جماعت احمدیہ کونگو برازاویل کا چودھواں جلسہ سالانہ ۲۰۲۶ء
٭… ’’لَاۤ اِکۡرَاہَ فِی الدِّیۡنِ‘‘ کے مرکزی موضوع پر منعقدہ جلسہ سالانہ میں روحانی اور علمی موضوعات پر تقاریر کا اہتمام
٭… ۱۵؍دیہات کے سربراہان، نومبائعین اور غیر از جماعت مہمانوں سمیت ۷۸۶؍احباب کی شمولیت
مکرم یوسف بوکولا صاحب معلم سلسلہ انکائی جماعت احمدیہ کونگو برازاویل تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ کونگو برازاویل کو امسال اپنا ۱۴؍واں جلسہ سالانہ ’’لَاۤ اِکۡرَاہَ فِی الدِّیۡنِ‘‘ کے مرکزی موضوع پر مورخہ ۲۷؍و ۲۸؍جون ۲۰۲۶ء کو صوبہ بوآنزہ کے شہر انکائی سے ۳۵؍کلومیٹر دور گاؤںکمپامبو میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

جلسہ سالانہ میں کام کرنے کی غرض سے ملک کے مختلف حصوں سے خدام ایک ہفتہ پہلے سے ہی انکائی پہنچنا شروع ہوگئے تھے۔ مبلغ سلسلہ پوائنٹ نوار عتیق احمد سجل صاحب کی نگرانی میں ایک ہفتہ قبل ہی سے وقارعمل کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔ جلسہ سالانہ کےليے منتخب کردہ جگہ گاؤں کمپامبو میں موجود احمدیہ سکول میں وقارعمل کیا گیا اور جلسہ گاہ کو بہترین اور خوبصورت انداز میں سجایا گیا۔
۲۷؍جون کی صبح کو تمام ملک سے قافلے جلسہ سالانہ میں شرکت کی غرض سے انکائی پہنچنا شروع ہوگئے تھے۔ مختلف قافلوں میں امیر مقرر کيے گئےتھے جن کی نگرانی میں قافلے شہر انکائی کی مسجد میں پہنچے۔ نماز ظہر سے قبل ہی مکرم نیشنل صدر و مبلغ انچارج صاحب بھی انکائی شہر پہنچ گئے۔ آپ کے ہمراہ کرنل مانے صاحب جو کہ ۲۰۰۵ء سے جماعت احمدیہ کونگو کے بڑے قریبی دوست ہیں، جلسہ میں شمولیت کی غرض سے پہنچے۔

پہلے اجلاس کا آغاز سہ پہر ساڑھے چار بجے تلاوت قرآن کریم اور نظم سے ہوا۔ مکرم عتیق احمد سجل صاحب مبلغ سلسلہ نے ’’جہاد بالمال‘‘ کے موضوع پر جبکہ اکرم علی کایا صاحب معلم سلسلہ نے ’’رحمت للعالمین-حضرت اقدس محمد مصطفیٰﷺ‘‘ کے موضوع پر تقاریر کیں۔ مکرم نیشنل صدر و مبلغ انچارج صاحب نے اپنی تقریر میں مہمانوں اور نومبائعین کو توحید الٰہی اور اسلام احمدیت کی حقیقی تعلیم سے روشناس کرایا۔ مہمان خصوصی کرنل مانے صاحب نے بھی پروگرام میں شرکت کی۔ برازاویل، میونزی، سبیتی اور گامبوما سے آنے والے دور دراز کے قافلوں کے پیش نظر اجلاس کا دورانیہ تقریباً اڑھائی گھنٹے رکھا گیا۔ نماز مغرب و عشاء جمع کرکے ادا کی گئیں جس کے بعد تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ مجلس سوال و جواب ہوئی۔ اس میں اختلافی مسائل، عیسائیت اور اسلام میں فقہی و شادی کے مسائل سے متعلق سوالات کیے گئے جن کے جواب مکرم مبلغ انچارج صاحب نے دیے۔ بعد ازاں مہمانوں کو کھانا پیش کیا گیا۔

۲۸؍جون کو دن کا آغاز نماز تہجد و فجر سے ہوا۔ درس القرآن کے بعد مہمانوں کی خدمت میں ناشتہ پیش کیا گیا اور ٹرک کے ذریعے شاملین کو جلسہ گاہ پہنچایا گیا جبکہ قریبی دیہات کے احباب کے لیے پہلے سے ٹرانسپورٹ کا انتظام کیا گیا تھا۔
پروگرام کا باقاعدہ آغاز تقریب پرچم کشائی سے ہوا۔ جماعت احمدیہ کا پرچم مکرم سعید احمد صاحب نیشنل صدر و مبلغ انچارج نے جبکہ کونگو برازاویل کا قومی پرچم مہمان خصوصی کرنل مانے صاحب نے لہرایا۔
تلاوت قرآن کریم مکرم عتیق احمد صاحب مبلغ سلسلہ نے کی جبکہ مکرم یوسف بوکولا صاحب نے حضرت مسیح موعودؑ کا منظوم کلام پیش کیا۔ افتتاحی تقریر میں مکرم نیشنل صدر صاحب نے جلسہ سالانہ کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے حضرت مسیح موعودؑ کے اس ارشاد کا حوالہ دیا کہ جلسہ کا مقصد ہر احمدی کے دینی علم میں ترقی اور اللہ تعالیٰ اور اس کی مخلوق کی محبت میں اضافہ ہے۔ نیز خلافت سے مضبوط تعلق اور تقویٰ اختیار کرنے کی تلقین کی۔ بعد ازاں ان موضوعات پر تقاریر ہوئیں: ’’نجات کیسے حاصل ہو؟‘‘از مکرم بشیر ساکالا صاحب، ’’خلافت احمدیہ کی برکات‘‘ از امام یوسف صاحب اور ’’نماز کی اہمیت‘‘ از مکرم خالد مالاندہ صاحب۔
اختتامی تقریر میں مکرم نیشنل صدر و مبلغ انچارج صاحب نے بالخصوص نوجوانوں کو محنت، دیانت، خود انحصاری اور اعلیٰ اخلاق اپنانے کی تلقین کی اور ترقی کے لیے مسلسل محنت، دعا اور اللہ تعالیٰ پر کامل توکل کی اہمیت بیان کی۔ دعا کے ساتھ یہ بابرکت جلسہ اپنے اختتام کو پہنچا۔
دوپہر ساڑھے تین بجے نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں اور مہمانوں کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ مکرم امیر صاحب نے مہمانان سے ملاقات کی اور جماعت احمدیہ کی تعلیمات اور عیسائیت کے متعلق گفتگو کی۔ بعض مہمانوں نے اپنے قبول احمدیت کے ایمان افروز واقعات بھی بیان کیے۔
جلسہ میں ملک کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے احمدی احباب، نومبائعین اور غیر از جماعت مہمانوں سمیت ۷۸۶؍افراد نے شرکت کی، جبکہ ۱۵؍دیہات کے سربراہان بھی شامل ہوئے۔ مہمانان خصوصی میں محکمہ امیگریشن کے ایک کرنل بھی شامل تھے جنہوں نے جماعت احمدیہ کی امن، مذہبی ہم آہنگی، قومی یکجہتی اور سماجی خدمت کے میدان میں خدمات کو سراہا۔ اس موقع پر تعلیمی اداروں اور دیگر سماجی ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔
جلسہ کے روحانی ماحول نے احمدی احباب کے ساتھ غیراز جماعت مہمانوں پر بھی اثر ڈالا۔ ملک کے قومی ٹی وی چینل ٹی وی کونگو اور نجی چینل ڈی آر ٹی وی نے بھی جلسہ سالانہ کی جھلکیاں نشر کیں۔ مبلغ انچارج صاحب نے ٹی وی کے لائیو پروگرام میں جلسہ سالانہ کی اہمیت و ضرورت بیان کی اور حضرت مسیح موعودؑ کی دعاؤں کا ذکر کیا۔
اللہ تعالیٰ تمام شاملین کو حضرت مسیح موعودؑ کی دعاؤں کا وارث بنائے اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی تمام نصائح پر کماحقہٗ عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ:سعید احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: ٹورانٹو ویسٹ ریجن کی نئی مسجد کے احاطہ میں ’کینیڈا ڈے‘ کی تقریب




