از مرکزجلسہ سالانہیورپ (رپورٹس)

تازہ ترین: خدا تعالیٰ کی مدد و توفیق نہ بھولیں اور اس کے لیے ہمیشہ دعا کرتے رہیں (خلاصہ خطاب معائنہ انتظامات جلسہ سالانہ برطانیہ ۲۰۲۶ء )

٭…ہمیشہ آپ کے چہروں پر مسکراہٹ رہنی چاہیے۔ ہر کارکن، ہر شعبے میں، مسکراتے ہوئے کام کرے

٭…کوئی ایسا واقعہ پیش نہ آئے جس سے کسی قسم کا بھی نقصان ہونے کا احتمال ہو

(۲۳؍جولائی ۲۰۲۶ء، نمائندگان الفضل انٹرنيشنل) اللہ تعالی کے فضل سے کل سے جماعت احمدیہ برطانيہ کے ۶۰ ويں جلسہ سالانہ کا آغاز ہورہا ہے۔ امير المومنين حضرت خليفۃ المسيح الخامس ايدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزيز نے آج حديقۃ المہدي، آلٹن ميں تشريف لاکر کارکنان جلسہ سالانہ سے خطاب فرمايا۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ ۸ بج کر۱۱ منٹ پر جلسہ گاہ ميں رونق افروز ہوئے۔ جونہی حضور انور جلسہ گاہ ميں رونق افروز ہوئے عشاق خلافت نے پُرتپاک نعروں کے ساتھ حضور انور کا استقبال کيا۔

حضور انور کے کرسئی صدارت پر رونق افروز ہونے کے بعد تقريب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کريم سے ہوا۔ عزيزم ماہد احمد طالبعلم جامعہ احمديہ يوکے نے سورة النحل کي آيت۴۲ تا۴۵کی تلاوت کی جس کے بعد عزیزم ناصر احمد اوسو کوناڈو طالبعلم جامعہ احمدیہ یوکے نےمتلو آیات کا ترجمہ پيش کيا۔ اس کے بعد حضور انورايدہ اللہ تعالیٰ نےآٹھ بج کر ۱۸ منٹ پر خطاب فرمايا۔

خلاصہ خطاب حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ

تشہد، تعوذ اور تسمیہ کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ حسب روایت آج کارکنان جلسہ سالانہ کے ساتھ یہ مجلس ہے۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے اب دنیا میں ہر جگہ اور خاص طور پر برطانیہ میں جلسہ سالانہ کے کارکنان بہت حد تک ایسی تربیت حاصل کر چکے ہیں کہ جو بڑے سے بڑے اجتماع کو بھی آسانی سے سنبھال سکیں۔

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ ہر سال اللہ تعالیٰ کے فضل سے مہمانوں کی تعداد بڑھ رہی ہے اور مہمانوں کی تعداد بڑھنے کے باوجود عموماً مہمان اس بات پر خوشی کا اظہار کرتے ہیں کہ ہماری بہت اچھے رنگ میں مہمان نوازی کی گئی۔اس لیے

آپ لوگ جو اپنے آپ کو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے مہمانوں کی خدمت کے لیے پیش کرتے ہیں، ہمیشہ یاد رکھیں کہ یہ جو تاثر ایک دفعہ قائم ہوگیا ہے، یہ کبھی کم نہ ہو بلکہ بڑھتا جائے۔ اور مجھے امید ہے، ان شاء اللہ تعالیٰ، بڑھتا رہے گا۔

حضور انور نے کارکنان کو توجہ دلاتے ہوئے فرمایا کہ کھانا پکانے کے کارکنان ہیں، کھانا کھلانے کے کارکنان ہیں، سیکیورٹی کے کارکنان ہیں، مختلف شعبوں کے کارکنان ہیں، پارکنگ وغیرہ کے کارکنان ہیں، سب اپنے آپ کو عمدہ رنگ میں ڈیوٹی کے لیے پیش کرنے والے ہیں اور امید ہے آئندہ بھی پیش کریں گے۔

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ ایک بات میں ہمیشہ توجہ دلاتا ہوں، وہ یہ ہے کہ کام کی وجہ سے ایک بوجھ کی وجہ سے، ڈیوٹی کا بھی بڑا بوجھ ہوتا ہے، بعض دفعہ مزاج میں چڑچڑاپن آ جاتا ہے۔ لیکن ہمارے کسی کارکن کی ایسی صورت نہیں ہونی چاہیے۔

ہمیشہ آپ کے چہروں پر مسکراہٹ رہنی چاہیے۔ ہر کارکن، ہر شعبے میں، مسکراتے ہوئے کام کرے۔

سیکیورٹی کا کام گو بڑا سنجیدہ ہے، ڈسپلن کا کام بھی بڑا سنجیدہ ہے، لیکن آپ لوگوں نے مسکراتے ہوئے لوگوں کو توجہ دلانی ہے۔ اگر کسی کو خاموش کرانا ہے، یا ڈسپلن کی طرف آگاہی کرنی ہے، یا حفاظت کے لیے کسی کو چیک کرنا ہے، تو ہمیشہ مسکراتے چہرے کے ساتھ، نرمی کے ساتھ۔

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ ان دنوں میں خاص طور پر خشک موسم ہے۔ گھاس بھی خشک ہے۔ اس لیے خاص طور پر ہر کارکن کو یہ احتیاط کرنی چاہیے کہ کوئی ایسا حادثہ پیش نہ آئے جہاں کسی بھی قسم کی آگ لگنے کا خطرہ ہو۔

حضور انور نے توجہ دلاتے ہوئے فرمایا کہ پارکنگ کے کارکنان ہیں، وہ دیکھتے رہیں کہ بعض دفعہ پرانی گاڑیاں آتی ہیں، ان کے انجن بڑے گرم ہوتے ہیں، اور خشک گھاس اگر اونچا ہے تو وہاں آگ لگنے کا خطرہ ہو سکتا ہے۔ تو وہاں ہر کار جو آئے، گو کہ ہزاروں کی تعداد میں آتی ہیں، لیکن ہمارے کارکن بھی سینکڑوں اور ہزاروں میں ہیں، ان کو چاہیے کہ صحیح طرح نگرانی رکھیں۔

کوئی ایسا واقعہ پیش نہ آئے جس سے کسی قسم کا بھی نقصان ہونے کا احتمال ہو۔

اسی طرح بازار میں ڈیوٹی دینے والے ہیں، وہ بھی بازار والوں کو سمجھاتے رہیں، دکانداروں کو بھی کہ بعض دفعہ پکانے والے جو ہیں، اسٹال لگتے ہیں، کھانے کی دکانیں لگتی ہیں، ان میں بے احتیاطی کی جاتی ہے، تو آگ کی چنگاریوں سے بہت زیادہ بچنے کی ضرورت ہے۔

کسی بھی قسم کی ہلکی سی چنگاری بھی پیدا نہیں ہونی چاہیے۔ موسم کے لحاظ سے بہت احتیاط کی ضرورت ہے، اور اب تو حکومت بھی وارننگ دے رہی ہے اس بارے میں۔

پس یہ بڑا اجتماع ہے۔ اس میں ہم ان چھوٹی چھوٹی باتوں کا خیال رکھیں گے، جو بظاہر چھوٹی ہیں، لیکن کسی حادثے کی وجہ بن سکتی ہیں اس لیے بہت احتیاط سے آپ لوگوں نے نگرانی رکھنی ہے۔ اور سیکیورٹی کے لیے بھی خاص طور پر خیال رکھیں۔ مسلمانوں کے خلاف تو آج کل ویسے ہی فضا ہے اور احمدیوں کے خلاف تو دونوں طرف سے بعض دفعہ خطرہ ہوتا ہے۔ اس لیے سیکیورٹی والے بہت زیادہ ہوشیار رہیں۔ بہت زیادہ نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔ بیگوں وغیرہ کو سکیننگ پر چیک کرنا، اس کے بعد بھی دیکھتے رہنا، یہ ساری چیزیں۔

آخر میں حضور انور نے فرمایا کہ

سب سے بڑھ کر یہ کہ خدا تعالیٰ کی مدد و توفیق نہ بھولیں اور اس کے لیے ہمیشہ دعا کرتے رہیں۔ اللہ سے مدد چاہیں کہ اللہ تعالیٰ آپ کی مدد فرمائے اور ہر کام آپ احسن رنگ میں انجام دے سکیں، اور کسی بھی قسم کا ایسا واقعہ نہ ہو جو کسی بھی طرح، ہلکے سے بھی، نقصان کا باعث بنے۔

اللہ تعالیٰ آپ سب کو احسن رنگ میں کام کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا خطاب آٹھ بج کر ۲۴ منٹ تک جاری رہا جس کے بعد حضورِ انور نے دعا کروائی۔

ياد رہے کہ حضور انور ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزيز نے ڈيوٹيوں کي افتتاحی تقريب سے قبل مردانہ جلسہ گاہ ميں قائم مختلف شعبہ جات کا معائنہ بھي فرمايا جس میں لنگر خانہ، روٹی پلانٹ، سٹور ، ہیلتھ اینڈ سیفٹی کے علاوہ جلسہ سالانہ پر لگنے والی مختلف نمائشوں کا بھی معائنہ شامل تھاجس کے دوران حضورِ انور نے منتظمین سے مختلف امور دریافت فرمائے اور ہدایات سے نوازا ۔

اسی طرح مردانہ جلسہ گاہ میں تقریب کے بعد حضورا نور ایدہ اللہ تعالیٰ جلسہ گاہ مستورات میں تشریف لے گئے جہاں کارکنات سے خطاب فرمایا اور انہیں ہدیات سے نوازا۔ بعد ازاں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے حدیقۃ المہدی میں قائم ایم ٹی اے انٹرنیشنل کے کمپلیکس کا بھی معائنہ فرمایا۔

٭…٭…٭

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button