حالاتِ حاضرہ

سپورٹس بلیٹن

ہاکی:ایف آئی ایچ ورلڈکپ۲۰۲۶ءدفاعی چیمپئن جرمنی نے جیت لیا۔بیلجیم کے شہر Wavreمیں کھیلے گئے فائنل میں جرمنی نےسپین کے خلاف صفرکے مقابلے میں ایک گول سے کامیابی حاصل کی۔میچ کا واحد گول کھیل کے ۴۴ویں منٹ میں Struthoffنے کیا۔اس فتح کے ساتھ پاکستان کے بعد جرمنی چارمرتبہ ہاکی کا عالمی چیمپئن بننے والا دوسرا ملک بن گیا۔تیسری پوزیشن کے میچ میں ارجنٹینانے نیدرلینڈزکو ۲۔۱؍سے شکست دی۔ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی ارجنٹینا کے Tomas Domeneقرارپائے جنہوں نے سب سے زیادہ دس گول سکورکیے۔ہاکی ورلڈکپ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو ہراکرپانچویں پوزیشن حاصل کی۔ بیلجیم نے بھارت کو شکست دے کر ساتویں،جبکہ نیوزیلینڈنے نویں، آئرلینڈنے دسویں اور پاکستان نے جنوبی افریقہ کو مات دے کر گیارھویں پوزیشن حاصل کی۔

کرکٹ :پاکستان بمقابلہ انگلینڈ:دوسرے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کو۱۹۴؍رنز سے شکست دے کر سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کرلی۔لارڈز کے میدان پر میچ کے چوتھے روز پاکستانی ٹیم ۳۸۹؍رنز کے تعاقب میں۱۹۴؍رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ انگلش فاسٹ باؤلرOllie Robinsonنےپہلی اننگز میں صرف گیارہ رنز کے عوض چار اور دوسری اننگزمیں بھی ۲۴؍رنزدے کر چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیااور میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کیا۔اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر گیندبازی کا فیصلہ کیااور انگلینڈ ۲۹۰؍رنز بنانے میں کامیاب ہوا۔جواب میں پاکستان بلےبازمحض ۱۱۰؍کے سکور پر ڈھیرہوگئے۔دوسری باری میں میزبان ٹیم نے ۲۰۸؍رنزبناکرپاکستان کو ۳۸۹؍رنز کا ہدف دیا ، تاہم مہمان ٹیم ایک بارپھر خاطرخواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی۔ٹیسٹ کرکٹ میں پے درپے ناکامیوں کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ کے دورے پر موجودسکواڈ میں سے سات کھلاڑیوں کو وطن واپس بلاکر ان کے متبادل کھلاڑی بھجوانے کا فیصلہ کرلیا۔اسی طرح ہیڈکوچ سرفراز احمد اورباؤلنگ کوچ عمرگل کو بھی عہدوں سے ہٹا دیا گیا۔

بھارت بمقابلہ سری لنکا:کولمبومیں ہونے والا دوسراٹیسٹ ہارجیت کے فیصلے کے بغیرختم ہوا۔سری لنکا کے نوجوان بلےباز Sonal Dinushaنے دونوں اننگزمیں سینچریاں بناکراپنی ٹیم کو یقینی ہار سے بچایا۔اس طرح دو میچز کی سیریز میں بھارتی ٹیم نے ایک صفر سے کامیابی حاصل کی۔بھارت کے Devdutt Padikkalسیریز میں مجموعی طورپر ۳۲۸؍رنز بناکر بہترین کھلاڑی قرارپائے۔

فٹ بال :دُنیائے کھیل کے مشہور کھلاڑیLionel Messi نے بین الاقوامی فٹ بال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔لیونل میسی کو ارجنٹینا کی جانب سے سب سے زیادہ میچز کھیلنے اور سب سے زیادہ گول کرنے کا اعزازحاصل ہے۔ ۳۹؍ سالہ میسی نےاگست ۲۰۰۵ء سے جولائی ۲۰۲۶ء تک ارجنٹینا کی جانب سے۲۰۷؍ میچز کھیل کر ۱۲۵؍گول کیےاور۶۸؍گولزمیں معاونت کی۔ میسی کی قیادت میں ارجنٹینا نے ۱۹۸۶ء کےبعد پہلی مرتبہ ۲۰۲۲ء کا فیفا ورلڈکپ جیتا اور ۲۰۲۶ء ورلڈکپ کا فائنل کھیلنے کااعزازحاصل کیا۔اسی طرح میسی اپنی ٹیم کو ۲۰۲۱ءاور۲۰۲۴ءکا Copa Américaجتوانے میں بھی کامیاب ہوئے۔ وہ ۲۰۰۵ء میں فیفا انڈر۲۰؍ورلڈ کپ اور ۲۰۰۸ء بیجنگ اولمپکس کی فاتح ارجنٹائن ٹیم کا بھی حصہ تھے۔

سڈنی میراتھن:سڈنی میراتھن ایتھوپیا کے Addisu Gobena نے جیت لی، انہوں نے ۴۲؍کلومیٹر سے زائد فاصلہ دوگھنٹے چار منٹ اور۴۲؍ سیکنڈ میں طے کیا۔خواتین میں کینیا کی Peres Jepchirchirنے دو گھنٹے۱۸؍منٹ اور۳۱؍ سیکنڈز میں دوڑ مکمل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی۔سڈنی میراتھن میں چالیس ہزار سے زائد رنرزنے شرکت کی ۔

(ن م طاہر)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

یہ بھی پڑھیں
Close
Back to top button