نائیجر کے شہر ’آگے‘ میں احمدیہ مسجد کا افتتاح
مکرم نعمان احمد احسان صاحب مبلغ سلسلہ نائیجر تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ نائیجر کو مورخہ ۱۹؍جون ۲۰۲۶ء بروز جمعة المبارک ایک نئی مسجد کا افتتاح کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

یہ مسجدجماعتی طور پر بنائے گئے تیساوا ریجن کے ایک حلقے کی شہری جماعت ‘آگے’ میں تعمیر کی گئی ہے۔ یہ شہرملک نائیجر کے ریجن مارادی سے ریجن زیندر جانے والی مرکزی شاہراہ پر واقع ہے۔
۲۰۲۵ء میں اس شہرمیں جماعت کا پہلی دفعہ پودا لگا تھا۔ ‘آگے’ شہر میں زمین کے حصول کے ليے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شہرکے مقامی لوگوں اور ازالہ نامی مذہبی فرقے نے تمام حکومتی انتظامیہ کو جماعت احمدیہ کو مسجد کے ليے جگہ نہ دینے کے ليے کہا۔ مگر اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے علاقائی بادشاہ، ميئر اور چیف امام Agyeنے زمین کے حصول میں بہت بڑا کردار ادا کیا۔

مسجد کا سنگ بنیاد مورخہ ۲۸؍مارچ ۲۰۲۶ء کواس وقت کے ریجنل مربی مکرم سعید احمد عدیل صاحب نے رکھا۔ مسجدکا مسقف حصہ۶۳؍مربع میٹر ہےجس میں ۱۵۰؍کے قریب افراد نماز پڑھ سکتے ہیں۔
مکرم اسد مجیب صاحب امیر و مبلغ انچارج نے حکومتی نمائندوں پریفے، ميئر، علاقائی بادشاہ اور چیف امام کے ہمراہ مسجد کا افتتاح کیا۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ بعد ازاں امیر صاحب نے جماعت احمدیہ کا مختصر تعارف اور مسجد کی تعمیر کے مقاصد پر روشنی ڈالی۔
بعدازاں جناب پریفے Agyeاور علاقائی بادشاہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اتنی خوبصورت مسجد تعمیر کرنے پرجماعت احمدیہ کا شکریہ ادا کیا اور نیک تمناوں کا اظہار کیا۔ پروگرام کے آخر پر امیر صاحب نائیجر نے تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا اور دعا کروائی۔ دعا کے بعد شاملین کی خدمت میں ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔
خدا تعالیٰ اس مسجد کے ذریعہ اپنی وحدانیت لوگوں کے دلوں میں جاگزین کرے اور یہ مسجد سلسلہ احمدیہ کے ليے باعث برکت ہو۔ آمین ثم آمین
(رپورٹ:کوثر جمیل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ ڈنمارک کی ماہ جنوری تا جون ۲۰۲۶ء میں تبلیغی مساعی




