یورپ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ آسٹریا کا ۲۱واں جلسہ سالانہ ۲۰۲۶ء

٭… جلسہ سالانہ کے بابرکت موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا ارسال کردہ خصوصی پیغام

٭… چھ ممالک کی نمائندگی کرتے ہوئے ۲۸۰؍احباب کی شمولیت

وسیم احمد صاحب ناظم رپورٹنگ جلسہ سالانہ آسٹریا تحریر کرتے ہیں کہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ آسٹریا کو اپنا اکیسواں جلسہ سالانہ ’’اِنِّی أُحَافِظُ کُلَّ مَنْ فِی الدَّارِ‘‘ کے مرکزی موضوع پر مورخہ ۱۲؍جولائی ۲۰۲۶ء بروز اتوار بیت الطاہر و مشن ہاؤس، ویانا سے ۲۹؍کلومیٹر دور Stockerauشہر کے۵۰۰؍مربع میٹر پر مشتمل سٹی ہال میں منعقد کرنے کی سعادت حاصل ہوئی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہ شفقت جلسہ سالانہ کے انعقاد کی اجازت مرحمت فرماتے ہوئے درج ذیل افسران کی منظوری عطا فرمائی: افسر جلسہ سالانہ: مکرم مبارک احمد فرخ صاحب، افسر جلسہ گاہ: مکرم النصر احمد سہگل صاحب، افسر خدمت خلق:مکرم مصوّر احمد صاحب

جلسے کے جملہ امور سر انجام دینے کے لیے افسران و ناظمین پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جس نے مکرم محمد اشرف ضیاء صاحب مبلغ انچارج و نیشنل صدر جماعت احمدیہ آسٹریا کی زیر ہدایت و نگرانی جلسہ سالانہ آسٹریا کے انعقاد سے قبل متعدد میٹنگز کر کے مفوّضہ امور اور ذمہ داریوں کو ادا کیا۔

جلسے سے تین دن قبل مہمانان کی آمد کا سلسلہ شروع ہوچکا تھا۔ شعبہ رہائش وضیافت کی طرف سے مہمان نوازی کے تمام انتظامات مکمل کرليے گئے تھے۔

مورخہ ۱۱؍جولائی کو بیت الطاہر، ویانا سے سامان گاڑیوں میں لوڈ کرکے Stockerau جلسہ گاہ پہنچایا گیا، جہاں وقارِ عمل کے ذریعہ تزئین و آرائش، لجنہ کے ہال، ساؤنڈ سسٹم، آڈیو ویڈیو، رجسٹریشن، امانات، دفتر جلسہ سالانہ، مہمانان کی نشست اور ریفریشمنٹ وغیرہ کے انتظامات مکمل کیے گئے۔ شعبہ سمعی بصری جرمنی کی ٹیم نے بھی خصوصی طور پر آکر انتظامات کو چیک کیا۔ نمازِ ظہر و عصر کی ادا ئیگی کے بعد صدر صاحب نے وقارِ عمل میں شامل ناظمین و معاونین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مہمانان کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی تاکید کی۔ نیز انتظامات کا معائنہ کیا، ضروری امور کی طرف توجہ دلائی اور دعا کروائی۔ جلسہ سالانہ آسٹریا ۲۰۲۶ء کے موقع پر مکرم راجہ برہان احمد صاحب مربی سلسلہ واستاد جامعہ احمدیہ یوکے اور مکرم ولید احمد خان صاحب مبلغ سلسلہ و صدر جماعت احمدیہ سلواکیہ نے بطور مقررین شرکت کی تھی۔

جلسہ سالانہ کے روز انفرادی نماز تہجد کے بعد بیت الطاہر میں باجماعت نماز فجر کااہتمام کیا گیا۔ بعد ازاں گاڑیوں کے ذریعہ احباب جماعت کو جلسہ گاہ پہنچایا گیا جہاں رجسٹریشن کے بعد ناشتہ پیش کیا گیا۔

تقریب پر چم کشائی:جلسہ سالانہ کا باقاعدہ آغاز ۱۱؍بجے حسب روایت تقریب پرچم کشائی اور دعا سے ہوا۔ لوائے احمدیت مکرم راجہ برہان احمد صاحب اور آسٹریا کا پرچم مکرم مبلغ انچارج صاحب نے لہرایا۔ اس کے بعد مکرم راجہ برہان احمد صاحب نے دعا کروائی۔

افتتاحی اجلاس:جلسہ سالانہ آسٹریا کا افتتاحی اجلاس پروگرام کے مطابق سوا گیارہ بجے راجہ برہان احمد صاحب کی زیر صدارت شروع ہوا۔ تلاوت قرآن کریم و اردو ترجمہ مکرم حافظ عطاء القدوس صاحب نے پیش کیا جبکہ مکرم ریحان احمد زاہد صاحب نے جرمن ترجمہ پیش کیا۔ اس کے بعد مکرم طاہر محمود صاحب نے ’’حمد وثناء اسی کو جو ذات جاودانی ‘‘کلام حضرت مسیح موعود ؑسےچند اشعار پیش کیے۔ مکرم صدر صاحب آسٹریا نے جلسہ سالانہ کے موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا ارسال کردہ خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا۔ مکرم مصور احمد صاحب نیشنل سیکرٹری امور خارجہ جماعت آسٹریا نے اس پیغام کا جرمن ترجمہ پیش کیا۔ ان موضوعات پر تقاریر ہوئیں: ’’رسول کریم ﷺ کی محبت الٰہی‘‘ از مکرم ولید احمد خان صاحب مبلغ سلسلہ و صدر جماعت احمدیہ سلواکیہ اور ’’اِنِّی أُحَافِظُ کُلَّ مَنْ فِی الدَّارِ- سوشل میڈیا کے دور میں خدا کی حفاظت‘‘ از مکرم یونس مائر ہوفر صاحب نیشنل سیکرٹری تبلیغ جماعت احمدیہ آسٹریا۔ بعد ازاں چند ضروری اعلانات کے ساتھ یہ اجلاس اختتام پذیر ہوا اور شاملین جلسہ کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔

نمازِ ظہر و عصر سے قبل آسٹریا میں دوران سال بقضائے الٰہی وفات پانے والے احباب جماعت کے اسماء دعائے مغفرت کے لیے پیش کیے گئے۔

اختتامی اجلاس:جلسہ سالانہ آسٹریا کا اختتامی اجلاس سوا تین بجے دوپہر مکرم ولید احمد خان صاحب مبلغ سلسلہ کی زیر صدارت شروع ہوا۔ تلاوت قرآن کریم و جرمن ترجمہ مکرم یونس مائر ہوفر صاحب نے پیش کیا جبکہ اردو ترجمہ مکرم نصیرالدین صاحب نے پیش کیا۔ اس کے بعد مکرم مصور احمد صاحب نے حضرت مسیح موعودؑ کے کلام ’’کیوں عجب کرتے ہو گر میں آگیا ہو کر مسیح‘‘سےچند اشعار پیش کیے۔ مکرم راجہ برہان احمد صاحب نے ’’خلافت امن و عافیت کا حصار‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ مکرم مبلغ انچارج و نیشنل صدر جماعت احمدیہ آسٹریا نے جلسہ سالانہ کے مرکزی موضوع پر اپنی اختتامی تقریر میں قرآن کریم، احادیث نبویہ، اقتباسات حضرت مسیح موعودؑ، خلفائے کرام اور متعدد ایمان افروز واقعات کی روشنی میں واضح کیا کہ موجودہ پُرفتن دور میں حقیقی حفاظت اور نجات صرف حضرت مسیح موعودؑ کی جماعت اور آپؑ کی تعلیمات سے وابستگی میں مضمر ہے۔ بعدہٗ آپ نےمعزز مہمانان گرامی اور احباب جماعت احمدیہ آسٹریا کا شکریہ ادا کیا اور مکرم راجہ صاحب نے دعا کروائی۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جلسہ سالانہ آسٹریا کامیابی سے انعقاد پذیر ہوا۔ جلسہ میں چھ ممالک سے نمائندگی ہوئی جبکہ شاملین کی تعداد ۲۸۰؍رہی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

(رپورٹ:مبارک احمدفرخ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکے جلسہ سالانہ آسٹریا ۲۰۲۶ء کے موقع پر بصیرت افروز پیغام کا اردو مفہوم

پیارے احباب جماعت احمد یہ آسٹریا

السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ

مجھےبہت خوشی ہے کہ آپ اپنا جلسہ سالانہ ۱۲؍جولائی ۲۰۲۶ءکو منعقد کر رہے ہیں۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کے جلسے کو عظیم کامیابی سے نوازے اور تمام شاملین بے شمار روحانی برکات حاصل کریں۔

میں آپ کو یاد دلانا چاہتا ہوں کہ جلسے میں شمولیت کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ ہم اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کریں ، دینی علم اور فہم میں ترقی کریں ، اپنی زندگیوں میں نیک تبدیلیاں پیدا کریں اور انہیں اپنی ذات کا حصہ بنائیں، اس فانی دنیا کی خواہشات اور لغویات سے اپنے آپ کو بچائیں، تمام بنی نوع انسان سے محبت، الفت اور بھائی چارے کے تعلقات کو مضبوط کریں، اپنی تمام صلاحیتیوں اور استعدادوں کے ساتھ ان اعلیٰ مقاصد کی تکمیل کے لیے کوشش کریں اور بالآخر یہ عہد کریں کہ اسلام کا پیغام پوری دنیا میں پھیلائیں گے۔

حضرت مسیح موعودؑ فرماتے ہیں: ’’اِس جلسہ میں ایسے حقایق اور معارف کے سنانے کا شغل رہے گا جو ایمان اور یقین اور معرفت کو ترقی دینے کیلئےضروری ہیں اور نیز اُن دوستوں کیلئے خاص دعائیں اور خاص توجہ ہوگی اور حتّی الوسع بدر گاہِ ارحم الراحمین کوشش کی جائے گی کہ خدائے تعالیٰ اپنی طرف ان کو کھینچے اور اپنے لئے قبول کرے اور پاک تبدیلی ان میں بخشےاور ایک عارضی فائدہ ان جلسوں میں یہ بھی ہوگا کہ ہریک نئے سال میں جس قدر نئے بھائی اس جماعت میں داخل ہوں گے وہ تاریخ مقررہ پر حاضر ہوکر اپنے پہلے بھائیوں کے منہ دیکھ لیں گے اور روشناسی ہو کر آپس میں رشتہ تودّد و تعارف ترقی پذیر ہوتا رہے گا… اس روحانی جلسہ میں اور بھی کئی روحانی فوائد اور منافع ہو ں گے جو ان شاءاللہ القدیر وقتاً فوقتاً ظاہر ہوتے رہیں گے۔‘‘ (آسمانی فیصلہ، روحانی خزائن جلد ۴ صفحہ ۳۷۶)

یہ بھی یاد رکھیں کہ جلسہ سالانہ کا حقیقی مقصد عبادت کا ماحول پیدا کرنا ہے۔ نظام جلسہ کے ذریعہ، جو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے الٰہی ہدایت کے تحت قائم فرمایا تھا، ایک ایسا روحانی ماحول پیدا ہوتا ہے جس کا مقصدلوگوں کو دوبارہ اللہ تعالیٰ سے جوڑنا ہے ۔

ہمیں اپنی بیعت سے وابستہ ذمہ داریوں کو بھی مدنظر رکھنا چاہیے اور تقویٰ، یعنی راستبازی، کو اپنے اندر مضبوطی سے قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا ہے کہ جو لوگ آپ سے بیعت کا عہد کرتے ہیں انہیں چاہیے کہ پنج وقتہ نمازیں باقاعدگی سے اور باجماعت ادا کریں اور تہجد پڑھنے کی بھی کوشش کریں۔ انہیں مسلسل آنحضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر درود بھیجنا چاہیے، اپنے گناہوں کی معافی مانگنی چاہیے اور استغفا ر میں مداومت اختیار کرنی چاہیے ۔ انہیں اپنے دل کی گہرائیوں سے اللہ تعالیٰ کے احسانات کو یاد رکھنا چاہیے اور اس کی حمد و ثنا کو اپنے روز مرہ معمول کا حصہ بنانا چاہیے۔

اس زمانہ میں اللہ تعالیٰ نے ہمیں نظام خلافت احمدیہ سے نوازا ہے ۔پس ہر احمدی کو خلافت کا وفادار، مخلص اور فرمانبردار رہنا چاہیےاور خلیفۃ المسیح کے ساتھ محبت و اخلاص کے اپنے تعلق کو مزید مضبوط کرنا چاہیے۔ اس ضمن میں یہ بات یاد رکھیں کہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے ساتھ کامل اطاعت اور عقیدت کا ہمارا عہد اور آپؑ کے ساتھ ایسا قریبی تعلق قائم کرنے کی ذمہ داری جو ہر دنیاوی رشتہ اور تعلق سے بڑھ کر ہو اور جس کا آپؑ نے اپنی جماعت کے افراد سے تقاضا فرمایا، اسی عزم اور لگن کے ساتھ خلیفۂ وقت کے ساتھ بھی جاری رہنا چاہیے۔ یہ اس لیے ہے کیونکہ خلافت احمدیہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی روحانی جانشین ہے۔

مَیں آپ کی توجہ تبلیغ کی ذمہ داریوں کی طرف بھی دلانا چاہتا ہوں جو ہر احمدی مسلمان کے ليے لازمی ہے۔ آپ کو حکمت عملی سے منصوبہ بندی کرنی چاہیے اور آسٹریا کے لوگوں تک اسلام احمدیت کا پُرامن پیغام پہنچانے کے لیے نئے ذرائع تلاش کرنے چاہئیں۔اللہ تعالیٰ اس نیک کام میں آپ کو ہر قسم کی کامیابی بخشے۔

آخر میں، مَیں دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ آپ کے جلسہ کو عظیم کامیابی عطا فرمائے اور آپ کو توفیق دے کہ آپ اپنی زندگیوں میں ایک حقیقی تبدیلی پیدا کریں اور تقویٰ اور نیک اعمال نیز اسلام احمدیت اور انسانیت کی خدمت میں مزید بڑھائے۔ اللہ تعالیٰ آپ سب پر فضل فرمائے۔

مزید پڑھیں: مجلس انصار اللہ ہالینڈکی نویں چیریٹی واک ۲۰۲۶ء

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button