لوبومباشی، کانگو کنشاسا میں قرآن مجید اور جماعتی کتب کی نمائش
مکرم محمد ذکی خان صاحب مبلغ سلسلہ Lubumbashiریجن، کانگوکنشاسا تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے کانگو کنشاسا کے ریجن لوبومباشی کی دو مارکیٹس میں قرآن مجید اور جماعتی کتب کی نمائش منعقد کی گئی۔ ۵؍اپریل ۲۰۲۶ء بروز اتوار جماعت لمباشی (Lubumbashi) کے علاقہ Kasapa کے قریب Kamatete مارکیٹ میں اور ۱۱؍اپریل ۲۰۲۶ء بروز اتوار Regit مارکیٹ میں قرآن مجید اور جماعتی کتب کی نمائش لگائی گئی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

علاوہ ازیں فرنچ زبان میں ۲۵۰۰؍ پمفلٹس بھی تقسیم کیے گئے۔ ان کے عناوین درج ذیل تھے: کیا حضرت عیسیٰؑ ۲۵؍دسمبر کو پیدا ہوئے تھے؟، کرسمس کی ابتدا اور یسوع کی صلیبی موت خالصتاً انسانی تخیل کا نتیجہ۔
مزید بر آں فرنچ اور سواحیلی زبان میں جماعتی لٹریچر بھی زائرین نے خریدا۔ نمائش کو تقریباً ۷۱۰؍احباب نے وزٹ کیا اور اسے بہت سراہا۔ اکثر زائرین نے جماعت احمدیہ کے حوالے سے اپنے مختلف سوالات بھی پیش کیے۔
چند احباب کے تاثرات درج ذیل ہیں: Martin Moya صدر مارکیٹ Regit:انہوں نے جماعت کی اس کوشش کو بہت سراہا، کتابوں کو دیکھا اور پمفلٹس کو پڑھا۔

Manila Mayank:نمائش اور پیش کردہ کتب کو بہت پسند کیا خاص طور دس شرائط بیعت بزبان فرنچ اور اسلام میں عورت۔ انہوں نے اسلام میں عورت کے عنوان سے کتاب کو خریدا بھی اور بہت پسند کیا۔
Bayo Sidrick:انہوں نے کہا کہ یہ پہلی دفعہ ہے کہ میں نے مسلمانوں کی طرف سے ایسی شاندار نمائش دیکھی ہے۔ قرآن مجید ترجمہ کو بہت پسند کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے دوسرے مسلمانوں کی طرف سے شائع کردہ تراجم بھی دیکھے ہیں لیکن آپ کا ترجمہ زیادہ بہتر محسوس ہوتا ہے۔
اللہ تعالیٰ ہمیں مقبول خدمت دین کی توفیق عطا فرماتا چلا جائے۔ آمین
(رپورٹ:شاہد محمود خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)




