سویڈن کے شمالی شہروں کے گرمائی بازاروں میں تبلیغی سرگرمیاں
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ لولیو، سویڈن کو امسال ملک کے شمالی شہروں پاجالا (Pajala)، لولیو (Luleå)، اوسیلے (Åsele) اور نورڈمالنگ (Nordmaling) میں منعقد ہونے والے گرمائی بازاروں اور فیسٹیولز میں ’’Ask A Muslim‘‘ مہم کے تحت تبلیغی سٹالز لگانے کی توفیق ملی۔ ان سالانہ پروگراموں میں ہزاروں افراد شرکت کرتے ہیں اور مقامی ثقافت، روایات، مصنوعات اور دستکاریوں کا تعارف پیش کیا جاتا ہے جس کے باعث اسلام کی پُرامن تعلیمات کو عوام تک پہنچانے کا مؤثر موقع میسر آیا۔

پاجالا کے سالانہ گرمائی بازار میں ۳تا ۵؍جولائی ۲۰۲۶ء کو دوسری مرتبہ تبلیغی سٹال لگایا گیا۔ تینوں دن مردوں، خواتین اور نوجوانوں نے بڑی تعداد میں سٹال کا دورہ کیا اور اسلام و احمدیت، مذہبی آزادی، خواتین کے حقوق، اسلام کے تصور امن اور بین المذاہب ہم آہنگی کے بارے میں سوالات کیے۔ متعدد افراد نے اس بات کا اظہار کیا کہ انہیں پہلی مرتبہ اسلام کے بارے میں براہ راست سوالات کرنے اور مستند معلومات حاصل کرنے کا موقع ملا۔ ’Muslims for Peace‘ کے پمفلٹس کے علاوہ ’سیرت خاتم النبیینﷺ‘، ’محمدﷺ-عورتوں کو آزادی دلانے والے‘ اور ’صلیب پر موت‘ سمیت متعدد کتب تقسیم کی گئیں۔ بعض غیر مسلم اور مسلمان مہمانوں نے جماعت احمدیہ کی پُرامن تبلیغی کوششوں کو سراہا اور مزید تعاون کی خواہش ظاہر کی۔
لولیو میں ۹تا۱۲؍جولائی کو منعقد ہونے والے ’’Luleå Under the Sun Festival‘‘ میں پہلی مرتبہ ’’Ask A Muslim‘‘ مہم کے تحت شرکت کی گئی۔ اس فیسٹیول میں ایک لاکھ سے زائد افراد شریک ہوتے ہیں۔ چنانچہ اسلام کا پیغام وسیع حلقۂ عوام تک پہنچانے کا موقع ملا۔ کئی ایسے افراد سے بھی گفتگو ہوئی جو مذہب سے عمومی طور پر متنفر یا اسلام کے بارے میں منفی تصورات رکھتے تھے۔ انہیں جماعتی لٹریچر اور دلائل کی روشنی میں اسلام احمدیت کی حقیقی، پُرامن تعلیمات پیش کی گئیں۔ سویڈش زبان میں ’سیرت النبی ﷺ‘، ’عالمی بحران اور امن کی راہ‘ اور دیگر کتب تقسیم کی گئیں۔ ایک مراکشی مسلمان مہمان نے جماعتی تفسیر قرآن کے مطالعہ میں خصوصی دلچسپی ظاہر کی۔
اس فیسٹیول کے دوران مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندگان، پارلیمانی امیدواروں، میئر لولیو اور دیگر سیاسی راہنماؤں سے بھی ملاقاتیں ہوئیں۔ ان کے سامنے جماعت احمدیہ کا تعارف پیش کیا گیا اور اسلام کے بارے میں پائی جانے والی غلط فہمیوں، نفرت انگیز مہمات، امن اور معاشرتی ہم آہنگی کے موضوعات پر گفتگو ہوئی۔ انہیں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطابات و مکتوبات پر مشتمل کتاب ’عالمی بحران اور امن کی راہ‘ سمیت جماعتی لٹریچر بطور تحفہ پیش کیا گیا۔ سیاسی و عوامی حلقوں کی جانب سے جماعت کی امن، برداشت اور مکالمے کے فروغ کی کوششوں کو سراہا گیا۔

اوسی لے (Åsele) کے سالانہ گرمائی بازار میں ۱۷تا ۱۹؍جولائی کو دوسری مرتبہ تبلیغی سٹال لگایا گیا۔ اس بازار میں ہر سال تقریباً ۷۵؍ہزار افراد شرکت کرتے ہیں۔ تینوں دن بڑی تعداد میں لوگوں نے سٹال کا دورہ کیا اور مختلف دینی و سماجی موضوعات پر سوالات کیے۔ سویڈش زبان میں ’ہمارا خدا‘، ’(ﷺ)Life of Muhammad‘، ’ذکر الٰہی‘، ’محمد ﷺ-عورتوں کو آزادی دلانے والے‘، ’عالمی بحران اور امن کی راہ‘ اور ’صلیب پر موت‘ سمیت متعدد کتب تقسیم ہوئیں۔ مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندگان، تین شہروں کے میئرز، یورپی پارلیمنٹ کے ایک رکن اور پارلیمانی امیدواروں سے بھی ملاقاتیں ہوئیں اور انہیں جماعتی لٹریچر پیش کیا گیا۔
نورڈمالنگ کے گرمائی بازار میں ۲۴و۲۵؍جولائی کو مسلسل دوسری مرتبہ ’’Ask A Muslim‘‘ مہم کے تحت تبلیغی سٹال لگایا گیا۔ دونوں دن بڑی تعداد میں مردوں، خواتین اور نوجوانوں نے سٹال کا دورہ کیا اور اسلام، احمدیت، مذہبی آزادی اور خواتین کے حقوق سمیت مختلف موضوعات پر سوالات کیے۔ ’ہمارا خدا‘، ’(ﷺ)Life of Muhammad‘، ’ذکر الٰہی‘، ’محمد ﷺ-عورتوں کو آزادی دلانے والے‘ اور ’The True Story of Jesus‘ جیسی کتب لوگوں نے دلچسپی سے حاصل کیں۔ مقامی سیاسی و سماجی شخصیات اور پارلیمانی امیدواروں سے بھی ملاقاتیں ہوئیں اور انہیں جماعت احمدیہ کا تعارف کروایا گیا۔
الحمدللہ، ان چاروں پروگراموں کے دوران مجموعی طور پر ہزاروں افراد سے رابطہ ہوا اور سینکڑوں کتب و پمفلٹس تقسیم کیے گئے۔ کئی مسیحی پادریوں، مسلمانوں اور عام لوگوں سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔ متعدد افراد نے اپنے سوالات کے جواب ملنے پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ بعض نے جماعتی لٹریچر لے کر مزید مطالعہ کی خواہش ظاہر کی۔ مقامی سوشل میڈیا پر بھی ان تبلیغی سرگرمیوں کو مثبت پذیرائی حاصل ہوئی اور لوگوں نے جماعت کی جانب سے امن، برداشت اور مکالمے کے فروغ کی کوششوں کو سراہا۔
سیاسی سطح پر بھی ان سرگرمیوں کے مثبت نتائج سامنے آئے۔ متعدد میئرز، علاقائی و مقامی سیاستدانوں، پارلیمانی امیدواروں اور دیگر نمائندگان سے ملاقاتوں کے ذریعے جماعت احمدیہ کا تعارف پیش کرنے اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی امن کے حوالے سے تعلیمات پہنچانے کا موقع ملا۔ الحمدللہ، یہ تمام سرگرمیاں اللہ تعالیٰ کے فضل سے کامیاب رہیں۔
اللہ تعالیٰ ان کوششوں کو قبول فرمائے اور اسلام کے پیغام امن کو مزید وسیع حلقوں تک پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: رضوان احمد افضل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: ۳۱ویں سالانہ نیشنل اجتماع مجلس انصاراللہ فرانس کا دوسرا دن



