حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…لیبیا کے ساحل کے قریب تارکینِ وطن کی کشتی ڈوبنے سے ۵۵؍افراد، جن میں دو بچے بھی شامل ہیں، ہلاک یا لاپتا ہو گئے جبکہ صرف نائیجیریا کی دو خواتین کو زندہ بچایا جا سکا۔ حادثہ ۶؍ فروری کو زوارہ کے شمال میں پیش آیا، کشتی میں پانی بھرنے سے وہ اُلٹ گئی۔ ایک خاتون کے شوہر جبکہ دوسری کے دو بچے اس سانحے میں جاں بحق ہو گئے۔ متاثرین کے مطابق کشتی ۵ فروری کی رات الزاویہ سے روانہ ہوئی تھی۔

٭…ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ دشمن اس وقت تک ایرانی قوم کو ہراساں کرتے رہیں گے جب تک وہ مایوس نہ ہو جائیں۔ ان کے مطابق حقیقی قومی طاقت میزائلوں اور طیاروں سے زیادہ عوام کی قوتِ ارادی، اتحاد اور استقامت میں ہوتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ انقلابِ اسلامی کی سالگرہ کے موقع پر ایرانی عوام کی بھرپور ریلیاں دشمن کے عزائم کو ناکام اور انہیں مایوس کردیں گی۔

٭…بنگلہ دیش میں انتخابات کے لیے تقریباً ۲۴؍ ہزار پولنگ اسٹیشنز ہائی اور میڈیم رسک قرار دیے گئے ہیں۔ انسپکٹر جنرل پولیس کے مطابق ۸,۷۷۰؍مراکز ہائی رسک جبکہ ۱۶؍ہزار میڈیم رسک ہیں۔ ہر پولنگ اسٹیشن پر تین درجاتی سیکیورٹی پلان نافذ کیا جائے گا جس کے تحت اندر پولیس اہلکار اور باہر موبائل پیٹرول ٹیمیں موجود ہوں گی۔ آئی جی پولیس کے مطابق اسّی سے نوّے فیصد پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کی نگرانی ہوگی، جبکہ ہائی رسک مراکز پر پولیس باڈی کیمروں کے ساتھ تعینات ہوگی تاکہ انتخابات کے دوران امن و امان برقرار رکھا جا سکے۔

٭…برطانیہ میں مسلسل موسلا دھار بارشوں کے باعث ملک کے تقریباً ایک سو علاقوں میں سیلاب کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ نیشنل انوائرمنٹ ایجنسی نے ۹۸؍سیلاب وارننگز اور ۱۵۸؍ فلڈ الرٹس جاری کیے ہیں۔ بارشوں کے نتیجے میں کم از کم تین صد گھر متاثر ہو چکے ہیں اور اسکاٹ لینڈ و ویلز میں بھی سیلاب کے امکانات ہیں۔ برطانوی میڈیا کے مطابق شدید بارشوں کے سبب ٹرانسپورٹ سسٹمز پر بھی اثر پڑنے کا خدشہ ہے۔

٭…امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران جوہری اور بیلسٹک میزائل پروگرام پر امریکہ کے ساتھ معاہدہ کرنا چاہتا ہے اور اگر ایران معاہدہ نہیں کرے گا تو یہ بے وقوفی ہوگی۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے پاک بھارت کشیدگی پر بھی بات کی، کہا کہ جنگ کے دوران دس طیارے گرائے جا چکے تھے اور پاکستان و بھارت ایٹمی تصادم کی طرف بڑھ رہے تھے۔ دوسری جانب امریکی میڈیا کے مطابق حکام ایرانی تیل بردار جہازوں کو قبضے میں لینے پر غور کررہے ہیں تاکہ ایران پر دباؤ بڑھایا جا سکے، تاہم اس کے عالمی تیل منڈی اور ایران کی جوابی کارروائی پر اثرات کا خدشہ بھی ہے۔

٭…امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ اگر تہران نے امریکہ کے مطالبات تسلیم نہ کیے تو اسے انتہائی سخت اقدامات، بشمول ممکنہ فوجی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ الجزیرہ کے مطابق ٹرمپ نے اسرائیلی ٹی وی کو بتایا کہ یا تو ایران کے ساتھ معاہدہ ہو گا یا امریکہ سخت قدم اٹھائے گا۔ امریکہ نے مشرق وسطیٰ میں اپنی فوجی موجودگی بڑھا دی ہے، ایک طیارہ بردار جہاز یو ایس ایس ابراہم لنکن تعینات ہے اور دوسرا بھیجنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ امریکی تجارتی جہازوں کو ایرانی سمندری حدود سے دور رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ٹرمپ کے مطالبات میں یورینیم افزودگی کا خاتمہ، خطے میں اتحادی مسلح گروہوں سے تعلقات ختم کرنا اور بیلسٹک میزائل پروگرام محدود کرنا شامل ہیں، اور ان کے مطابق مطالبات نہ ماننا ایران کی بیوقوفی ہو گی۔

٭…اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں نمازِ جمعہ ۶ فروری کے دوران مسجد خدیجۃ الکبریٰ میں خودکش دھماکے میں ۳۱؍ افراد شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق حملہ آور نے مسجد میں داخلے سے روکنے پر خود کو اڑا لیا۔ آئی جی اسلام آباد کے کزن کی بھی اس دھماکے میں وفات ہوئی۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکے سے پہلے فائرنگ کی آوازیں بھی سنائی دیں۔ دھماکے کے بعد پولیس، فوج اور رینجرز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، زخمیوں کو پمز اور پولی کلینک ہسپتال منتقل کیا گیا اور تمام ہسپتالوں میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی۔

٭…برطانوی وزیر خارجہ ایویٹ کوپر نے اسلام آباد میں خودکش حملے کو انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والا قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے خیالات متاثرین اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں۔ ایویٹ کوپر نے برطانیہ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

یہ بھی پڑھیں
Close
Back to top button