یورپ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ فن لینڈ کے وفد کی صوبہ Päijät-Häme کے دس شہروں کے میئرز سے ملاقات

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ فن لینڈ کے ایک وفد کو صوبہ Päijät-Häme کے دس شہروں کے میئرز سےمورخہ ۹؍ستمبر ۲۰۲۶ء کو اجتماعی ملاقات کی توفیق ملی۔ یہ ملاقات شہر Lahti میں ہوئی اور تقریباً پونا گھنٹہ جاری رہی۔

وفد میں نیشنل صدر جماعت احمدیہ فن لینڈ مکرم عطاءالغالب صاحب، مبلغ انچارج مکرم شاہد محمود کاہلوں صاحب، معاون سیکرٹری تبلیغ مکرم حنان احمد صاحب اور نیشنل سیکرٹری سمعی و بصری مکرم حسّان بشیر صاحب شامل تھے۔

ملاقات کے دوران نیشنل صدر صاحب نے جماعت احمدیہ کا تعارف پیش کرتے ہوئے فن لینڈ میں جماعت کی مختلف خدمات، خصوصاً خدمت خلق اور معاشرے کی بہتری کے لیے جاری کی جانے والی کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ بعد ازاں معاون سیکرٹری تبلیغ نے فنش زبان میں قرآن کریم کی تعلیمات اور تعارف کے حوالہ سے پریزینٹیشن پیش کی۔ مبلغ انچارج صاحب نے بھی جماعت احمدیہ کا تعارف پیش کیا اور معزز میئرز کے سوالات کے جواب دیے۔

اس موقع پر میئرز اور دیگر معززین کو قرآن کریم کا فنش ترجمہ بطور تحفہ پیش کیا گیا۔ نیز حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطابات و مکتوبات پر مشتمل کتاب ’عالمی بحران اور امن کی راہ‘ بھی پیش کی گئی۔ معزز میئرز نے جماعت احمدیہ کی دنیا بھر میں جاری خدمات اور سرگرمیوں میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے ان کو سراہا۔

اسی دورہ کے دوران وفد نے Lahti کی مقامی لائبریری کا بھی دورہ کیا۔ لائبریری کے انچارج کو قرآن کریم کا فنش ترجمہ بطور تحفہ پیش کیا گیا، جبکہ قرآن کریم کا ایک نسخہ لائبریری میں رکھنے کے لیے دیا گیا۔ اس موقع پر قرآن کریم کی تعلیمات اور باہمی افہام و تفہیم کے فروغ کے حوالہ سے بھی گفتگو ہوئی۔

(رپورٹ: فرخ اسلام۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

مزید پڑھیں: جامعہ احمدیہ بنگلہ دیش میں جلسہ سیرۃ النبیؐ کا بابرکت انعقاد

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button