مسیح موعودکا روحانی خزائن بانٹنا
پھر ایک اور حدیث ہے جس سے حضرت مسیح موعودعلیہ السلام کے مقام کا پتہ چلتاہے کہ کیوں ہمیں آپ سے اطاعت کا تعلق رکھنا ضروری ہے۔ حضرت ابوہریرہؓ روایت کرتے ہیں کہ آنحضرتﷺنے فرمایا: جب تک عیسیٰ بن مریم جو منصف مزاج حاکم اور امام عادل ہوں گے مبعوث ہوکر نہیں آتے قیامت نہیں آئے گی۔ (جب وہ مبعوث ہوں گے تو) وہ صلیب کو توڑیں گے، خنزیر کو قتل کریں گے، جزیہ کے دستور کو ختم کریں گے اور ایسا مال تقسیم کریں گے جسے لوگ قبول کرنے کے لئے تیار نہیں ہوں گے۔ (سنن ابن ماجہ کتاب الفتن باب فتنۃ الدجال و خروج عیسی بن مریم و خروج یاجوج و ماجوج)
تو اس حدیث میں بھی چونکہ سمجھنے کی ضرورت تھی، موٹی عقل کے لوگوں کو سمجھ نہیں آئی اور وہ ظاہری معنوں کے پیچھے چل پڑے۔ عجیب مضحکہ خیز قسم کی تشریح کرتے ہیں ۔صاف ظاہر ہے کہ خنزیر کو قتل کرنے سے مراد خنزیر صفت لوگوں کا قلع قمع کرنا ہے۔سوروں کی برائیاں ، باقی جانوروں کی نسبت تو اب ثابت شدہ ہیں ۔ تووہی برائیاں جب انسانوں میں پیدا ہوجائیں تو ظاہر ہے کہ ان کی صفائی انتہائی ضروری ہے۔ پھریہ ہے کہ وہ مال دیں گے، مال تقسیم کریں گے۔ تو ذہن میں آیا کہ ابھی چند دن پہلے پاکستان میں علماء نے جلسہ کیااور حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کے خلاف، جماعت کے خلاف انتہائی غلیظ زبان استعمال کرتے ہوئے ایک یہ بھی سوال اٹھایاکہ مسیح نے آ کرتو مال تقسیم کرناتھا نہ کہ لوگوں سے مانگناتھا۔دیکھو احمدی ( وہ تو قادیانی کہتے ہیں ) چندہ وصول کرتے ہیں ۔اس سے ثابت ہوا کہ یہ جھوٹے ہیں و ہ یہ ثابت کررہے ہیں ۔ ا ب ان عقل کے ا ندھوں کوکوئی عقلمند آدمی سمجھا نہیں سکتا کہ مسیح جو روحانی خزائن بانٹ رہاہے تم اس کو لینے سے بھی انکاری ہوچکے ہو۔
(خطبہ جمعہ ۱۹؍ستمبر ۲۰۰۳ءمطبوعہ الفضل انٹرنیشنل ۱۴؍نومبر۲۰۰۳ء)
مزید پڑھیں: جھوٹ کسی موقعہ پر بھی جائز نہیں



