لجنہ اماء اللہ برکینافاسوکے اٹھارھویں سالانہ اجتماع ۲۰۲۶ءکا کامیاب انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے لجنہ اماء اللہ برکینافاسو کا ۱۸واں سالانہ اجتماع ’’ڈیجیٹل دور میں اپنی دینی زندگی کیسے بسر کریں؟‘‘ کے مرکزی موضوع پر مورخہ ۲۵تا ۲۷؍ستمبر ۲۰۲۶ء کو نیشنل ہیڈکوارٹر واگادوگو میں منعقد ہوا۔
اجتماع میں شرکت کے لیے ملک بھر سے وفود کی آمد کا آغاز جمعرات ۲۴؍ستمبر کو دوپہر دو بجے سے ہوگیا۔ شام کو شرکاء کو لجنہ اماء اللہ کی سرگرمیوں کی یادگار جھلکیوں پر مشتمل سلائیڈز دکھائی گئیں۔ اسی طرح ایک تعلیمی و تربیتی موضوع پر دستاویزی ویڈیو بھی دکھائی گئی جس میں شرکاء نے دلچسپی سے حصہ لیا۔
پہلا روز:جمعہ ۲۵؍ستمبر کو دن کا آغاز اجتماعی نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر کے بعد ’’شرک کی اقسام‘‘ کے موضوع پر درس ہوا۔

صبح نو بجے مکرمہ باری امو باپینا صاحبہ صدر لجنہ اماء اللہ برکینافاسو کی زیر صدارت افتتاحی اجلاس منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم، عہد اور نظم کے بعد صدر صاحبہ نے افتتاحی تقریر کی اور دعا کروائی۔ بعد ازاں اجتماع کے مرکزی موضوع پر مکرمہ فاطمہ Ogundare صاحبہ نے تقریر کی۔ مہمانوں نے اپنے تاثرات بھی پیش کیے۔ اجلاس کے اختتام پر مہمانوں کو نمائش کا دورہ کروایا گیا۔
دوپہر ۱۲؍بجے ایم ٹی اے کے ذریعے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ براہ راست اجتماع گاہ میں دکھایا گیا، جسے تمام شرکاء نے فرانسیسی زبان میں سنا۔ اس کے بعد نماز جمعہ ادا کی گئی۔
اجتماع کے دوران لجنہ ممبرات اور ناصرات کے الگ الگ علمی و ورزشی مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ مجموعی طور پر ۳۹؍مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ شام کو نیشنل مجلس عاملہ اور ریجنل صدور لجنہ اماء اللہ کی نیشنل صدر صاحبہ لجنہ اماءاللہ برکینافاسو کے ساتھ میٹنگ ہوئی۔
دوسرا روز:دوسرے روز کا آغاز بھی اجتماعی نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر کے بعد ’’نماز کے دوران ممنوعہ حرکات‘‘ کے موضوع پر درس ہوا۔ دوپہر کو برکینافاسو میں احمدی طلبہ و طالبات کی تنظیم FEEMAB کے لجنہ سیکشن کا اجلاس منعقد ہوا جس میں تنظیم کی عہدیداران کا انتخاب کیا گیا۔
بعد از دوپہر اختتامی اجلاس سے قبل تمام ریجنز نے اپنے خوبصورت بینرز اٹھا کر باری باری پریڈ کی۔ اس موقع پر پُرجوش نعرے لگائے گئے۔ ہر ریجن نے اپنے بینر پر درج علمی و تربیتی پیغام کی مہمان خصوصی کے سامنے وضاحت بھی کی۔

ناصرات کا اجلاس: اجتماع کے دوسرے روز ناصرات الاحمدیہ کا الگ اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت مکرمہ انیسہ نورالدین صاحبہ صدر لجنہ اماء اللہ گھانا نے کی۔ ناصرات نے پُرجوش انداز میں حصہ لیا اور تلاوت قرآن کریم، نظم اور تقریر پیش کی۔ صدر مجلس نے ناصرات کا عہد دہرایا۔ بعد ازاں ناصرات نے ایک تربیتی خاکہ پیش کیا۔ علمی و ورزشی مقابلہ جات میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی ناصرات میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ آخر میں صدر مجلس نے تقریر کی اور دعا کروائی۔
مجلس شوریٰ:ہفتہ کی شام صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ برکینافاسو کی زیر صدارت نیشنل مجلس شوریٰ کا اجلاس منعقد ہوا۔ اس میں دو تجاویز پر سب کمیٹی نے اپنی سفارشات پیش کیں۔ اسی طرح سال ۲۰۲۶ء تا ۲۰۲۷ء کا بجٹ بھی پیش کیا گیا۔ شوریٰ کی تجاویز درج ذیل تھیں:
۱۔ اس دور میں غذائی ضروریات کی بڑھتی ہوئی قلت کو دور کرنے کے لیے لجنہ اماء اللہ کس طرح اپنا کردار ادا کر سکتی ہے؟
۲۔ احمدی بچیوں اور بچوں کی شادیاں احمدی خاندانوں میں کروانے کو فروغ دینے کے لیے کیا حکمت عملی اپنائی جائے؟
نمائش:اجتماع گاہ میں ایک خوبصورت نمائش بھی لگائی گئی جس میں مختلف ریجنز کی لائی ہوئی اشیاء رکھی گئی تھیں۔ ہر ریجن سے لجنہ ممبرات اور ناصرات مختلف اشیاء اور ثقافتی چیزوں کے نمونے تیار کرکے لاتی ہیں اور اپنے الگ سٹال پر پیش کرتی ہیں۔ نمائش میں اشیاء کے معیار اور تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے بہترین کارکردگی دکھانے والے ریجن کو انعام دیا جاتا ہے۔ امسال ددگو ریجن نمائش میں اول قرار پایا۔
آمنہ میگزین:اللہ تعالیٰ کے فضل سے لجنہ اماء اللہ برکینافاسو کا نمائندہ رسالہ ’’آمنہ میگزین‘‘ جاری ہوچکا ہے۔ امسال اجتماع کے موقع پر اس کا چوتھا ایڈیشن منظر عام پر آیا۔ ۶۴؍صفحات پر مشتمل اس خوبصورت میگزین کا مرکزی موضوع ’’قرآن مجید‘‘ تھا۔ رسالے میں علمی مضامین، تاریخ لجنہ، دینی معلومات، لجنہ اماءاللہ کی سرگرمیوں اور دیگر مفید موضوعات پر مواد شامل کیا گیا ہے۔
غیر ملکی وفود کی شرکت:اجتماع میں گھانا سے لجنہ اماء اللہ کا ۱۲؍رکنی وفد صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ گھانا کی معیت میں شامل ہوا۔ اسی طرح ہمسایہ ملک ٹوگو سے بھی چار رکنی وفد نے شرکت کی۔
تیسرا روز:تیسرے روز کا آغاز اجتماعی نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر کے بعد جلسہ سالانہ یوکے ۲۰۲۵ء کے موقع پر حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے مستورات سے بصیرت افروز خطاب کا خلاصہ مکرمہ مادام سکاندے عائشہ صاحبہ نے پیش کیا۔
اس کے بعد مجلس شوریٰ کا دوسرا اجلاس منعقد ہوا جس میں شوریٰ کی تجاویز پر قائم سب کمیٹیوں نے اپنی اپنی رپورٹس پیش کیں۔ صدر صاحبہ نے اختتامی تقریر کی اور دعا کروائی۔ بعد ازاں تمام شرکاء نے اجتماع گاہ کی صفائی میں حصہ لیا جس کے بعد وفود اپنے اپنے ریجنز کے لیے روانہ ہوگئے۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے ملک بھر کے ۱۶؍ریجنز سے کُل ۶۵۰؍لجنہ ممبرات اور ناصرات نے اجتماع میں شرکت کی۔
اللہ تعالیٰ تمام بہنوں کی کاوشوں اور قربانیوں کو قبول فرمائے اور انہیں اس اجتماع کی برکات سے وافر حصہ عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: چودھری نعیم احمد باجوہ، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں:فضل مسجد کے صد سالہ جشن کے موقع پر ڈنفرملائن، ایڈنبرا، سکاٹ لینڈکے نئے مرکز میں تقریب کا انعقاد




