مجلس انصاراللہ علاقہ ہیسن ٹاونس، جرمنی کا سالانہ اجتماع ۲۰۲۶ء
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس انصاراللہ علاقہ ہیسن ٹاونس، جرمنی کو اپنا سالانہ اجتماع ۲۸؍جون ۲۰۲۶ء بروز اتوار Niedernhausen میں ’’الخیر کلہٗ فی القرآن‘‘ کے مرکزی موضوع پر کامیابی کے ساتھ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

علاقہ ہیسن تنظیمی اعتبار سے ۲۰؍مجالس، چار زونز اور ۷۳۷؍کی کُل تجنید پر مشتمل ہے۔
۲۸؍جون کو رجسٹریشن کے بعد شرکاء کے لیے ناشتے کا انتظام کیا گیا۔ تقریباً پونے دس بجے مکرم بشیر احمد ریحان صاحب صدر مجلس انصاراللہ جرمنی، ہمراہ مکرم محمود احمد خان صاحب نائب صدر، مقام اجتماع پر تشریف لائے۔ پرچم کشائی اور دعا کے بعد ترانہ پیش کیا گیا جس کے بعد افتتاحی اجلاس منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، نظم اور عہد کے بعد مکرم صدر صاحب نے اپنی افتتاحی تقریر میں انصار کو ان کی بنیادی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلاتے ہوئے نہایت اہم تربیتی نصائح پیش کیں۔ افتتاحی تقریب میں ۲۲۵؍انصار نے شرکت کی۔
تقریباً ۱۱؍بجے علمی و ورزشی مقابلوں کا آغاز ہوا۔ علمی مقابلوں میں حسن قراءت، نظم، اردو و جرمن تقاریر، تقریر فی البدیہ اور مشاہدہ و معائنہ شامل تھے۔ علمی مقابلوں میں ۳۱؍جبکہ مشاہدہ و معائنہ میں ۲۲؍انصار نے حصہ لیا۔ ان مقابلوں میں منصفین کے فرائض مربیان کرام نے انجام دیے۔ ورزشی مقابلوں میں صف اوّل اور صف دوم کے لیے الگ الگ انفرادی مقابلے جن میں ۴۰۰؍اور ۸۰۰؍میٹر دوڑ، ۸۰۰؍میٹر واک اور کلائی پکڑنے کے مقابلے شامل تھے، جبکہ اجتماعی کھیلوں میں فٹ بال، والی بال اور رسہ کشی منعقد ہوئی۔ انفرادی اور اجتماعی کھیلوں میں مجموعی طور پر ۱۵۲؍انصار نے شرکت کی۔
علمی مقابلوں کا ایک حصہ، نمازوں کی ادائیگی اور تلقین عمل کا پروگرام، درختوں کے سائے میں کھلے مقام پر رکھا گیا، جبکہ اسی دوران کھانے کا وقفہ بھی ہوا۔ تلقین عمل کے مقرر مکرم مبارک احمد تنویر صاحب مبلغ انچارج جرمنی تھے، جنہوں نے نمازوں کے بعد انصار کو قرآن کریم سے وابستگی، دینی تربیت اور تنظیمی ذمہ داریوں کے حوالے سے نہایت مؤثر نصائح کیں۔ نمازوں اور تلقین عمل کے پروگرام میں مجموعی حاضری ۳۶۹؍رہی۔
تلقین عمل کے بعد بقیہ علمی مقابلے مکمل کیے گئے۔ شام کے وقت تقسیم انعامات کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں مکرم صدر مجلس انصاراللہ جرمنی نے علمی و ورزشی مقابلوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے انصار میں انعامات تقسیم کیے۔ اس کے بعد دعا کے ساتھ سالانہ تربیتی اجتماع اپنے اختتام کو پہنچا۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک
(رپورٹ: منور علی شاہد۔ منتظم رپورٹنگ)
مزید پڑھیں: مشیری ٹینکل اور بائلور واف (سیرالیون) میں تقریبات آمین کا انعقاد




