کھیل کی دنیا

کامن ویلتھ گیمز گلاسگو ۲۰۲۶: اختتامی تقریب، تاریخی کامیابیاں اور امن و اخوت کا شاندار پیغام (آخری قسط)

(تحریر: ارشد محمود خاں۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل، سکاٹ لینڈ)

سکاٹ لینڈ کے تاریخی اور زندہ دل شہر گلاسگو میں ۲۰۲۶ ء کے دولتِ مشترکہ کھیل (کامن ویلتھ گیمز) ۱۱۱ روز تک جاری رہنے والے مقابلوں اورریکارڈ ساز کارکردگیوں اور شائقین کے بے پناہ جوش و خروش کے بعد ۲ اگست ۲۰۲۶ ء کی شام ایک شاندار اور رنگارنگ اختتامی تقریب کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئے۔

اس ۱۱ روزہ عالمی میلے نے دنیا بھر سے آئے ہوئے ہزاروں کھلاڑیوں، لاکھوں شائقین اور ناظرین کو کھیلوں کی محبت، باہمی احترام اور امنِ عالم کے ایک پلیٹ فارم پر یکجا کر کے تاریخ کے صفحات پر ایک نیا اور روشن باب رقم کر دیا ہے۔۷۴ممالک و علاقوں کے تقریباً تین ہزار کھلاڑیوں نے دس کھیلوں میں ۲۱۵ طلائی تمغوں کے لیے مقابلہ کیا۔

میڈل ٹیبل

مصدقہ اعداد و شمار کے مطابق حتمی نتائج یوں رہے:

آسٹریلیا نے تیراکی، ٹریک سائیکلنگ اور 3X3 باسکٹ بال میں غلبہ برقرار رکھتے ہوئے سرفہرست پوزیشن حاصل کی۔ جنوبی افریقہ کے تیراک چاڈ لی کلوس کامن ویلتھ گیمز کی تاریخ کے سب سے زیادہ تمغے جیتنے والے کھلاڑی بن گئے (کل 21 تمغے)۔

قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ لاگت کم کرنے کی خاطر منتظمین نے اس بار کشتی (ریسلنگ)، بیڈمنٹن، ہاکی، کرکٹ، ٹیبل ٹینس، اسکواش سمیت نو کھیل مکمل طور پر پروگرام سے خارج کر دیے تھے — گیمز صرف دس کھیلوں تک محدود رہیں: ایتھلیٹکس، تیراکی، ٹریک سائیکلنگ، ویٹ لفٹنگ، 3X3 باسکٹ بال، بولز، نیٹ بال، آرٹسٹک جمناسٹکس، جوڈو اور باکسنگ (بشمول پیرا مقابلے)۔

پاکستان کی کارکردگی: ایک تلخ حقیقت

پاکستان کے لیے یہ گیمز خوش کن نہیں رہیں۔ ۲۱ رکنی پاکستانی دستے نے چھ کھیلوں میں حصہ لیا، لیکن پورے ٹورنامنٹ میں صرف ایک ہی تمغہ جیتا جا سکا — یہ ۳۶ سال میں پاکستان کی بدترین کامن ویلتھ کارکردگی قرار پائی (اس سے کمزور صرف آکلینڈ ۱۹۹۰ء میں کارکردگی رہی تھی، جب پاکستان کوئی تمغہ نہ جیت سکا تھا)۔

یہ واحد تمغہ ۲۲ سالہ باکسر فاطمہ زہرا نے خواتین کے ۶۰ کلوگرام باکسنگ زمرے میں کانسی کے تمغے کی صورت میں جیتا — جو پاکستان کی تاریخ میں کامن ویلتھ گیمز میں کسی خاتون باکسر کا پہلا تمغہ ہے اور باکسنگ میں پاکستان کا ۱۲ سال بعد پہلا تمغہ بھی۔ فاطمہ سیمی فائنل میں کینیڈا کی مریم البحطول الاحمدیہ سے شکست کھا گئیں، مگر مقابلے کے فارمیٹ کے تحت دونوں سیمی فائنل ہارنے والوں کو کانسی کا تمغہ ملتا ہے۔ فاطمہ زہرا کو اختتامی تقریب میں پاکستانی دستے کی پرچم بردار مقرر کیا گیا۔

اولمپک چیمپئن ارشد ندیم، جن سے تمغے کی توقع تھی، جیولن تھرو فائنل میں پہلے تین راؤنڈز کے بعد ہی باہر ہو گئے (بہترین تھرو 77.41 میٹر، نواں نمبر)۔ سونے کا تمغہ سری لنکا کے رومیش تھرنگا پتھیراج نے 89.75 میٹر کی شاندار تھرو سے جیتا — یہ ایتھلیٹکس میں سری لنکا کا پہلا کامن ویلتھ طلائی تمغہ تھا۔ بھارت کے نیرج چوپڑا نے 85.83 میٹر کے ساتھ چاندی، جبکہ ان کے ہم وطن یش ویر سنگھ نے 85.41 میٹر کے ساتھ کانسی کا تمغہ جیتا۔

بھارت: چوتھی پوزیشن، باکسنگ میں تاریخی کامیابی

بھارت نے ۱۲۲ رکنی دستے کے ساتھ حصہ لیا اور ۱۳ سونا، ۱۷ چاندی، ۹ کانسی سمیت کل ۳۹ تمغوں کے ساتھ چوتھی پوزیشن حاصل کی — یہ پوزیشن برمنگھم ۲۰۲۲ء جیسی ہی رہی، اگرچہ اس بار بھارت کے روایتی مضبوط کھیل (کشتی، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، ہاکی) پروگرام میں شامل ہی نہیں تھے۔ باکسنگ بھارت کا سب سے کامیاب کھیل رہا: سات طلائی سمیت دس تمغے — کسی بھی ملک کی جانب سے ایک ہی کامن ویلتھ گیمز میں باکسنگ میں جیتے گئے سب سے زیادہ طلائی تمغے۔ اسمیتا دے اور ہرش سنگھ نے جوڈو میں بھارت کے پہلے کامن ویلتھ طلائی تمغے جیتے۔ ویٹ لفٹر میرا بائی چانو نے مسلسل تیسری بار طلائی تمغہ جیت کر تاریخ رقم کی۔

اختتامیہ

ڈیوک آف ایڈنبرا شہزادہ ایڈورڈ، جو کامن ویلتھ اسپورٹ کے نائب سرپرست ہیں، نے باضابطہ طور پر گیمز کے اختتام کا اعلان کیا اور کامن ویلتھ پرچم بھارت کے حوالے کیا، جو ۲۰۳۰ ء میں احمد آباد میں ۲۴ویں گیمز کی میزبانی کرے گا۔سکیل میں کمی اور کئی مقبول کھیلوں کی عدم موجودگی کے باوجود، گلاسگو ۲۰۲۶ء نے کھیلوں کے میدان میں محنت، ضبطِ نفس اور باہمی احترام کی روایت کو زندہ رکھا۔ فاطمہ زہرا جیسی نوجوان کھلاڑی کی جدوجہد اس بات کی علامت ہے کہ مشکل حالات میں بھی امید اور عزم کا دیا روشن رہتا ہے — اور یہی جذبہ کھیلوں کی اصل روح ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button