ربوہ کا موسم(۱۰تا۱۶؍اپریل ۲۰۲۶ء)
۱۰؍اپریل جمعۃ المبارک کو نماز فجر کے وقت آسمان پر بادل موجود تھے اور ہلکی ہوا بھی چل رہی تھی، اس ہوا کی وجہ سے سارا دن موسم خوشگوار رہا۔ شام کو بادل کچھ مزید گہرے ہوگئے اور رات کو بارش شروع ہوگئی، ساتھ ہی ہوا میں بھی تیزی آگئی جو بادلوں کو اپنے ساتھ نامعلوم منز ل کی طرف لے اُڑی۔ ہفتہ کو مطلع جزوی طور پر ابر آلود تھا، آسمان پر کہیں کہیں بادل نظر آتے تھے, سورج نکلتا تو گرمی زیادہ محسوس ہوتی۔ اتوار کو بھی کچھ اسی طرح کا موسم رہا۔ موسم گرما واپس آتا جارہا ہے۔ دھوپ میں گرمی بڑھنا شروع ہوگئی ہے۔ ٹمپریچر بھی زیادہ ہونے لگا ہے۔ سوموار کو مطلع بالکل صاف تھا اور دھوپ خوب چمک رہی تھی، جس سے گرمی کی مقدار بڑھ گئی۔ کبھی کبھی باد صبا کا جھونکا موسم کے خوشگوار ہونے کا پتا دیتا تھا۔
منگل کو گرم دن تھا، آسمان صاف ہونے کی وجہ سے دھوپ اپنے جوبن پر تھی، تاہم ہلکی ہوا کی وجہ سے ٹمپریچر کچھ نارمل رہا۔ بدھ کا دن چڑھتے ہی خوب چمکتی دھوپ نے استقبال کیا۔ جس طرح گرمی بڑھ رہی ہے اسی طرح یہاں بجلی کی لوڈ شیڈنگ بھی زیادہ ہوتی جارہی ہے۔ جمعرات کو آسمان پر ہلکے بادل چھائے ہوئے تھے۔ سورج کی شعاعیں زمین تک کم پہنچ رہی تھیں۔ سر شام ہی ہوا چلنا شروع ہوگئی، رات کو اس کی رفتار میں اضافہ ہوگیا اور کچھ ہی دیر میں اس نے جھکڑ کی صورت اختیار کر لی۔ اس ہفتہ میں اوسط ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۳۴؍اور کم سے کم ۲۲؍ درجہ سینٹی گریڈ رہا۔ (ابو سدید)




