری ہال میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

الحمدللہ، اس میں ویسٹرن ایریا کے تمام سرکٹ معلّمین و لوکل معلّمین شامل ہوئے۔ ریفریشر کورس کا افتتاح مکرم محمد نعیم اظہر صاحب مبلغ انچارج سیرالیون جبکہ اختتامی دعا مکرم موسیٰ میوا صاحب امیر جماعت احمدیہ سیرالیون نے کروائی۔ ریفریشر کورس کی نگرانی و انتظامی امورکا کام خاکسار (مبلغ سلسلہ)نے سرانجام دیا۔ ریفریشر کورس کی حاضری ۲۵؍تھی۔
امسال پہلا ریفریشر کورس سرکٹ و مقامی معلّمین فری ٹاؤن میں منعقد ہوا۔ یہ دوروزہ پروگرام تھا جس میں معلّمین نے خوب دلچسپی دکھائی اور نوٹس بھی تیار کرتے رہے۔ ریفریشر کورس میں لیکچرز ہوئے۔ ہر لیکچر کے بعد سوال و جواب کا وقت دیا گیا۔ پہلے روز بعد نماز مغرب، مجالس سوال و جواب منعقد ہوئیں۔

دوسرے روزکا آغاز تہجد، نمازفجر اور درس سے ہوا۔ دوسرے روز کے پہلے اجلاس میں بھی لیکچرز ہوئے۔ گاہے بگاہے راہنمائی کے ليے سینئر مبلغین اپنے تجربات بیان کرتے رہے۔ مکرم مبلغ انچارج صاحب ہمہ وقت ریفریشر کورس میں موجود رہے اور لیکچرز کے اختتام پر معلومات میں اضافہ کرتے رہے۔ ریفریشر کورس میں حضرت مسیح موعودؑ کی دو کتابیں بطور نصاب رکھی گئی تھیں ان کتب میں’’الوصیت‘‘ اور ’’گناہ سے نجات کیوں کر مل سکتی ہے‘‘ شامل تھیں جس کا باقاعدہ امتحان لیا گیا۔ ہر لیکچرار کو پچاس منٹ دیے گئے، جس میں تیس منٹ کا لیکچر اور بیس منٹ سوال وجواب کے ليے دیے گئے۔ اختتامی دعا سے یہ پروگرام اختتام پذیر ہوا۔

٭…ساؤتھ ریجن کو ۹و۱۰؍مئی ۲۰۲۶ء کو جامع مسجد ناصر، بو میں دو روزہ ریفریشر کورس منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ
ریفریشر کورس کا افتتاح مکرم مبلغ انچارج صاحب سیرالیون نے کیا جبکہ اختتامی دعا مکرم امیر صاحب سیرالیون نے کروائی۔ اس تربیتی ریفریشر کورس میں ۲۸؍معلّمین سمیت کل ۳۰؍افراد نے شرکت کی۔
دونوں روز باجماعت نماز تہجد کا اہتمام کیا گیا۔ شرکاء نے سیرالیون میں جماعت کے اولین مبلغ حضرت مولانا نذیراحمدعلی صاحب کی قبر پر دعا کی۔
٭… اسی طرح مورخہ ۱۲و۱۳؍مئی کو ایسٹرن ریجن میں ریفریشر کورس کا انعقاد ہوا۔ مکرم حافظ صلاح الدین صاحب ریجنل مبلغ ایسٹ ریجن لکھتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے احمدیہ مسجد، کینیما میں ایسٹ ریجن کے مبلغین، معلّمین اور ائمہ کرام کا دو روزہ ریفریشر کورس منعقد ہوا۔
پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ مکرم مبلغ انچارج صاحب نے افتتاحی تقریر میں واقفین زندگی کو ان کی ذمہ داریوں اور فرائض کی طرف توجہ دلائی۔ بعد ازاں مختلف اہم تربیتی اور تبلیغی موضوعات پر لیکچرز دیے گئے۔
دوپہر کے بعد سوال و جواب کی نشست منعقد ہوئی جس میں شرکاء نے مختلف امور سے متعلق سوالات کیے۔ نماز مغرب کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی مشنریز کے نام ہدایات پر مشتمل ویڈیو دکھائی گئی۔
دوسرے روز نماز تہجد، درس اور صبح کی سیر کے بعد اجلاس کا آغاز ہوا۔ مکرم مبلغ انچارج صاحب نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات سے اقتباسات پیش کیے جس کے بعد مزید لیکچرز اور سوال و جواب کی نشستیں ہوئیں۔ مجموعی طور پر ۱۴؍مقررین نے مقررہ موضوعات پر اظہار خیال کیا۔
الحمدللہ، پروگرام نماز ظہر کے بعد اختتام پذیر ہوا۔ شرکاء کو دوپہر کا کھانا پیش کرنے کے بعد ان کے متعلقہ حلقہ جات کی طرف روانہ کیا گیا۔ کل حاضری ۲۷؍تھی۔
٭…مکرم ملک قاسم احمد صاحب ریجنل مبلغ نارتھ ویسٹ لکھتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے خاص فضل کے ساتھ مورخہ ۱۶و۱۷؍مئی ۲۰۲۶ء بمقام پورٹ لوکو سرکٹ مشنریز کا ریفریشر کورس منعقد ہوا۔ نارتھ ویسٹ ریجن تین ڈسٹرکٹس پورٹ لوکو، کامبیا اور کارینے پر مشتمل ہے اور اس ریجن میں سنٹرل اور ۴۴؍سرکٹ مشنریز کام کر رہے ہیں۔ ریفریشر کورس میں ایسے عناوین بھی رکھے گئے جو علاقہ/ریجن کے حوالہ سے بھی اہم تھے۔
ریفریشر کورس کا آغاز مورخہ ۱۶؍مئی کو قرآن کریم کی تلاوت سے ہوا۔ مکرم مبلغ انچارج سیرالیون نے اپنی افتتاحی تقریر میں مشنریز کو خلافت سے مضبوط تعلق پیدا کرنے کی طرف توجہ دلائی اس کے بعد مختلف تربیتی موضوعات پر لیکچرز دئیے گئے، ہر لیکچر کے بعد سوالات کا موقع دیا گیا، نمازوں اور کھانے کے وقفے کے بعد لیکچرز کا سلسلہ نماز مغرب و عشاء تک جاری رہا۔
دوسرے دن کا آغاز نماز تہجد باجماعت، نماز فجر اور درس کے ساتھ ہوا ناشتہ کے بعد ریفریشر کورس کا آغاز کیا گیا اور مقررہ عنوانات پر لیکچرز دیے گئے۔ ریفریشر کورس کے اختتام پر مکرم امیر صاحب نے اپنی اختتامی تقریر میں تمام مشنریز کو وقف کی اہمیت اور ذمہ داریوں نیز اعلیٰ اخلاق کی طرف توجہ دلائی۔ دعا کے ساتھ پروگرام کا اختتام ہوا۔
اس ریفریشر کورس میں کل حاضری ۵۱؍رہی جن میں ۴۴؍سرکٹ مشنریز ۳؍معلّمین اور ۴؍سنٹرل مشنریز شامل تھے۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
٭…مکرم میر وسیم الرشید صاحب ریجنل مبلغ نارتھ لکھتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے نارتھ ریجن میں یکم و ۲؍جون کو احمدیہ مسجد مکینی میں سرکٹ مشنریز اور لوکل معلّمین کے لیے دو روزہ ریفریشر کورس منعقد ہوا۔
ریفریشر کورس کا باقاعدہ آغاز یکم جون بروز سوموار تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا۔ مکرم مبلغ انچارج صاحب نے افتتاحی تقریر میں مشنریز کو ان کے منصب اور ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلاتے ہوئے خلافت احمدیہ سے مضبوط تعلق، افراد جماعت میں محبت، خلافت کے فروغ اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطبات سے مسلسل راہنمائی حاصل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
بعد ازاں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی مشنریز کے نام ہدایات پر مشتمل ویڈیو دکھائی گئی اور شرکاء کو اس میں بیان کردہ اہم نکات پر غور و عمل کی تلقین کی گئی۔ مختلف موضوعات پر لیکچرز پیش کیے گئے اور ہر لیکچر کے بعد سوال و جواب کا موقع فراہم کیا گیا۔
نماز عشاء کے بعد حضرت مسیح موعودؑ کی کتب کے مطالعہ کی اہمیت پر خصوصی نشست منعقد ہوئی جس میں ذاتی مطالعہ اور ذاتی لائبریریوں کے قیام کی ترغیب دی گئی۔
دوسرے روز نماز تہجد، فجر اور درس کے بعد آخری اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف مشنریز نے اپنے موضوعات پر لیکچرز پیش کیے۔ اختتامی تقریر میں مکرم مبلغ انچارج صاحب نے مشنریز کو تقویٰ، خلافت سے وابستگی، علمی ترقی اور تبلیغی میدان میں فعال کردار ادا کرنے کی نصیحت کی۔
اجتماعی دعا اور تصاویر کے بعد پروگرام اختتام پذیر ہوا۔ کل حاضری ۲۱؍تھی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
ان ریفریشر کورسز میں درج ذیل موضوعات پر لیکچرز ہوئے: وقف زندگی کی برکات، دعاؤں کے ذریعے اللہ تعالیٰ سے تعلق کو مضبوط بنانا، ذاتی کردار اور اپنے نفس کا محاسبہ، خلافت احمدیہ سے محبت، اطاعت اور وفاداری، حضرت مسیح موعودؑ کی کتب کا مطالعہ، مالی معاملات میں اللہ تعالیٰ کے حضور جوابدہی، معاشرے میں نیکی اور حیا کے قیام میں مبلغ کا کردار، رشتہ ناطہ کے معاملات، حضرت مسیح موعودؑ پر مخالفین کے اعتراضات کے جواب، جماعت احمدیہ میں مشاورت کا نظام، حضرت مسیح موعودؑ کی صداقت، وفات مسیح، ختم نبوت، سیرا لیون میں عیسائیت، خلفائے احمدیت کی طرف سے مبلغین کے لیے ہدایات، حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی جانب سے ارسال کردہ متفرق موضوعات (اسلامی جہاد، اپنے ملک سے وفاداری، معاشرتی Integration، پردہ، ہم جنس پرستی، شراب اورسؤرکھانے کے کی ممانعت اور ان کے نقصانات)۔
اللہ تعالیٰ ان ریفریشر کورسز کے بابرکت نتائج پیدا فرمائے اور ہمیں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہدایات کی روشنی میں مقبول خدمت دین کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ:سید سعید الحسن شاہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: نارتھ ریجن، آئیوری کوسٹ کا پہلا ریجنل اجتماع لجنہ اماءاللہ و ناصرات الاحمدیہ




