افریقہ (رپورٹس)

لجنہ اماء اللہ کینیا کی پانچ روزہ سالانہ مرکزی تربیتی کلاس اور پینتیسویں سا لانہ نیشنل اجتماع کا بابرکت انعقاد

سالانہ مرکزی تربیتی کلاس

سیکرٹری صاحبہ تربیت لجنہ اماءاللہ کینیا تحریر کرتی ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے لجنہ اماء اللہ کینیا کے زیر انتظام ۳تا۷؍اگست نیروبی ہیڈ کوارٹرز میں لجنہ ممبرات اور ناصرات کی پانچ روزہ تربیتی کلاس منعقد ہوئی جس میں ملک بھر کے سولہ ریجنز سے ۷۶؍ممبرات لجنہ اماءاللہ اور ۲۳؍ناصرات نے شرکت کی۔ اس پانچ روزہ کلاس کا آغاز ہر روز نماز تہجد سے ہوتا، نماز فجر کے بعد درس قرآن کریم ہوتا جس کے بعد ناشتہ اور کلاس کی تیاری کی جاتی۔

کلاس میں پہلے درس ملفوظات ہوتا پھر مجلس سوال و جواب ہوتی جس میں اسلام احمدیت کے بنیادی عقائد و تعلیمات سے متعلق سوالوں کے جواب دیے جاتے جس کے بعد نیشنل صدر لجنہ اماء اللہ کینیا لجنہ اماء اللہ کی تنظیم اور اس کی عہدیداران کے فرائض سے متعلق لیکچر دیتیں۔ ہر روز ایک ورکشاپ کا اہتمام بھی کیا جاتا جس میں مرکزی سیکرٹریز اپنے اپنے شعبہ سے متعلق بریفنگ اور سوالوں کے جواب دیتیں۔ کلاس میں مختلف گروپس بنا کر نماز سادہ، ترجمۂ نماز، قاعدہ یسرناالقرآن، قرآن ناظرہ، تجویدالقرآن، حدیث، اسلام و احمدیت کے بنیادی عقائد، مختلف دعائیں، قصائد، نظمیں وغیرہ پڑھائی جاتیں۔ آنحضورﷺکی سیرت مبارکہ، حضرت مسیح موعودؑ کی سیرت اور خلفائے کرام کے حالات زندگی، اختلافی مسائل نیز صنعت و حرفت اور گھریلو امور اور صحت جسمانی سے متعلق لیکچرز کا بھی اہتمام کیا گیا۔ کلاس ہٰذا میں سوشل میڈیا کے صحیح استعمال کے فوائد اور اس کے غلط استعمال کے شدید نقصانات پر بھی لیکچرز ہوئے۔ ایم ٹی اے کے مختلف ریکارڈشدہ پروگرام بھی دکھائے گئے۔ علاوہ ازیں شرکاء کلاس کے لیے ورزش اور کھیلوں کا بھی مناسب انتظام کیا گیا تھا۔ کلاس کے پروگرام ساڑھے چاربجے صبح سے لے کر رات دس بجے تک کھانے اور نمازوں کے وقفہ کے ساتھ جاری رہتے۔ اس کلاس میں معلمین کے علاوہ ۱۸؍لجنہ ٹیچرز نے تعلیم و تدریس کے فرائض سر انجام دیے۔

کلاس کے آخری روز تمام شاملین کلاس کا زبانی و تحریری امتحان لیا گیا جس میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی ممبرات لجنہ اماءاللہ اور ناصرات کو اجتماع کے اختتامی اجلاس میں انعامات دیے گئے۔

لجنہ اماءاللہ و ناصرات کا سالانہ اجتماع ۲۰۲۶ء

سیکرٹری صاحبہ تربیت لجنہ اماءاللہ کینیا تحریر کرتی ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ۸ و ۹؍اگست ۲۰۲۶ء بروز ہفتہ و اتوار لجنہ اماءاللہ کینیا کا ۳۵واں سالانہ اجتماع نیروبی مشن ہاؤس میں منعقد ہوا جس میں ناصرات اور بچوں سمیت کل حاضری ۳۳۹؍رہی۔

اجتماع کا افتتاحی اجلاس ۸؍اگست نو بجے صبح مکرمہ صوبیہ ناصر صاحبہ کی صدارت میں شروع ہوا۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد صدر لجنہ اماء اللہ کینیا نے مختصر افتتاحی تقریر کی جس کے بعد جنرل سیکرٹری لجنہ اماء اللہ نے سالانہ رپورٹ پیش کی۔

اس اجلاس کے بعد لجنہ و ناصرات کے علمی مقابلہ جات کا آغاز ہوا جن میں عمر اور تعلیم کے لحاظ سے لجنہ اور ناصرات کے مختلف گروپس نے حصہ لیا۔ یہ مقابلہ جات نماز ظہر تک جاری رہے۔ نماز ظہر و عصر کی ادائیگی اور ظہرانہ کے بعد لجنہ اور ناصرات کےمقابلہ حسن قراءت کا آغاز ہوا جو ۴؍بجے شام تک جاری رہا جس کے بعد لجنہ اور ناصرات کے کھیلوں کے مقابلے ہوئے۔ لجنہ و ناصرات کے استفادہ کے لیے نمائش ہال بھی کھولا گیا۔ اس وقت ممبرات کو طبی سہولت فراہم کرنے کے لیے مفت میڈیکل کیمپ بھی لگایا گیا جس میں متعدد ممبرات کا علاج معالجہ کیا گیا۔ نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی اور عشائیہ کے بعد پہلے روز کا پروگرام اختتام پذیر ہوا۔

۹؍اگست بروز اتوار اجتماع کا دوسرا اور آخری دن تھا جس کا آغاز بھی حسب معمول نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر اور درس قرآن کے بعد تیاری اور ناشتہ کا وقفہ ہوا جس کے بعد پونے نو بجے شوریٰ کا اجلاس شروع ہوا جس میں شرکت کے لیے تمام نمائندہ ممبرات مسجد میں تشریف لے گئیں جبکہ باقی ممبرات اور ناصرات نے مختلف پروگراموں میں شرکت کی جن میں کوئز پروگرام اور جنرل میٹنگ شامل تھے۔ شوریٰ کا اجلاس ڈیڑھ بجے دوپہر تک جاری رہا جس میں دیگر امور کی انجام دہی کے علاوہ اگلے دو سال ( ۲۰۲۶ء تا ۲۰۲۸ء ) کے لیے صدر لجنہ اماء اللہ کا انتخاب بھی ہوا۔

نماز ظہر و عصر کی ادائیگی اور دوپہر کے کھانے کے بعد ۳ بجے سہ پہر اجتماع کا اختتامی اجلاس مکرمہ فاطمہ گاکوریا صاحبہ کی زیر صدارت شروع ہوا۔ تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد صدر لجنہ نے عہد دہرایا جس کے بعد سیکرٹری تربیت نے تربیتی امور پر مختصر تقریر کی۔ پھر صدر صاحبہ نے دوران سال اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی مجالس اور ریجنز نیز مرکزی تربیتی کلاس اور اجتماع میں نمایاں پوزیشن لینے والی ناصرات اور ممبرات لجنہ میں انعامات تقسیم کیے اور اجتماع کی کامیابی پر تمام شرکاء کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے لجنہ اور ناصرات کو اپنے اپنے عہد کے مطابق خدمت دین بجا لانے کی تلقین کی۔ دعا کے ساتھ یہ اجتماع کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ الحمدللہ

(رپورٹ:محمد افضل ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

مزید پڑھیں:ہالینڈ کے شہر سٹارڈ (Sittard) میں نئی مسجد ’’مسجد ناصر‘‘ کا حصول اور پہلی نمازِ جمعہ

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button