حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭… برطانیہ میں مستقل رہائش (سیٹلمنٹ) حاصل کرنے والوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق جون ۲۰۲۵ء میں ختم ہونے والے سال کے دوران ۱۶۳,۳۵۳؍سیٹلمنٹ گرانٹس جاری کی گئیں جو گذشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً ۱۸؍فیصد زیادہ ہیں۔رپورٹ کے مطابق ۲۰۱۸ء کے بعد سے سیٹلمنٹ گرانٹس میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے تاہم ۲۰۲۵ء کی دوسری سہ ماہی (اپریل تا جون) میں اس شرح میں معمولی کمی بھی نوٹ کی گئی۔اعداد و شمار کے مطابق ۳۹,۹۴۶؍گرانٹس ایسے افراد کو دی گئیں جنہیں پناہ گزین، انسانی تحفظ یا خصوصی بنیادوں پر رہائش حاصل تھی، خاندانی بنیادوں پر ۴۵,۱۷۰؍افراد کو مستقل رہائش دی گئی جو مارچ ۲۰۱۴ء کے بعد دوسری بڑی سالانہ تعداد ہے جبکہ ورک روٹ کے تحت ۵۹,۷۶۶؍گرانٹس اور ۱۸,۴۷۱؍گرانٹس دیگر کیٹیگریز میں شامل افراد کو دی گئیں۔ماہرین کے مطابق برطانوی حکومت کی جانب سے مقرر کردہ معیار پر پورا اترنے والے افراد ہی ان گرانٹس کے اہل ہوتے ہیں۔سیٹلمنٹ گرانٹ ملنے کے بعد افراد کو برطانیہ میں غیر معینہ مدت تک رہنے کی اجازت حاصل ہو جاتی ہے۔

٭… اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مندوب فو کانگ کا کہنا ہے کہ چین اور امریکہ کے تعلقات صرف آبنائے ہرمز تک محدود نہیں، تعلقات دونوں ممالک اور عوام کے مفاد میں ہیں۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ کے دورۂ چین کے وقت آبنائے ہرمز بند ہوئی تو یہ اہم ایجنڈا ہو گا۔چینی مندوب کا کہنا ہے کہ چین اور امریکہ کے مضبوط اور پائیدار تعلقات دنیا کے لیے بھی فائدہ مند ہیں۔انہوں نے کہا کہ باہمی احترام، پُرامن بقائے باہمی اور تعاون سے چین اور امریکہ کے تعلقات آگے بڑھ سکتے ہیں۔

٭… مشرقِ وسطیٰ میں جاری بحران کے اثرات برطانیہ تک پہنچنا شروع ہو گئے جہاں ملک بھر میں فارمیسیوں سے اہم ادویات غائب ہونے لگیں۔ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر صورتِ حال برقرار رہی تو آنے والے دنوں میں ادویات کی قلت سنگین شکل اختیار کر سکتی ہے۔رپورٹس کے مطابق بلڈ پریشر، مرگی اور کینسر کے علاج میں استعمال ہونے والی ادویات کی دستیابی متاثر ہو رہی ہے جس سے مریضوں کو فالج، ہارٹ اٹیک اور دوروں جیسے خطرات لاحق ہیں، ادویات کی کمی کے باعث مریض ذہنی دباؤ کا بھی شکار ہو رہے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر سپلائی چین میں خلل اس بحران کی بڑی وجہ ہے، فضائی اور سمندری مال برداری کے اخراجات میں اضافے سے ادویات کی قیمتیں بھی بڑھ رہی ہیں۔ادھر نیشنل ہیلتھ سروس (این ایچ ایس) کے مقررہ نرخوں کے باعث فارمیسیوں کو ادویات کی فراہمی میں مشکلات پیش آ رہی ہیں کیونکہ مارکیٹ میں قیمتیں بڑھ چکی ہیں جبکہ ادویات کی دستیابی بھی محدود ہو گئی ہے۔فارماسسٹ نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو صورتِ حال مزید خراب ہو سکتی ہے ۔

٭… ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ امریکہ کے صدر نے ایرانی بحری جہازوں پر غیر قانونی قبضے کو قزاقی قرار دیا ہے اور کھلے عام کہا ہے کہ ہم قزاقوں کی طرح کا رویّہ اپنائے ہوئے ہیں۔اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ یہ کوئی زبان کی لڑکھڑاہٹ نہیں تھی۔ یہ ان اقدامات کی مجرمانہ نوعیت کا کھلا اور افسوس ناک اعتراف تھا جو امریکہ بین الاقوامی بحری سفر کے خلاف کر رہا ہے۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بین الاقوامی برادری اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے مطالبہ کیا کہ عالمی قانون کی ایسی کھلی خلاف ورزیوں کو معمول بنانے کو سختی سے مسترد کردیں۔اس سے پہلے امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی میں امریکی بحریہ قزاقوں جیسا کردار ادا کر رہی ہے۔

٭… غزہ جانے والے امدادی بحری قافلے کے دو کارکنوں کو اسرائیلی فورسز نے روک لیا۔اسرائیلی وزارتِ خارجہ کے مطابق ’گلوبل صمود فلوٹیلا‘ کے نام سے جانے جانے والے قافلے کی کشتیوں کو بین الاقوامی پانیوں میں روکا گیا ہے۔ بعدازاں دو کارکنوں ہسپانوی شہری سیف ابو کشک اور برازیل سے تعلق رکھنے والے تھیاغو اویلا کو اسرائیل لے جایا گیا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں افراد کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کیا جائے گا تاکہ ان سے مزید پوچھ گچھ کی جا سکے۔وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ دونوں کارکن حماس سے رابطہ رکھنے والی تنظیم سے وابستہ ہیں۔

٭… متحدہ عرب امارات کے اوپیک سے باضابطہ انخلاء کے بعد عالمی تیل منڈی میں بڑی تبدیلیاں آ سکتی ہیں اور امریکہ کو اس سے فائدہ پہنچ سکتا ہے۔الجزیرہ کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یو اے ای کافی عرصے سے اوپیک کی پیداوار کی حدوں پر اعتراض کر رہا تھا کیونکہ اس نے اپنی تیل کی پیداوار بڑھانے میں سرمایہ کاری کی مگر اسے مکمل طور پر مارکیٹ میں نہیں لا سکا، اب اوپیک سے نکلنے کے بعد وہ زیادہ تیل فراہم کرنے کی پوزیشن میں ہو گا۔یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب آبنائے ہرمز بند ہونے کے باعث عالمی سطح پر تیل کی فراہمی متاثر ہے اور قیمتیں تیزی سے بڑھی ہیں۔ الجزیرہ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حالات معمول پر آنے کے بعد یو اے ای روزانہ تقریباً دو ملین بیرل اضافی تیل فراہم کر سکتا ہے جس سے قیمتوں میں کمی آ سکتی ہے۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button