کینیا کے کوسٹ بی ’اکونڈا‘ ریجن کی جماعت مازوملومے میں مشن ہاؤس کا شاندار افتتاح
اللہ تعالیٰ کے فضل سے کچھ عرصہ قبل کینیا کے کوسٹ بی ’اکونڈا‘ ریجن کی جماعت مازومالومے (Mazumalumume) میں ایک خوبصورت مسجد تعمیر کی گئی تھی۔ یہ جماعت کوسٹ ریجن کی بڑی اور پرانی جماعتوں میں سے ایک ہے۔ اب مسجد کے کمپاؤنڈ میں ہی ایک خوبصورت مشن ہاؤس تعمیر کیا گیا ہے جس کا افتتاح مکرم ناصر محمود طاہر صاحب امیر و مبلغ انچارج کینیا نے ۲۲؍اگست بروز ہفتہ نماز ظہر سے پہلے کیا۔ یہاں پہلے ایک کچا اور پرانا مشن ہاؤس تھا جسے نئی مسجد کی تعمیر کے بعد گرا کر دو بیڈرومز، بڑے سٹنگ روم اور ایک خوبصورت کچن پر مشتمل نیا مشن ہاؤس تعمیر کیا گیا ہے۔ مسجد میں پانی، سولر پینل اور ایم ٹی اے کی سہولت پہلے سے ہی موجود ہے جس سے مشن ہاؤس بھی مستفید ہوگا۔ اسی طرح مسجد اور مشن ہاؤس کے احاطہ کے گرد خار دار تار لگا کر حفاظت کا خاطر خواہ بندوبست بھی موجود ہے۔ مشن ہاؤس کے تعمیراتی کام کی نگرانی کا فریضہ مکرم شیخ رجب صدام صاحب ریجنل مبلغ انچارج نے سر انجام دیا۔

مکرم امیر صاحب نے مکرم شیخ صدام صاحب اور دیگر احباب جماعت کی معیت میں ۲۲؍اگست بروز ہفتہ قبل از نماز ظہر فیتہ کاٹنے کے بعد یاگاری تختی کی نقاب کشائی کرکے اس نو تعمیر کردہ مشن ہاؤس کا افتتاح کیا جس کے بعد آپ نے مشن ہاؤس کے اندر جا کر تعمیراتی کام اور میسر سہولتوں کا جائزہ لیا اور دعا کروائی۔

اس کے بعد نماز ظہر ادا کی گئی اور مکرم امیر صاحب کی صدارت میں جلسہ سیرت النبیؐ منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد معلمین کرام، ریجنل مشنری اور مکرم امیر صاحب نے آنحضورﷺ کی سیرت طیبہ کے مختلف پہلوؤں پر تقاریر کیں۔ اطفال اور خدام نے حضرت مسیح موعودؑ کے عربی قصائد پڑھے۔
آخر میں امیر صاحب نے دعا کروائی اور جلسہ برخواست ہوا جس کے بعد حاضرین کی دوپہر کے کھانے سے تواضع کی گئی۔ اس موقع پر کُل حاضری ۵۲؍رہی۔ الحمد للہ علیٰ ذالک
(رپورٹ:محمد افضل ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل )
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ ڈنمارک کی ماہ جنوری تا جون ۲۰۲۶ء میں تبلیغی مساعی




