یورپ (رپورٹس)

نارڈک ممالک کے مبلغین سلسلہ کے ریفریشر کورس کا انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل سے نارڈک ممالک یعنی ناروے، سویڈن، ڈنمارک، فن لینڈ اور آئس لینڈ کے مبلغین کرام کا ریفریشر کورس مورخہ ۱۱تا ۱۴؍مئی ۲۰۲۶ء مسجد محمود، مالمو، سویڈن میں مکرم محمد زکریا خان صاحب امیر و مشنری انچارج ڈنمارک کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اس ریفریشر کورس میں کُل ۱۶؍مبلغین کرام نے شرکت کی توفیق پائی۔

تمام مبلغین کو ان کے سپرد کردہ مقالات کے موضوعات قریباً ایک ماہ قبل ارسال کر دیے گئے تھے۔ چار روزہ کورس کے دوران مجموعی طور پر ۱۴؍سیشنز منعقد ہوئے جن میں مبلغین کرام نے مختلف موضوعات پر اپنے مقالات پیش کیے۔ ہر مقالے کے بعد سوال و جواب اور علمی تبادلۂ خیال کا سلسلہ بھی جاری رہا جس میں تمام مبلغین نے بھرپور حصہ لیا۔ اس کے نتیجے میں نہایت مفید اور علمی گفتگو ہوئی اور مزید تحقیق طلب امور کی بھی نشاندہی ہوئی۔

امسال ریفریشر کورس میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی مختلف مواقع پر مبلغین سلسلہ کے لیے ارشاد فرمودہ ہدایات کو خصوصی طور پر موضوعات میں شامل کیا گیا۔ دوران کورس درج ذیل عناوین پر مقالات پیش کیے گئے: جامعہ احمدیہ یوکے کی تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطابات (۲۰۱۸ء، ۲۰۱۹ء، ۲۰۲۳ء، ۲۰۲۴ء اور ۲۰۲۵ء)، بنیادی مسائل کے جوابات (۲۰۲۶ء)، جرمنی، برطانیہ، امریکہ اور کینیڈا کے مبلغین کے ساتھ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی مختلف ملاقاتیں (۲۰۲۱ء، ۲۰۲۳ء، ۲۰۲۴ء اور ۲۰۲۶ء)، ڈینش ترجمۃالقرآن اور حواشی پر اعتراضات اور ان کے جوابات، یہوواہ وٹنس (Jehovah’s Witnesses) کے عقائد، مورمن ازم (Mormonism)میں وقف کی تحریکات اور اسلام، تصوف اور عصر حاضر کا صوفی ازم۔

علاوہ ازیں نوجوانوں میں غیراز جماعت شادیوں کے بڑھتے ہوئے رجحانات اور اس کے نقصانات کے موضوع پر بھی ایک مفصل مباحثہ منعقد ہوا۔

امسال مکرم مامون الرشید صاحب امیر جماعت احمدیہ سویڈن کی درخواست پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہ شفقت مبلغین کرام کو مقامی جماعت کے گھروں کے دورہ جات اور مالمو میں مقیم مقامی و نیشنل عاملہ کے اراکین کی راہنمائی کے لیے خصوصی اجازت عطا فرمائی۔

اس سلسلہ میں مکرم ظہیر احمد چودھری صاحب نیشنل سیکرٹری تربیت، مکرم نجم الحق صاحب صدر جماعت مالمو اور مکرم محمد داؤد خان صاحب سیکرٹری تربیت مالمو نے ۳۰؍سے زائد گھروں میں مربیان کے دورہ جات کا پروگرام ترتیب دیا۔ اس منصوبے کے تحت مربیان کو دو، دو افراد کے گروپس میں تقسیم کیا گیا اور وہ روزانہ شام پانچ بجے مختلف گھروں میں احباب جماعت سے ملاقات اور تربیتی نشستوں کے لیے جاتے رہے۔

اسی طرح کورس کے آخری روز مسجد محمود میں ایک تربیتی و تبلیغی پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں مقامی احباب جماعت جبکہ جماعت احمدیہ سویڈن کے دیگر احباب نے آن لائن شمولیت اختیار کی۔ اس پروگرام کے لیے حاضرین کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا۔ ایک گروپ ۱۵تا ۳۰؍سال عمر کے نوجوانوں پر مشتمل تھا جبکہ دوسرا گروپ ۳۱؍سال یا اس سے زائد عمر کے احباب پر مشتمل تھا۔ دونوں گروپس کے لیے علیحدہ علیحدہ نشستوں کا اہتمام کیا گیا۔

پروگرام کے اختتام پر احباب جماعت کی کھانے سے تواضع کی گئی۔

اللہ تعالیٰ تمام شاملین، منتظمین اور معاونین کو بہترین جزائے خیر عطا فرمائے اور اس ریفریشر کورس کے بابرکت نتائج کو دیرپا اور جماعتی ترقیات کا موجب بنائے۔ آمین

(رپورٹ: رضوان احمد افضل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button