اطلاعات و اعلانات

اطلاعات واعلانات

نوٹ: اعلانات صدر؍ امیر صاحب حلقہ؍جماعت کی تصدیق کے ساتھ آنا ضروری ہیں

سانحہ ارتحال

عبدالقیوم پاشا صاحب امیر و مبلغ انچارج آئیوری کوسٹ تحریر کرتے ہیں کہ مورخہ ۹؍جون۲۰۲۶ء بروزمنگل زکریا وترا صاحب معلم سلسلہ جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ طویل علالت کے بعد بعمر ۶۱؍سال بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اناللہ و انا الیہ راجعون۔ اگلے روز مورخہ ۱۰؍جون کو عبدالسلام طورے صاحب مبلغ سلسلہ نے نماز جنازہ پڑھائی جس کے بعد ایسیا(Issia) شہر کے مقامی قبرستان میں تدفین عمل میں آئی۔ مرحوم نے سوگواران میں بیوہ، بیٹا اور تین بیٹیاں چھوڑی ہیں۔

مرحوم کا مکمل نام Kouassi Komenan Yao Djakaria تھا اور ذات وترا(Ouattara) تھی۔ آپ کی ولادت اگست ۱۹۶۵ء میں آئیوری کوسٹ کے ایک گاؤں Konandi n’Dakro میں ہوئی۔ بچپن میں آگوویل(Agboville) میں دینی تعلیم حاصل کی اور بعد ازاں Gomon گاؤں میں اپنے طور پر بطور مقامی معلم پڑھاتے رہے۔ ۱۹۹۵ء میں مکرم عبدالرحمان وترا (Dramane Ouattara) صاحب معلم سلسلہ کے ذریعہ مع اپنی اہلیہ کے بیعت کر کے جماعت احمدیہ میں داخل ہوئے۔ بیعت کے ایک سال بعد ہی ۱۹۹۶ء میں آبید جان شہر میں واقع اُس وقت کے جماعتی سینٹر آجامے(Adjamé) میں آکر معلم سلسلہ کا کورس مکمل کیا جس کے بعد آپ کی ابتدائی تقرری اومے(Oumé) ریجن میں ہوئی بعدازاں ابنگرو (Abengourou) اور پھر ۲۰۰۹ء سے ریٹائرمنٹ تک ایسیا ریجن میں خدمت بجا لاتے رہے۔ ایک لمبا عرصہ آپ کو ایسیا میں بطور ریجنل مبلغ سلسلہ خدمت کی توفیق ملی۔ جبکہ بعد ازاں اس ریجن میں وقتاً فوقتاً مختلف مرکزی مبلغین کرام کی تقرری کےساتھ ہی غازیبو جماعت میں بطور معلم سلسلہ خدمت کرتے رہے۔ آپ کو کچھ عرصہ قبل ذیابیطس کی بیماری لاحق ہوئی تھی جس نے ایک وقت میں کافی زیادہ شدت اختیار کرلی جس کی وجہ سے ایک پاؤں کافی حد تک خراب ہو گیا جو بعد ازاں علاج کے ذریعہ قدرے بہتر ہو گیا تھا۔ تاہم اپنی ریٹائرمنٹ تک بطورمعلم سلسلہ، غازیبو گاؤں میں خدمت انجام دیتے رہے۔ ۲۰۲۶ء میں ریٹائرمنٹ کے ساتھ ہی ایسیا شہر میں واقع جماعتی مشن ہاؤس کے پاس منتقل ہوگئے۔ خرابی صحت کے باوجود بھی باقاعدگی سے نماز جمعہ کی ادائیگی کے ليے احمدیہ مسجد آتے رہے۔ مرحوم ایک پُرجوش داعی الیٰ اللہ تھے۔ آپ کے ذریعہ ایک کثیر تعداد احمدیت میں داخل ہوئی۔ عبدالنور صاحب مبلغ سلسلہ لکھتے ہیں کہ آئیوری کوسٹ آنے کے بعد پہلی مرتبہ ایسیا ریجن میں تقرری ہوئی تو دورہ کے دوران ان کی جماعتی محبت اور اطاعت کا نمونہ دیکھا۔ باوجود یکہ عمر میں بہت بڑافرق تھا۔ لیکن مکمل اطاعت دکھاتے تھے اور جماعتی کام کے ليے ہر وقت حاضر رہتے تھے۔

مرحوم کے جنازہ میں شرکت کے ليے دیگر احباب کے ساتھ مرکزی طور پر وارث علی صاحب مبلغ سلسلہ، محمد اعجاز صاحب مبلغ سلسلہ اور سینا کولیبالی صاحب معلم سلسلہ نے بھی شرکت کی۔

اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند کرے اور ان کی اولاد کو بھی ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے جماعت سےایک مضبوط تعلق قائم رکھنے کی توفیق عطا کرتا جائے۔ آمین(مرسلہ:عبدالنور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل آئیوری کوسٹ)

اعلان ولادت

ڈاکٹر انس احمد رشید صاحب سویڈن سے تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل سے ۲۷؍جون ۲۰۲۶ء کو خاکسار کی صاحبزادی عزیزہ طوبیٰ سجیلہ اور عزیزم جاہد اللہ آف مالمو کو بیٹے سے نوازا ہے۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

نومولود، ڈاکٹر رشید احمد صاحب مرحوم (نیبرو، کالمار) کا پڑنواسہ، چودھری نثار احمد صاحب مرحوم (شاہین آباد) کا پڑپوتا اور مکرم چودھری احسان اللہ واہلہ صاحب آف مالمو کا پوتا ہے۔

احباب جماعت سے نومولود کی درازیٔ عمر، نیز اس کے نیک، صالح، خادم دین اور قرة العین ہونے کے لیے دعا کی درخواست ہے۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

یہ بھی پڑھیں
Close
Back to top button