عائشہ اکیڈمی، جرمنی کی تیسری تقریب تقسیم اسناد ۲۰۲۵ء- ۲۰۲۶ء
مکرمہ بشریٰ سلمان صاحبہ معلمہ عائشہ اکیڈمی، جرمنی تحریر کرتی ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۱۹؍ستمبر ۲۰۲۶ء کو عائشہ اکیڈمی، جرمنی کو اپنی فارغ التحصیل کلاس کے اعزاز میں تیسری تقریب تقسیم اسناد منعقد کرنے کی توفیق ملی۔
تقریب کی صدارت نیشنل صدر لجنہ اماءاللہ جرمنی مکرمہ حامدہ سوسن چودھری صاحبہ نے کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور حدیث نبویﷺ و ترجمہ سے ہوا۔ پھر حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے جلسہ سالانہ یوکے اور جلسہ سالانہ جرمنی کے موقع پر مستورات سے خطابات میں سے دینی علم کے حصول کی اہمیت و ضرورت کے حوالے سے دو ارشادات سنائے گئے۔ یہ دونوں ارشادات عائشہ اکیڈمی، جرمنی کے قیام کے بنیادی مقصد، یعنی خواتین میں دینی علم، روحانی تربیت اور قرآن کریم سے تعلق کو مضبوط کرنے، کی عکاسی کرتے ہیں۔

ایک نظم کے بعد فارغ التحصیل طالبات کے لیے عزیزہ شکیلہ رانجھا طالبہ سال سوم نے سپاس نامہ پیش کیا۔ بعد ازاں مکرمہ بدر جری اللہ صاحبہ نے عائشہ اکیڈمی، جرمنی کی سالانہ کارکردگی پر مشتمل رپورٹ پیش کی۔ اس کے ساتھ گذشتہ سال کی مختلف سرگرمیوں کی تصویری جھلکیاں بھی سکرین پر حاضرین کو دکھائی گئیں۔ طالبات نے مکرمہ سعدیہ تسنیم سحر صاحبہ کا تحریر کردہ خوب صورت ترانہ کورس کی صورت میں پیش کیا:
خدا کرے کہ دعا مستجاب ہو جائے
حضور قلب میسر شتاب ہو جائے
مکرمہ صدر صاحبہ نے اپنی مختصر تقریر میں حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات کی روشنی میں طالبات کو اپنی زندگیوں کا نصب العین متعین کرنے اور اپنی آئندہ زندگیوں کو ان ارشادات کے مطابق ڈھالنے کی تاکید کی۔ بعد ازاں پرنسپل عائشہ اکیڈمی جرمنی، مکرمہ امۃالجمیل غزالہ صاحبہ نے اکیڈمی کے سٹاف کا تعارف کروایا۔ اس کے بعد سال اوّل کی تمام طالبات نے اپنا مختصر تعارف پیش کیا اور ان عوامل کا ذکر کیا جنہوں نے ان کے دلوں میں عائشہ اکیڈمی میں داخلہ لینے کی رغبت پیدا کی۔

تقریب کے اختتامی مرحلے میں صدر صاحبہ نے نصابی سرگرمیوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات میں انعامات اور اسناد تقسیم کیں۔
امسال اکیڈمی کی پانچ طالبات کو مبشرہ کی ڈگری سے نوازا گیا۔ فارغ التحصیل طالبات کے نام بغرض دعا پیش خدمت ہیں۔
فارغ التحصیل طالبات کے نام:
۱۔ ماہم کرن شاہ – مجلس Neu-Isenburg
۲۔ ملیحہ جنجوعہ – مجلس Fulda
۳۔ نمود سحر قیوم- مجلس Karlsruhe
۴۔ طاہرہ احمد – مجلس Pforzheim
۵۔ طالعہ ایمان تاثیر – مجلس Langen
امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والی طالبات:
سال اوّل:
اوّل: کاشفہ خالد – مجلس Balingen
دوم: صائمہ مریم رانا – مجلس Wiesbaden Süd
سوم: عروہ طاہر – مجلس Osnabrück
سال دوم:
اوّل: شکیلہ رانجھا – مجلس Nordhorn
دوم: زاہدہ ماہم داؤد – مجلس Bulgaria
سوم: تمثیلہ خان – مجلس Grünberg
سال سوم:
اوّل: طالعہ ایمان تاثیر – مجلس Langen
دوم: ماہم کرن شاہ – مجلس Neu-Isenburg
سوم: ملیحہ جنجوعہ – مجلس Fulda
اللہ تعالیٰ تمام فارغ التحصیل طالبات کو یہ اعزاز مبارک فرمائے، ان کے علم میں برکت عطا کرے اور انہیں اپنی نسلوں کی بہترین تربیت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
آخر میں تمام مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کیا گیا۔ مہمانوں کے اظہار تاثرات کے لیے Guest Book رکھی گئی جس میں بعض مہمانوں نے اپنی نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
دعا کے ساتھ اس خوب صورت اور تاریخی تقریب کا اختتام ہوا۔ تقریب میں شرکت کرنے والے مہمانوں کی تعداد تقریباً ۹۲؍تھی جن کی ظہرانے سے تواضع کی گئی۔
اللہ تعالیٰ تمام طالبات اور اساتذہ کو دین کی خدمت، علم پر عمل اور اپنی ذمہ داریاں احسن رنگ میں ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور سب کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی توقعات پر پورا اترنے والا بنائے۔ آمین
(رپورٹ:صفوان ملک۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: مجلس خدام الاحمدیہ ٹوکیو، جاپان کے مقامی اجتماع کا انعقاد




