یورپ (رپورٹس)

فضل مسجد کے صد سالہ جشن کے موقع پر ڈنفرملائن، ایڈنبرا، سکاٹ لینڈکے نئے مرکز میں تقریب کا انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ سکاٹ لینڈ ریجن کے زیر انتظام ڈنفرملائن میں واقع نئے مرکز بیت الواحد، James Allen Centre, Fife میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں جماعت کے ۶۸؍ممبران و کارکنان سمیت ۱۱۰؍افراد نے شرکت کی۔ ان میں ۴۲؍غیر از جماعت مہمان بھی شامل تھے۔

’’مسجد فضل، امن کا مینار: استحکام، وفاداری اور خدمت کی ایک صدی‘‘ کے عنوان سے منعقدہ یہ تقریب لندن کی مسجد فضل کی صد سالہ یاد کے حوالے سے منعقد ہوئی۔ مسجد فضل برطانیہ کے دارالحکومت میں تعمیر ہونے والی پہلی خصوصی طور پر تعمیر شدہ مسجد ہے جس کا افتتاح ۳؍اکتوبر ۱۹۲۶ء کو ہوا تھا۔ یہ تقریب جماعت احمدیہ ایڈنبرا کے نئے مرکز کی حوالگی کے چند روز بعد منعقد ہوئی اور اس مرکز میں جماعتی سرگرمیوں کے ایک نئے دور کا آغاز ہوا۔

مہمانوں کی آمد پر رجسٹریشن، ریفریشمنٹ اور ایک خصوصی نمائش کا اہتمام کیا گیا جس میں گذشتہ ایک صدی کے دوران ایمان، خدمت اور معاشرتی ہم آہنگی کے حوالے سے جماعت احمدیہ کی خدمات کو اجاگر کیا گیا۔ مرکز کے بعض ہمسائے بھی دن کے دوران غیر رسمی طور پر تشریف لائے اور نئے مرکز کا مشاہدہ کیا۔

باقاعدہ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ بعد ازاں David Barratt MSP کا خصوصی ویڈیو پیغام اور مسجد فضل کی تاریخ پر مبنی ایک معلوماتی ویڈیو پیش کی گئی۔ اس کے بعد ایک مختصر پریزنٹیشن کے ذریعہ سکاٹ لینڈ بھر میں جماعت احمدیہ کی جاری فلاحی و رفاہی خدمات کا تعارف پیش کیا گیا۔

تقریب میں Councillor Gordon Pride (Dunfermline), Mrs Isla Dewar (Head of Fundraising for Scotland, Macmillan Cancer Support), Mrs Nila Joshi (Representative from the Edinburgh Women‘s Interfaith Group), Sergeant Daniel Oluwagbenga (British Army, Edinburgh) اور Rev. Norman Grant نے اظہار خیال کیا۔ مقررین نے جماعت احمدیہ کی انسانی ہمدردی پر مبنی خدمات کو سراہا اور باہمی تعاون و خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔ تقاریر کے بعد حاضرین نے مسجد فضل سے براہ راست نشر ہونے والے پروگرام سے بھی استفادہ کیا۔

دعا کے بعد حاضرین کی عشائیہ سے تواضع کی گئی۔ ایڈنبرا اور فائف جماعتوں کی جانب سے مہمانوں کو خصوصی طور پر تیار کردہ جماعتی لٹریچر بھی بطور تحفہ پیش کیا گیا۔

تقریب کے بعد متعدد شرکاء نے سوشل میڈیا اور ای میل کے ذریعہ اپنے شکریہ اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ بعض شخصیات اور معززین جو تقریب میں ذاتی طور پر شریک نہ ہو سکے، جن میں مقامی رکن پارلیمنٹ اور پولیس افسران شامل تھے، نے بھی اپنے پیغامات کے ذریعہ نئے مرکز میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

(رپورٹ: ارشد محمود خاں۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: جاپان میں ناگویا یونیورسٹی کے طلبہ اور ریسرچ اسکالرز کے ساتھ تبلیغی نشست

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button