حالاتِ حاضرہ

سپورٹس بلیٹن

ورلڈ نومیڈگیمز: کرغزستان میں ۳۱؍اگست تاا ۶؍ستمبر۲۰۲۶ء خانہ بدوشوں کے عالمی مقابلے ہوئے۔ جہاں۴۳کھیلوں میں۱۰۶؍ممالک کے ۳۰۰۰؍سے زائد کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ قازقستان کے کھلاڑیوں نے سب سے زیادہ ۳۲؍طلائی، ۲۰؍چاندی اور ۲۲؍کانسی کے تمغے جیتے۔ میزبان کرغزستان نے ۳۰؍سونے، ۳۵؍چاندی اور۱۹کانسی کے میڈلز اپنے نام کیے۔ روایتی کھیل کوک بورو (Kok-Boru) کے فائنل میں میزبان ٹیم نے قازقستان کو ۱۲۔صفر کے یکطرفہ اسکور سے شکست دی۔ اور اسی طرح کوکپار(Kokpar)کے فائنل میں بھی قرغزستان نے قازقستان کو ۷۔۲ سے ہرا کر دونوں بڑے روایتی مقابلوں میں فتح حاصل کی۔ ورلڈ نومیڈ گیمز میں پاکستانی کھلاڑیوں نےرسہ کشی اور ماس ریسلنگ کانسی کے چارمیڈلز جیتے۔ واضح رہے کہ ورلڈ نومیڈ گیمزکےذریعہ روایتی اور قدیم کھیلوں مثلاً کُشتی، تیر اندازی، گھڑ سواری، رسہ کشی کے ساتھ ساتھ وسط ایشیا ئی ممالک اور خانہ بدوش اقوام کی ثقافت کو عالمی سطح پر اجاگر کیاجاتاہے۔ ان مقابلوں کا آغاز ۲۰۱۴ء میں ہوا اورکرغزستان نے چوتھی مرتبہ ان مقابلہ جات کی میزبانی کی۔

فٹبال :سپینش لالیگا میں بارسلونا نے ویلنسیا کو پانچ۔ صفر سے شکست دے کر اس سیزن میں اپنی مسلسل چوتھی فتح حاصل کی۔ دیگر میچز میں ایتھلیٹک بلباؤ نے اتلیٹیکو میڈرڈ کو ۳۔صفر سے ہرایا، ریال میڈرڈ کو Betisکے خلاف ۱۔ صفرسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسری جانب انگلش پریمیئر لیگ میں مانچسٹرسٹی رواں سیزن میں اپنےپہلے تین میچ جیت کر سرفہرست ہے، اسی طرح آرسنل بھی تینوں میچزمیں کامیابی حاصل کرچکا ہے۔ گذشتہ ہفتہ کھیلے گئے مقابلوں میں مانچسٹرسٹی نے کوینٹری کوایک۔ صفر، آرسنل نے چیلسی کو ۲۔ صفراورلیورپول نے اپسوچ ٹاؤن کو ۲۔ صفرسے ہرایا۔ مانچسٹریونائیٹڈاورایورٹن کا مقابلہ ۲۔ ۲ گول سے برابررہا۔

فارمولا وَن ریسنگ:اطالوی گراں پری میں مرسڈیز کے کیمی انتونیلی(Kimi Antonelli) نے ڈرامائی فتح حاصل کی۔ گرڈ کے آخر سے ریس شروع کرنے کے باوجود انہوں نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے فتح حاصل کی۔ ۱۹۶۶ء کے بعد انتونیلی پہلے اطالوی ڈرائیورہیں جنہوں نے اپنی ہوم گراں پری میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ مرسیڈیز کے برطانوی ڈرائیورجارج رسل (George Russell)دوسرے اورنیدرلینڈزکے میکس ورسٹافن(Max Verstappen) تیسرے نمبر پر رہے۔ رواں سیزن میں ۲۶۷ پوائنٹس کے ساتھ اٹلی کے Kimi Antonelliسرفہرست ہیں، جارج رسل دوسرے جبکہ لیوس ہیملٹن تیسرے نمبرپربراجمان ہیں۔

کرکٹ :ویمنز ایشیا کپ میں بھارت نے پاکستان کو یکطرفہ مقابلہ میں سات وکٹوں سے ہرادیا۔ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی خواتین ٹیم صرف ۵۵؍رنز پر آل آؤٹ ہوگئی، جو ٹی ٹوینٹی کرکٹ میں پاکستان کا سب سے کم مجموعہ ہے۔ بھارت نے یہ ہدف محض ۸ . ۴ اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ گروپ اے کے دیگرمیچز میں بھارت نے تھائی لینڈ کو ۹۴؍رنزاور ہانگ کانگ کو ۱۳۷ رنز سے مات دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔ پاکستان ٹین نے بھی تھائی لینڈ اور ہانگ کانگ کو شکست دے کرسیمی فائنل میں جگہ بنالی جہاں ان کا مقابلہ سری لنکا سے ہوگا۔

(ن م طاہر)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button