اطلاعات و اعلانات

اطلاعات واعلانات

نوٹ: اعلانات صدر؍ امیر صاحب حلقہ؍جماعت کی تصدیق کے ساتھ آنا ضروری ہیں

درخواست دعا

عرفان احمد خان صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل جرمنی جمیل احمد طاہر صاحب کے بارے میں دعا کی درخواست کرتے ہیں کہ ان کو خون کا کینسر (AML) تشخیص ہوا ہے۔ انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل ہیں۔ محلےکے خدام نے خون بھی عطیہ کیا ہے۔

احباب جماعت سے موصوف کی کامل و معجزانہ شفایابی کے ليے خصوصی دعاؤں کی درخواست ہے۔

اعلان ولادت

جری اللہ حماد صاحب ولد حمید اللہ باجوہ صاحب مرحوم تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کو اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل سے پہلی بیٹی کے بعد اب بیٹے کی نعمت سے نوازا ہے۔

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے از راہ شفقت نومولود کا نام ’حمزہ احمد‘ تجویز فرمایا ہے نیز وقفِ نَو کی بابرکت تحریک میں بھی قبول فرمایا ہے۔

اللہ تعالیٰ اپنے خاص فضل و کرم سے نو مولود کو صحت و سلامتی والی لمبی زندگی عطا فرمائے،نیک، خادم دین بنائے۔آمین

سانحہ ہائے ارتحال

نوید الرحمٰن صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل بنگلہ دیش یہ سانحہ ہائے ارتحال بھیجتے ہیں:

٭… سلیم احمد صاحب ولد بچو میاں صاحب آف شالشیڑی جماعت ۱۲؍جولائی ۲۰۲۶ء کو ۳۷؍سال کی عمر میں بجلی کا کرنٹ لگنے کے باعث وفات پا گئے۔ انا للہ و انا الیہ راجعون۔ مرحوم کی نماز جنازہ ۱۳؍جولائی کی رات شالشیڑی جماعت میں اُن کے بیٹے ماحین احمد نے پڑھائی جس کے بعد تدفین عمل میں آئی۔ مرحوم نے پسماندگان میں والدین، اہلیہ اور ایک بیٹا چھوڑا ہے۔

مرحوم پیدائشی احمدی تھے اور لوگوں سے اچھے تعلقات رکھتے تھے۔ خاموشی سے غریبوں کی امداد کیا کرتے تھے اور جماعتی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے۔ ۲۰۲۳ء کے جلسہ سالانہ کے موقع پر مخالفین کی طرف سے حملہ اور شالشیڑی میں احمدی گھروں پر حملوں کے دوران بھی مرحوم نے بڑی دلیری سے ڈیوٹی سرانجام دی اور لوگوں کی مدد کی۔

مرحوم ڈھاکہ میں ملازمت کرتے تھے۔ ان کے ایک دوست کے گھر میں بارش کے باعث پانی جمع ہو گیا تھا۔ مرحوم پانی نکالنے میں مدد کے لیے وہاں گئے جہاں بجلی کا کرنٹ لگنے سے وفات پا گئے۔

٭… لطف الرحمٰن صاحب آف ماحیلا جماعت ۳۰؍جولائی ۲۰۲۶ء کو دماغی عارضہ کے باعث طویل علالت کے بعد وفات پا گئے۔انا للہ و انا الیہ راجعون

مرحوم کی نماز جنازہ ۳۱؍جولائی کو ان کے آبائی گاؤں میں محمد امیر حسین صاحب معلم وقف جدید نے پڑھائی جس میں احمدی احباب کے علاوہ مرحوم کے غیر از جماعت رشتہ داروں اور ہمسایوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔

مرحوم کی عمر ۶۰؍سال تھی اور انہوں نے پسماندگان میں اہلیہ، دو بیٹے اور چار بیٹیاں چھوڑی ہیں۔ مرحوم نے ۲۰۱۳ء میں بیعت کرکے جماعت احمدیہ میں شمولیت اختیار کی تھی۔ بیعت کے بعد سے آخر وقت تک مخالفت کا سامنا کرتے رہے، تاہم صبر و استقامت کے ساتھ اس مخالفت کو برداشت کیا اور ایمان میں مضبوط رہے۔

مرحوم نے طویل عرصہ یارانگ چھڑی حلقہ کے صدر کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ ان کی جماعت بنگلہ دیش کے پہاڑی علاقوں میں ایک دشوار گزار اور دور دراز علاقہ میں واقع ہے۔ ایسے حالات میں مرحوم کا طویل عرصہ جماعتی خدمت کی توفیق پانا قابل تحسین ہے۔

٭… محمد مظفر ثناء صاحب ولد عبدالخالق ثناء صاحب مرحوم ۲؍اگست ۲۰۲۶ء کو برین سٹروک کے باعث ۶۶؍سال کی عمر میں وفات پا گئے۔انا للہ و انا الیہ راجعون

مرحوم کے آبائی گاؤں کوئرا میں ان کے بیٹے مدثرالرحمٰن صاحب مبلغ سلسلہ نے ان کی نماز جنازہ پڑھائی جس کے بعد جماعتی قبرستان میں تدفین عمل میں آئی۔ مرحوم نے پسماندگان میں اہلیہ، دو بیٹے اور ایک بیٹی چھوڑی ہے۔

مرحوم نے ۱۹۸۵ء میں بیعت کرکے جماعت میں شمولیت اختیار کی تھی اور طویل عرصہ کوئرا حلقہ کے صدر کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ جماعتی مہمانوں کی اپنی توفیق کے مطابق مہمان نوازی کیا کرتے تھے۔ علاقہ میں شدید مخالفت کے باوجود مرحوم نے صبر و استقامت کے ساتھ ساری زندگی اس مخالفت کا سامنا کیا۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت و رحمت کا سلوک فرمائے، ان کے درجات بلند فرمائے اور انہیں جنت میں جگہ عطا فرمائے۔ نیز ان کے لواحقین کو صبر جمیل اور حوصلہ عطا فرمائے۔ آمین

اعلانات نکاح

نوید الرحمٰن صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل بنگلہ دیش یہ اعلانات نکاح بھیجتے ہیں:

٭… محمد اسد الزمان صاحب کی بیٹی جنت الفردوس صاحبہ آف نریان گنج جماعت کے ساتھ نذرالاسلام صاحب کے بیٹے بشاش رحمٰن صاحب آف جمال پور جماعت کا نکاح مورخہ ۲۴؍جولائی ۲۰۲۶ء کو مسجد بیت الوہاب نریان گنج جماعت میں مسیح الرحمٰن صاحب مبلغ سلسلہ نے پڑھایا۔ یہ نکاح مبلغ تین لاکھ پچاس ہزار بنگلہ دیشی ٹکا حق مہر پر طے پایا۔

٭… تحریم تبسم صاحبہ بنت اسماعیل حسین صاحب میرپور جماعت کا نکاح شفیق العالَم صاحب ولد بدیع العالَم صاحب آف نریان گنج جماعت کے ساتھ مورخہ ۲۴؍جولائی ۲۰۲۶ء کو میرپور جماعت کی مسجد میں اسماعیل ہزاری صاحب مبلغ سلسلہ نے پڑھایا۔نکاح مبلغ چھ لاکھ بنگلہ دیشی ٹکا حق مہر پر طے پایا۔لڑکے کے دادا عثمان علی صاحب مرحوم درویشان قادیان میں شامل ہیں۔

٭… ڈاکٹر صبیحہ قاسم صاحبہ بنت ابو القاسم صاحب آف ڈھاکہ جماعت کا نکاح ہدایت الرحمٰن بھوئیاں صاحب ولد محمد شفیق الرحمٰن بھوئیاں صاحب آف برہمن باڑیہ جماعت کے ساتھ مورخہ ۷؍اگست ۲۰۲۶ء کو جماعت احمدیہ بنگلہ دیش کے ہیڈکوارٹر دارالتبلیغ بخشی بازار، میں مکرم عبدالاول خان چودھری صاحب امیر جماعت احمدیہ بنگلہ دیش نے پڑھایا۔ یہ نکاح مبلغ پانچ لاکھ بنگلہ دیشی ٹکا حق مہر پر طے پایا۔

لڑکے کے پڑدادا حیدر علی صاحب مرحوم بنگال کے ابتدائی احمدیوں میں سے تھے جنہوں نے بنگال کے پہلے امیر مولوی عبدالواحد صاحب کے ذریعہ سے جماعت میں شمولیت اختیار کی تھی۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ان کے خاندان کے افراد دنیا بھر میں پھیل گئے ہیں اور جماعتی کاموں میں پیش پیش ہیں۔

اللہ تعالیٰ ان تمام نکاحوں کو ہر لحاظ سے بابرکت فرمائے، ان نئے جوڑوں کو باہمی محبت و الفت کے ساتھ زندگی بسر کرنے کی توفیق دے اور ان کی اولاد کو جماعت اور خلافت کے ساتھ مضبوط تعلق قائم رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

یہ بھی پڑھیں
Close
Back to top button