جماعت احمدیہ برکینافاسو کی سرگرمیوں کی ایک جھلک (اپریل تا جون ۲۰۲۶ء)
اللہ تعالیٰٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ برکینافاسو کو اپریل تا جون ۲۰۲۶ء، مختلف مساعی کی توفیق ملی۔ اس مساعی کی تفصیل ہدیۂ قارئین ہے۔
٭…یکم اپریل کو صحافیوں کا ایک وفد بیرون ملک سے برکینا فاسو تشریف لایا اور انہوں نے سینٹرل مشن میں مکرم میاں قمر احمد صاحب امیرو مبلغ انچارج برکینافاسو سے بھی ملاقات کی۔ یہ صحافی احمدی تھے۔
٭…یکم اپریل سے اگلے تین دن کے لیے واگا ڈوگو ریجن میں لوکل مشنریز کا ایک ریفریشر کورس منعقد ہوا۔

٭…۳؍اپریل کے خطبہ جمعہ میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے برکینا فاسوسے تعلق رکھنے والے ایک احمدی خادم کی شہادت کا ذکر فرمایا۔
٭… ۹؍اپریل کو برکینا فاسوکے ریجن لیو میں ایک مسجد کا سنگ بنیاد رکھا گیا جو کہ بربئیر گاؤں میں تعمیر کی جائے گی۔ اس تقریب میں ریجنل مشنری کے علاوہ لوکل مشنری، ریجنل قائد خدام الاحمدیہ اور گاؤں کے چیف نےشرکت کی۔

٭… ۹؍اپریل کو مسرور ہیلتھ کیئر ایسوسی ایشن برکینا فاسو نے حکومت کے ساتھ ایک ہیلتھ انشورنس پلان معاہدہ میں شمولیت پر دستخط کیے۔
٭…۱۰؍۱پریل کو برکینا فاسوکے ریجن ددگو میں مجلس خدام الاحمد یہ و اطفال الاحمدیہ کی سطح پر ایک مجلس سوال و جواب منعقد کی گئی۔
٭…۱۰؍اپریل کو برکینا فاسوکے ریجن ددگو کی جماعت کاری میں لوکل مجلس عاملہ کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں مسجد کے افتتاح کے لیے کمیٹی بنائی گئی اور کارگزاری کا جائزہ لیا گیا۔ اسی طرح ریجنل مجلس انصار اللہ کا ایک وفد جماعت ورکئی میں شامل ہوا اور ریجنل اجتماع انصاراللہ کی تیاری کا جائزہ لیا گیا۔
٭…۱۱؍اپریل کو مسرور ہیلتھ کئیر ایسوسی ایشن برکینا فاسو نے نئے سال کے آغاز اور اس کے تحت ادارہ جات میں کام کرنے والوں کے اعزاز میں ایک عشائیہ منعقدد کیا اور سال گذشتہ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں میں انعامات تقسیم کیے۔

٭…۱۱؍اپریل کو خدام الاحمدیہ سولینزو کے خدام نے ایک وقار عمل کیا جس میں خودرَو جڑی بوٹیاں کاٹنا شامل تھا۔
٭…۱۲؍اپریل کو برکینا فاسوکی جماعت ددگو میں مجلس اطفال الاحمدیہ اور ناصرات الاحمدیہ کا ایک یوم مقابلہ جات جس میں ۲۳۷؍بچے جن میں سے ۱۲۰؍لڑکے اور ۱۱۷؍ناصرات شامل تھیں، منعقد ہوا۔ اس دن تین علمی مقابلہ جات جن میں حفظ قرآن کریم، دینی معلومات پر مشتمل سوال و جواب اور نماز، جبکہ تین کھیلوں کے مقابلے جن میں فٹ بال رسہ کشی اور دوڑ سو میٹر ہے شامل تھے۔
٭… ۱۲؍اپریل کوبرکینا فاسو کے ریجن بوبوجلاسو میں ایک سوال و جواب کی مجلس منعقد کی گئی۔
٭… ۱۲؍اپریل کو سینٹرل مشن سومگاندے میں لجنہ اماءاللہ کی طرف سے خدمت خلق کے شعبے کے تحت ایک تقریب منعقد کی گئی جس میںنیشنل صدرصاحبہ لجنہ اماءاللہ نے نقدی چار احمدی بیوگان میں تقسیم کی۔ یہ رقم شعبہ خدمت خلق کے تحت احمدی خواتین صابن بنا کر اور فروخت کر کے حاصل کرتی ہیں جو کہ ان بیوگان کو دی جاتی ہے تاکہ وہ روزمرہ کی زندگی میں کچھ آسانی حاصل کر سکیں۔
٭… ۱۴؍اپریل کو امیر صاحب برکینا فاسونے ایک وفد کے ہمراہ مدرسۃ الحفظ کا دورہ کیا اور مدرسے کے ساتویں اور آٹھویں طالب علم کے تکمیل حفظ القرآن کا جائزہ لیا اور دعا کروائی۔ مدرسۃ الحفظ سے ساتویں نمبر پر قرآن کریم حفظ کرنے کا اعزاز طالب علم وترہ موسیٰ کو جاتا ہے جو کہ بانفورہ ریجن کے ہیں اور آٹھویں حافظ قرآن ہونے کا اعزاز ودراگو عبدالغنی کو جاتا ہے جو کہ واگا ڈوگو ریجن سے تعلق رکھتے ہیں۔
٭… ۱۷؍اپریل کو جنرل سیکرٹری صاحب نے توگاں ریجن میں ایک مسجد کا افتتاع کیا۔ اس مسجد کے لیے عطیہ ایک احمدی بھائی چودھری فصیح الدین صاحب نے دیا تھا۔
٭…۱۹؍اپریل کو ددگو ریجن میں یوم وقف نو منایا گیا جس میں واقفین نو اور ان کے والدین کو مدعو کیا گیا۔ نیشنل سیکرٹری وقف نو اس میں خود شامل ہوئے۔ اس میں واقفین نو اور ان کے والدین کو ان سے متعلقہ ذمہ داریوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
٭… ۲۱؍اپریل اور ۲۳؍اپریل کو جماعت شیربا نے ایک بک سٹال لگایا اور جماعتی لٹریچر سے لوگوں کو متعارف کروایا۔
٭…۲۲؍اپریل کو ورکئی جماعت ریجن ددگو میں ایک وقار عمل کے تحت مسجد کی توسیع کی گئی۔
٭…۲۳؍اپریل کو جماعت سولینزو میں تعینات لوکل مشنری وترہ عباس صاحب نے وہاں کی لوکل اتھارٹیز سے جاکر ملاقات کی جس میں ہائی کمشنر صوبہ اور نیشنل پولیس کے کمشنر شامل ہیں۔
٭… ۲۴؍اپریل کو برکینا فاسوکے ریجن ددگو میں ریجنل مشنری اور زعیم انصار اللہ نے لوکل اتھارٹیز سے ملاقات کی جس میں صوبہ موہن کے ہائی کمشنر شامل ہیں۔
٭… ۲۴؍اپریل کو برکینا فاسوکے ریجن ددگو میں مجلس خدام الاحمدیہ کے تحت ایک مجلس سوال و جواب منعقد کی گئی۔
٭… ۲۴؍اپریل کو برکینافاسو کے ریجن ددگو میں ریجنل مبلغ اور لوکل مشنری نے ایک شام کو تبلیغ کا پروگرام منعقد کیا جس کے بعد سوال و جواب کا سلسلہ بھی جاری رہا اور اس موقع پر نماز تہجد کا بھی انتظام کیا گیا۔
٭… ۲۶؍اپریل کو ایم ٹی اے نیوز پر جامعۃ المبشرین برکینا فاسومیں منعقدہ جلسہ یوم مصلح موعودؓ کی خبر نشر کی گئی۔
٭… ۲۶؍اپریل کو مکرم امیر صاحب برکینا فاسونے ددگو ریجن کا دورہ کیا اور کاری جماعت کے ممبران سے جا کر ملاقات کی اور انہیں نظام جماعت اور خلافت سے مضبوطی کے ساتھ تعلق باندھے رکھنے کی تلقین کی۔
٭… ۲۷؍اپریل کو امیر صاحب نے برکینا فاسوکے ایک ریجن کودگو کا دورہ کیا اور وہاں پر تعینات تمام لوکل مشنریز سے میٹنگ بھی کی۔
٭… یکم مئی برکینا فاسو کے کایا ریجن میں حکومتی سطح پر شروع کیے گئے تعمیراتی پراجیکٹ فاسو میبو میں جماعت کے ممبران نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور تین گھنٹے کے لیے اپنی خدمات پیش کیں اور اس کے علاوہ ایک ٹرک ریت اور پانی اور کھانے کے ۱۰۰؍پیکٹ بھی تقسیم کیے۔
٭… ۹؍مئی کو مجلس خدام الاحمدیہ لیو ریجن کا ریجنل اجتماع منعقد ہوا جس میں مہتمم اطفال مجلس خدام الاحمدیہ برکینا فاسوبطور نمائندہ شامل ہوئے۔
٭… ۹؍مئی کو برکینا فاسو کے ریجن ہونڈے میں اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ منعقد ہوا اور مہتمم اشاعت بطور نمائندہ شامل ہوئے۔
٭… ۱۰؍مئی کو برکینا فاسو کے ریجن بوبو جلاسو میں موجود جماعت احمدیہ کی مسجد کے موذن مکرم توئے سے کوتیجان صاحب وفات پا گئے۔
٭…۱۰؍مئی کو ایم ٹی اے نیوز پر جماعت احمدیہ برکینا فاسو میں ماہ رمضان کے دوران خدمت خلق کے کاموں سے متعلق ایک رپورٹ نشر کی گئی۔
٭… ۱۳؍مئی کو جماعت احمدیہ کے فادا ریجن سے ایک وفد لوکل اتھارٹیز سے ملنے کے لیے گیا اور وہاں کے گورنر ریجن سے ملاقات کی، جماعت کا تعارف کروایا اور جماعت کی مساعی کے متعلق آگاہ کیا۔
٭… ۱۶؍مئی کو جماعت احمدیہ برکینافاسو کی نیشنل مجلس شوریٰ منعقد ہوئی۔
٭… ۲۲؍مئی کو امیر صاحب نے ددگو ریجن میں تعمیر ہونے والی جماعت احمدیہ بر کینا فاسوکی سب سے بڑی مسجد کا افتتاح کیا۔
٭… ۲۴؍مئی کو مسرور ہیلتھ کئیر ایسوسی ایشن برکینا فاسو کی مجلس شوریٰ منعقد ہوئی۔
٭… ۲۵؍مئی کو ناظم مال مجلس خدام الاحمدیہ ریجن بوبو جلاسو مکرم عبدالرحمٰن سورے صاحب کا انتقال ہوا۔
٭… ۲۷؍مئی کو عید الاضحی ملک بھر میں منائی گئی۔ اس موقع پر ایک لوکل مشنری حافظ بشیر سورے صاحب کا ایک ٹی وی چینل فل انفو ٹی وی نے لوکل زبان مورے میں عیدالاضحی کے متعلق انٹرویو بھی نشر کیا۔ برکینا فاسوکے سینٹرل مشن سومگاندےمیں عید الاضحی کی نماز ۲۷؍مئی کو ساڑھے آٹھ بجے ادا کی گئی جس کی امامت مکرم امیر صاحب برکینافاسو نے کروائی۔
عید الاضحی کی تقریبات کے ذیل میں ہی کوپیلا ریجن کے مبلغ نے وہاں کی لوکل اتھارٹیز سے ملاقات کی اور انہیں عیدمبارک کا پیغام دیا جس میں وہاں کے ہائی کمشنر اور مسیحی راہنما شامل تھے۔
برکینا فاسو میں جماعت احمدیہ کی عید الاضحی کے متعلق مختلف سرگرمیوں کو پریس اور میڈیا نے کوریج دی جس میں ریفلیکٹ انفو اور لفاسو ڈاٹ نیٹ شامل ہیں۔
٭… ۳۰؍مئی کو ایک احمدی مکرم زیربو عبدالحئی صاحب جو کہ اقتصادی منسٹری میں کام کرتے تھے، وفات پا گئے۔
٭… ۸؍جون کو مکرم امیر صاحب برکینا فاسونے بوبوجلاسویجن کا دورہ کیا اور وہاں تین مختلف جماعتوں میں تقریب آمین منعقد ہوئی۔
٭… ۱۰؍جون کو ایم ٹی اے نیوز پر جامعۃ المبشرین برکینا فاسو میں منعقدہ مسرور فٹ بال ٹورنامنٹ کے متعلق ایک رپورٹ نشر کی گئی۔
٭… ۱۸؍جون کو برکینا فاسو کے ریجن کایا کی کے ایک وفد نے وہاں کی ایک جیل کا دورہ کیا جس میں انہوں نے ۵۰؍جوڑے کپڑوں کے اور دانتوں کی صفائی سے تعلق رکھنے والی چیزوں پر مشتمل کل ۳۲؍کِٹ، ۲؍کارٹن صابن، ۲۰؍کپ، ۳؍بوری صفائی میں استعمال ہونے والی اشیاء اور مچھروں سے بچاؤ کی اشیاء کے ۲۷؍پیکٹ تقسیم کیے۔
٭… ۱۷؍جون کو مکرم امیر صاحب مع جنرل سیکرٹری، منسٹری آف فارن افیئرز گئے اور وہاں سیکرٹری جرنل آف فارن منسٹر سے ملاقات کی اور جماعت کا تعارف کروایا۔
٭… ۱۹؍جون کو گاوا ریجن میں جماعت احمدیہ برکینا فاسو کی ایک مسجد کا افتتاح کیا گیا۔
٭… ۱۹؍جون کو جامعۃ المبشرین برکینا فاسو میں عطیہ خون کی اہمیت سے متعلق ایک سیمینار منعقد کیا گیا۔
٭… ۱۹؍جون کو نائب امیر کا بور ے سلیمان صاحب نے جماعت احمدیہ برکینا فاسوکے ریجن گاوا میں ایک مسجد کا افتتاح کیا۔ اس افتتاح کے موقع پر ہائی کمشنر صوبہ اور گورنمنٹ کے دوسرے نمائندگان کے علاوہ ایک بڑی تعداد میں شخصیات نے شرکت کی۔
٭… ۲۰؍جون کو مسرور ہیلتھ کیئر ایسوسی ایشن برکینا فاسو نے یوم شجر کاری منعقد کیا۔
٭… ۲۰؍جون کو مسرور میڈیکل سینٹر، مجلس خدام الاحمدیہ برکینا فاسو اور ذیابیطس ایسوسی ایشن برائے نوجوانان برکینا فاسو کے باہم تعاون سے ایک عطیہ خون کا دن منعقد کیا گیا جس میں ۸۵؍یونٹ خون اکٹھا کیا گیا۔ اسی کے ساتھ ذیابیطس کے چیک اپ بھی مفت مہیا کیے گئے جس سے ۱۰۰؍سے زیادہ احباب نے استفادہ کیا۔
(رپورٹ:راجہ اظہار احمد ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: کینیا بھر میں جلسہ ہائے سیرت النبی کا با برکت انعقاد




