امریکہ (رپورٹس)

برازیل میں جماعت احمدیہ کے مرکز میں نئے سال ۲۰۲۶ء کی استقبالیہ تقریب کا انعقاد

جماعت احمدیہ برازیل گذشتہ کچھ برسوں سے نئے سال کے آغاز پر ایک استقبالیہ تقریب کا اہتمام کرتی ہے جس میں میڈیا کے سرکردہ افراد کو مدعو کیا جاتا ہے۔ اسی ضمن میں مورخہ ۲۴؍جنوری بروز ہفتہ برازیل میں جماعت احمدیہ کے مرکز بیت الاول، پیٹروپولس میں نئے سال ۲۰۲۶ء کے حوالے سے ایک یادگار استقبالیہ کا انتظام کیا گیا جوگذشتہ برسوں کی نسبت بہت کامیاب رہا۔ شہر کے ميئر کی نمائندگی میں ان کی پرسنل اور آفس سیکرٹری Rosângela Stumpf نیز ان کی کابینہ میں سے سیکرٹری تعلیم Poliana Ferrarez، سیکرٹری اقتصادی امور Samir El Ghaoui، سٹی کونسل کے نائب صدر Octavio Sampaio، ریو دی جانئیرو گورنمنٹ کے سیکرٹری کے خصوصی نمائندہ Ronaldo Medeiros، شہر کی ایک اخبار کے مالک Dom Francisco اور ایڈیٹر Vitor Carneiro، ایک اور اخبار کی ایڈیٹر Jaqueline Gomes کے علاوہ متعدد کونسلرز، یہودیت اور عیسائیت کے معروف نمائندے اور دیگر معزز افراد نے شرکت کی۔

اتنی تعداد میں سرکردہ افراد کا مشن ہاؤس کی کسی تقریب میں شامل ہونے کا یہ پہلا موقع تھا۔ تقریب کے ليے خصوصی انتظامات کيے گئے تھے، ہال اور ارد گرد کے ماحول کو مختلف بینرز سے سجایا گیا تھا، خاص طور پر حضرت اقدس مسیح موعودؑ اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی تصاویر والے بینرز نمایاں جگہوں پر آویزاں کيے گئے تھے۔

اس پُروقار تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم سے ہوا۔ مکرم ندیم احمد طاہر صاحب جنرل سیکرٹری نے مہمانوں کا تعارف کرایا۔ خاکسار (مبلغ انچارج برازیل) نے اپنی گزارشات میں آنحضرت ﷺ کی حدیث کہ قوم کا سردار قوم کا خادم ہوتا ہے، پر اظہار خیال کیا۔ اس مختصر کارروائی کے بعد ایک یادگار گروپ فوٹو لیا گیا اور شاملین کی کھانے سے تواضع کی گئی۔ کھانے کے دوران اور بعد میں بھی مہمانوں سے گفتگو کا سلسلہ جاری رہا۔ ان میں سے جو پہلی بار آئے تھے ان کو مسجد اور لائبریری کا دورہ بھی کروایا اور تفاصیل بتائیں۔ کئی اداروں کے نمائندگان نے جماعت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور اس قسم کے پر امن پروگرام کے انعقاد پر بہت خوشی کا اظہار کر تے ہوئے جماعت احمدیہ کا شکریہ ادا کیا اورمبارکباد دی۔ کئی افراد جو نہیں آسکے ان کی طرف سے خیرسگالی کے پیغامات موصول ہوئے۔ اس طرح سے اللہ تعالیٰ کے فضل سے بہت اچھا اور کامیاب پروگرام منعقد ہوا۔ الحمدللہ

اس تقریب میں سیاسی، مذہبی اور میڈیا سے تعلق رکھنے والے ایسے افراد شامل تھے جو عملی زندگی میں آپس میں کھچاؤ رکھتے ہیں۔ چنانچہ جماعت احمدیہ کی طرف سے امن کے قیام کی اس کامیاب کوشش کو بہت سراہا گیا اور شہر کے اخباروں Tribuna de Petropolis اور Diario de Petropolis نے تصاویر کے ساتھ اس تقریب کی رپورٹس شائع کیں۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں ہمیشہ خلافت سے وابستہ رکھے، ہماری کوششوں کو قبول فرمائے اور ان میں برکت ڈالے اور یہاں کے لوگوں کے دلوں میں حق قبول کرنے کی طرف توجہ پیدا ہو۔ آمین

(رپورٹ:وسیم احمد ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

مزید پڑھیں: عوامی جمہوریہ کونگو کے ریجن کنشاسا کا چوبیسواں جلسہ سالانہ ۲۰۲۵ء

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button