ساؤتومے و پرنسپ کے علاقے ’مونت کافے‘ میں پانی کی فراہمی کے منصوبے کا افتتاح
اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہیومینٹی فرسٹ جرمنی کے تعاون سے ساؤتومے و پرنسپ کے علاقے ’مونت کافے‘ میں پانی کی فراہمی کا دیرینہ مسئلہ حل ہوگیا۔ اس منصوبے کے تحت ایک ہزار ۴۰۰؍میٹر طویل پائپ لائن بچھائی گئی اور کمیونٹی لانڈری کی مرمت کی گئی جس سے مقامی آبادی کو پانی کی سہولت بہتر بنانے میں مدد ملی۔

اس منصوبے کی افتتاحی تقریب میں ساؤتومے و پرنسپ کی خاتون اول محترمہ فاطمہ ویلا نووا، کمیونٹی کے نمائندگان، ہیومینٹی فرسٹ کے عہدیداران اور مقامی افراد نے شرکت کی۔ مکرم حافظ محمد اعزاز الرحمٰن صاحب مبلغ سلسلہ ترینداد نے منصوبے کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ باہمی تعاون، ہمدردی اور انسانیت کی خدمت کی ایک عمدہ مثال ہے۔ ہیومینٹی فرسٹ جرمنی کے تعاون اور مقامی آبادی کی شرکت سے ’مونت کافے‘ کے لوگوں کو ایک بنیادی سہولت میسر آئی ہے۔ ہیومینٹی فرسٹ مذہبی اور نسلی امتیاز کے بغیر ضرورت مندوں کی مدد اور معاشرتی فلاح و بہبود کے لیے کوشاں ہے۔
’مونت کافے‘ کے صدر فلپ سانبا صاحب نے ہیومینٹی فرسٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پانی کی فراہمی کا دیرینہ مسئلہ مقامی آبادی کے لیے کئی سال سے پریشانی کا باعث تھا جس کے حل پر انہیں خوشی ہے۔

اس موقع پر ہیومینٹی فرسٹ جرمنی کے تعاون، تنظیم کے ذمہ داران کی محنت اور مقامی کمیونٹی کے اشتراک پر شکریہ ادا کیا گیا۔ خاتون اول نے بھی ہیومینٹی فرسٹ کی اس کاوش پر شکریہ ادا کیا اور مقامی افراد کو پانی جیسی قیمتی نعمت کے ضیاع سے بچنے اور فراہم کردہ سہولیات کی حفاظت کرنے کی طرف توجہ دلائی۔
تقریب کے بعد شرکاء کی خدمت میں ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔ اللہ تعالیٰ اس منصوبے کو اہل علاقہ کے لیے بابرکت بنائے اور اس کے نیک مقاصد پورے فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: انصر عباس۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: مسجد مبارک، سینٹ پری، فرانس میں اوپن ڈے کا انعقاد




