اطلاعات واعلانات
نوٹ: اعلانات صدر؍ امیر صاحب حلقہ؍جماعت کی تصدیق کے ساتھ آنا ضروری ہیں
سانحہ ہائے ارتحال
٭… جہان احمد صاحب لکھتے ہیں کہ خاکسار کے دادا جان طاہر احمد صاحب مورخہ ۲۴؍جولائی ۲۰۲۶ء کو جگر کے کینسر کے باعث وفات پا گئے۔ انا للہ و انا الیہ راجعون۔ مرحوم کو جماعت احمدیہ صادق پور میں ۱۲؍سال تک سیکرٹری مال اور دو سال تک صدر جماعت کے طور پر خدمت کی توفیق ملی۔
٭… انعام الحق صاحب صدر جماعت احمدیہ سمارک، ملائیشیا اطلاع دیتے ہیں کہ خاکسار کے والد محترم ناصر احمد صاحب مورخہ ۲۸؍اپریل ۲۰۲۶ء کو بعمر ۸۰؍سال بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مرحوم موصی تھے۔ نہایت نیک، مخلص، پرہیزگار اور جماعت سے گہری وابستگی رکھنے والے احمدی مسلمان تھے۔ آپ کو جماعت احمدیہ کی خدمت کا خاص شغف تھا اور مختلف حیثیتوں سے خدمت دین کی توفیق پاتے رہے۔ آپ نے جماعت احمدیہ ڈگری، ضلع میرپورخاص سندھ میں بطور نائب صدر تین سال، زعیم انصاراللہ تیرہ سال اور سیکرٹری مال اٹھارہ سال خدمت کی سعادت حاصل کی۔ گذشتہ ساڑھے تین سال سے میلبرن، آسٹریلیا میں مقیم تھے۔ میت آسٹریلیا سے پاکستان لائی گئی اور ۱۰؍مئی کو نماز جنازہ ادا کی گئی جس کے بعد تدفین عمل میں آئی۔ مرحوم نے پسماندگان میں اپنی اہلیہ اور آٹھ بچے یادگار چھوڑے ہیں۔
اللہ تعالیٰ مرحومین سے مغفرت و رحمت کا سلوک فرماتے ہوئے ان کے درجات بلند کرے۔ نیز ان کے تمام لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے اور انہیں مرحومین کی نیکیوں کو جاری رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
اعلانات ولادت
٭… زاہد احمد بھٹی صاحب مبلغ سلسلہ تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے خاص فضل و کرم سے مورخہ ۱۴؍جولائی ۲۰۲۶ء کو خاکسار کو بیٹے سے نوازا ہے۔ الحمدللہ
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے از راہ شفقت نومولود کو وقف نو کی بابرکت تحریک میں شامل فرمایا اور اس کا نام ’’نبيل احمد‘‘ عطا فرمایا ہے۔
٭… محمد یوسف صاحب آف لیورپول، یوکے لکھتے ہیں کہ خاکسار کے بیٹے عزیزم محمد عدیل اور بہو عزیزہ ذاکرہ خان کو اللہ تعالیٰ نے مورخہ ۳۰؍جولائی ۲۰۲۶ء کو بیٹے سے نوازا ہے۔
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہ شفقت ’’محمد نویل‘‘ نام تجویز فرمایا ہے۔
نومولود، حضرت کرم الٰہی صاحبؓ صحابی حضرت مسیح موعودؑ کی نسل سے ہے اور رانا سلیم اللہ خان صاحب اور فوزیہ تنویر خان صاحبہ (آلڈر شاٹ نارتھ، یوکے) کا نواسہ ہے۔
٭… شبیر احمد ثاقب صاحب تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے محض اپنے فضل واحسان سے خاکسار کے بڑے بیٹے عزیزم توقیر احمد وڑائچ اور بہو عزیزہ ڈاکٹر ملیحہ احمد عیشہ ساکن سکنتھورپ، برطانیہ کو ۲؍اگست ۲۰۲۶ء بروز اتوار بیٹی عطا فرمائی ہے۔ الحمدللہ علیٰ ذلک
بچی کا نام والدین نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منظوری سے ’’آئزیل زہرہ توقیر‘‘ رکھا ہے۔ نومولود، طاہر احمد بھٹی صاحب مبلغ سلسلہ اور ناجیہ طاہرصاحبہ کی نواسی اور چودھری نواب خان مرحوم اور فاطمہ بی بی مرحومہ کی پڑپوتی ہے۔
اسی طرح اللہ تعالیٰ نے محض اپنے فضل واحسان سے ہمارے دوسرے بیٹے عزیزم توصیف احمد وڑائچ اور بہو عزیزہ درعدن عینی ساکن کیلگری، کینیڈا کو ۲۱؍جولائی ۲۰۲۶ء بروز منگل بیٹا عطا فرمایاہے۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہ شفقت نومولود کا نام ’’واصف احمد‘‘ رکھا ہے اور وقف نو کی بابرکت تحریک میں بھی قبول فرمایا ہے۔
نومولود، تنویر احمد ورک صاحب اور فراست تنویرصاحبہ ساکن Hamilton، کینیڈا کا نواسہ اور چودھری نواب خان مرحوم اور فاطمہ بی بی مرحومہ آف مرالہ ضلع منڈی بہاؤالدین کا پڑپوتا ہے۔
٭… منصور احمد جاوید چٹھہ صاحب حال مقیم ہالینڈ اعلان ولادت بھیجتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل سے خاکسار کو مورخہ ۱۸؍اگست ۲۰۲۶ء بروز منگل ایک پوتی سے نوازا ہے۔ الحمدللہ
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے نومولود کو وقف نو کی بابرکت تحریک میں قبول فرماتے ہوئے ’’فاریہ رامین‘‘ نام تجویز فرمایا ہے۔
نومولود، کامران احمد طاہر صاحب حال مقیم لندن، یوکے کی بیٹی اور شیراز احمد ٹاہوصاحب کی نواسی ہے۔
احباب جماعت کی خدمت میں دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام بچوں کو صحت، تندرستی اور فعال زندگی عطا فرمائے۔ نیز انہیں مخلص خادمین دین اور جماعت و بنی نوع انسان کے لیے نافع وجود بنائے۔ آمین
تقریب ولیمہ
منور علی شاہد صاحب جرمنی سے لکھتے ہیں کہ خاکسار کے منجھلے بیٹے عزیزم مظفر احمد طاہر(ناظم خدمت خلق ریجن رائن لینڈ فالس جرمنی) کی دعوت ولیمہ کی پرُمسرت تقریب ۸؍اگست کی دوپہر مقامی شادی ہال میں بخیروعافیت منعقد ہوئی جس میں عزیزواقارب کے علاوہ احباب جماعت نے بھی شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ اس کے بعد دولہے کے ماموں عبد الباسط طارق صاحب مبلغ سلسلہ مسجدنور فرینکفرٹ نے دونوں خاندانوں کا مختصر تعارف کروایا اور دعا کروائی۔ بعد ازاں معزز مہمانوں کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔
اس سے قبل ۶؍اگست جمعرات کی شام کو بارات وٹلش (Wittlich) پہنچی۔ ذیشان محمود صاحب مبلغ سلسلہ کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم اور نظم سے تقریب کا آغاز ہوا جس کے بعد مبلغ سلسلہ نے دعا کروائی اور مہمانان کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا۔ دلہن کی رخصتی کے وقت دولہے کے ماموں نے دعا کروائی۔
عزیزم مظفر احمد طاہر، شیخ احمد علی سراج صاحب فیروزپوری لاہور مرحوم کے پوتے اور حضرت مسیح موعودؑ کے صحابی حضرت میاں عبد العزیز مغل صاحبؓ کے پڑنواسے ہیں۔ عزیزہ طوبیٰ عامر بٹ صاحبہ بنت عامر فیضان بٹ صاحب، محمد قاسم بٹ صاحب مرحوم کی پوتی اور محمد شاہد بٹ صاحب صدر جماعت وٹلش، جرمنی کی بھتیجی ہیں۔
اللہ تعالیٰ اس نئے جوڑے کو برکت عطا فرمائے، ان کا گھر ایمان و تقویٰ کا گہوارہ بنائے اور دونوں خاندانوں کے لیے اس رشتے کو خیر و برکت کا موجب بنائے۔ آمین



