افریقہ (رپورٹس)

گنی کناکری میں مسجد سلطان کا بابرکت افتتاح

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے گنی کناکری کے کنڈیا ریجن کے گاؤں کالیگبے (Kalegbe) میں مورخہ ۱۰؍جولائی ۲۰۲۶ء کو مسجد سلطان کے بابرکت افتتاح کی تقریب منعقد ہوئی۔ الحمدللہ

یہ مسجد بشریٰ فاروق صاحبہ اور اہل خانہ کے تعاون سے تعمیر ہوئی ہے۔ مسجد کا نام ازراہ شفقت حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ’’مسجد سلطان‘‘ عطا فرمایا ہے۔

افتتاحی تقریب میں علاقہ کے میئر جناب الحاج نبی سوما (Elhaj Nabi Soumah)، وائس پریفکٹ جناب ابوبکر کونڈے، ڈسٹرکٹ کے صدر مسٹر کیٹا، گاؤں کے چیف اور سیکٹر چیف نے شرکت کی۔ اسی طرح علاقے کے ۱۳؍ائمہ بھی اس تقریب میں شریک ہوئے۔ اس کے علاوہ مذہبی ضلعی انتظامیہ نے بھی اس باوقار تقریب میں شرکت کی اور علاقہ میں جماعت احمدیہ کی خدمات کو سراہا۔

علاقہ کے میئر نے مسجد کی تعمیر پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مبارک باد پیش کی اور آئندہ ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت احمدیہ کے بارے میں کیا جانے والا منفی پراپیگنڈا جماعت کی اس قسم کی خدمات کو دیکھتے ہوئے خود ہی دم توڑ جاتا ہے۔

علاقہ کے امام راتب الحاج داؤد سوما صاحب نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جماعت احمدیہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہمارے علاقہ میں بہترین طریقے سے اسلام کی خدمت کر رہی ہے۔ اگرچہ عموماً جماعت احمدیہ کے متعلق یہ غلط تاثر پایا جاتا ہے کہ یہ مسلمان نہیں ہیں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہ لوگ اسلام کی بے لوث خدمت کرتے ہیں اور حقیقی مسلمان ہیں، جس کا ثبوت اس دور دراز علاقہ میں مسجد کی تعمیر ہے۔

تقریب کے آخر میں خاکسار (مبلغ سلسلہ) نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطابات کی روشنی میں مساجد کی تعمیر کے مقاصد اور اہمیت بیان کی اور تقویٰ کے ساتھ عبادات بجا لانے کی طرف توجہ دلائی۔

الحمدللہ، اس تقریب میں ۳۱۵؍افراد، مرد و زن، شامل ہوئے۔ نماز جمعہ کے بعد تمام شاملین کو کھانا پیش کیا گیا۔

اللہ تعالیٰ اس مسجد کو علاقہ میں جماعت کی ترقی کا پیش خیمہ بنا دے اور ہمیں اسے حقیقی رنگ میں عبادات اور دعاؤں کے ذریعہ آباد رکھنے کی توفیق بخشے۔ آمین

(رپورٹ:طاہر محمود عابد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

مزید پڑھیں: بنگلہ ڈیپارٹمنٹ یوکے کے زیرِ اہتمام تربیتی و تبلیغی اجلاس کا انعقاد

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button