اسلام آباد، یوکے میں پہلے کمیونٹی فٹ بال کپ کا انعقاد
اسلام آباد کے گرد ونواح میں مسجد مبارک کا تعارف کروانے اور وسیع پیمانے پر تعلقات کو فروغ دینے کے ليے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی مقرر کردہ کمیٹی، منظور شدہ سالانہ پلان کے تحت ہر سال مختلف پروگراموں کا انعقاد کرنے کی توفیق پا رہی ہے۔ امسال دیگر پروگراموں کے علاوہ پہلی مرتبہ مسجد مبارک اسلام آباد فٹ بال کپ کا پروگرام متعارف کروایا گیا۔

مورخہ ۱۳؍جون ۲۰۲۶ء کو اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ پروگرام اسلام آباد کے گراؤنڈ میں منعقد ہوا جس میں سرے پولیس(Surrey Police)، سرے فائر اور ریسکیو (Surrey Fire & Rescue)، مقامی فٹ بال کلب اور سکولوں کے کھلاڑیوں نے میچ کھیلے۔
اس پروگرام کی ایک خاص بات یہ تھی کہ ٹیموں اور مہمانوں کو کھیل کے ماحول میں اخلاقیات کو مدنظر رکھتے ہوئے جماعتی روایات سے متعارف کروایا گیا اور اسلام آباد کے تقدس کی اہمیت بتائی گئی جسے مہمانوں نے دوران کھیل ملحوظ خاطر رکھا۔

مہمانوں کے ليے ظہرانہ کا بھی انتظام کیا گیا جس سے مہمان خوشگوار موسم کے ماحول میں خوب لطف اندوز ہوئے اور انتظامات کو سراہا۔
اس موقع پر Stroke Association, Prostate Project اور Humanity First کے علاوہ جماعت احمدیہ کی طرف سے بھی معلوماتی سٹال لگائے گئے۔ مہمانوں کو مسجد مبارک کا تفصیلی دورہ بھی کروایا گیا۔
پروگرام کے اختتام پر ایک مختصر تقریب منعقد کی گئی جس میں کھلاڑیوں میں میڈلز تقسیم کيے گئے۔
(رپورٹ:علیم احمد۔ سیکرٹری اسلام آباد کونسل اینڈ نیبرکمیٹی)
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ بینن کا پانچواں واقفِ نَو نیشنل اجتماع




