اطلاعات واعلانات
نوٹ: اعلانات صدر؍ امیر صاحب حلقہ؍جماعت کی تصدیق کے ساتھ آنا ضروری ہیں
سانحہ ارتحال
ثاقب محمود عاطف صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل آسٹریلیا تحریر کرتے ہیں کہ محمد صادق صاحب (گفٹ سنٹر ربوہ والے) حال مقیم سڈنی، آسٹریلیا بقضائے الٰہی مورخہ ۱۸؍ستمبر ۲۰۲۶ء بروز جمعۃ المبارک ۷۴؍سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔
مرحوم وفات سے قبل علیل تھے اور ہسپتال میں زیر علاج تھے جہاں ان کی وفات ہوئی۔ مورخہ ۲۱؍ستمبر بروز سوموار مسجد بیت الہدیٰ سڈنی میں مکرم انعام الحق کوثر صاحب امیر جماعت آسٹریلیانے نماز جنازہ پڑھائی جس کے بعد Riverstone کے قبرستان میں تدفین عمل میں آئی۔
مرحوم تقریباً ۲۵؍سال قبل پاکستان سے سڈنی، آسٹریلیا تشریف لائے اور کچھ عرصہ بعد انہیں فالج کا حملہ ہوا جس کے باعث ان کی صحت شدید متاثر ہوئی۔ تاہم انہوں نے نہایت جوانمردی سے اس بیماری کا مقابلہ کیا اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے دوبارہ چلنے پھرنے کے قابل ہوگئے، اگرچہ فالج کے اثرات سے مکمل طور پر صحت یاب نہ ہوسکے۔
کمزور صحت کے باوجود مرحوم تبلیغ احمدیت کے لیے ہمیشہ کوشاں رہے۔ خدمت خلق کا جذبہ ان کے اندر کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا تھا اور انہوں نے احباب جماعت کے علاوہ غیر از جماعت افراد کی خدمت میں بھی کبھی کوئی کسر نہ چھوڑی۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے وہ اپنے گھر اور مسجد میں ہومیوپیتھک ادویہ سے علاج کے ذریعے لوگوں کی خدمت کرتے رہے اور اس خدمت کے بارے میں کہا کرتے تھے کہ وہ یہ سب کچھ اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے کرتے ہیں۔
مرحوم کے دل میں خلافت سے بے انتہا محبت تھی جس کا اظہار ان کی گفتگو سے ہوتا تھا۔ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے انہیں خاص عشق تھا۔ جب بھی حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی شفقتوں کا ذکر کرتے تو ان کی آواز رندھ جاتی اور آنکھوں سے آنسو جاری ہوجاتے۔
مرحوم نے اپنے پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ تین بیٹے اور دو بیٹیاں سوگوار چھوڑی ہیں۔
اللہ تعالیٰ سلسلہ کے اس بے لوث خادم اور خلافت کے فدائی پر اپنی بے شمار رحمتیں نازل فرمائے، ان کی مغفرت فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ نیز ان کے لواحقین کو ان کی نیکیاں جاری رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
٭…٭…٭



