حاصل مطالعہ
مجھے خدا پر ایسا یقین آگیا ہے کہ گویا میں نے اپنی آنکھوں سے دیکھ لیا ہے
حضرت منشی ظفر احمدصاحب کپور تھلویؓ فرماتے ہیں: ’’کلکتہ کا ایک برہمن مجسٹریٹ خدا تعالیٰ کی ہستی کا قائل نہ تھا۔ وہ قادیان آیا اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی خدمت میں حاضر ہو کر عرض کی کہ میں خدا کا قائل نہیں ہوں اور سنی سنائی باتوں پر یقین نہیں رکھتا۔ کیا آپ خدا مجھے دکھا دیں گے؟ آپ نے فرمایا کہ اگر کچھ عرصہ آپ ہمارے پاس ٹھہریں گے تو ہم آپ کو دکھا دیں گے اور یہ دریافت فرمایا کہ آپ کچھ عرصہ ٹھہر سکتے ہیں؟ اس نے کہا کہ میں چھ ماہ کی رخصت پر ہوں۔ اور میں یہ سارا عرصہ ٹھہر سکتا ہوں ۔ بشرطیکہ آپ خدا مجھے دکھا دیں۔ حضور نے فرمایا کہ آپ لندن گئے ہیں۔ اس نے کہا نہیں ۔ فرمایا لندن کوئی شہر ہے ۔ اس نے کہا ہاں ہے ۔ سب جانتے ہیں ۔ فرمایاآپ لاہور تشریف لے گئے ہیں اس نے کہا کہ میں لاہور بھی نہیں گیا۔فرمایا ۔قادیان آپ کبھی پہلے بھی تشریف لائے تھے۔ اس نے کہا نہیں ۔ فرمایا! آپ کو کس طرح معلوم ہوا کہ قادیان کوئی جگہ ہے اور وہاں پر کوئی ایسا شخص ہے جو تسلی کرسکتا ہے ۔ اس نے کہا سنا تھا ۔ آپ نے ہنس کر فرمایا۔ آپ کا تو سارا دارومدار سماعت پر ہی ہے اور اُس پر پورا یقین رکھتے ہیں۔ پھر آپ نے ہستی باری تعالیٰ پر تقریر فرمائی اور سامعین پر اس کا ایسا اثر ہوا کہ ایک کیفیت طاری ہوگئی۔ اور اس شخص کی دماغی حالت کی یہ کیفیت تھی کہ وہ اقلیدس کی شکلوں کا ذکر کرنے لگا۔ اور حضرت مولوی صاحب نے اسے دوا منگوا کر دی ۔ جب اس کی حالت درست ہوئی تو وہ حضرت صاحب کے پیروں کو ہاتھ لگا کرمسجد سے نیچے اُتر آیا اور حضرت مولوی صاحب اس کے ساتھ ہی اتر آئے۔ اس نے یکہ منگوایا اور سوار ہوگیا۔ حضرت مولوی صاحب نے فرمایا ۔ کہ آپ ایسی جلدی کیوں کرتے ہیں۔ اس نے کہا کہ میں مسلمان ہونے کی تیاری نہیں کر کے آیا تھا اور مجھے پورا یقین ہے کہ اگر رات کو میں یہاں رہا تو صبح ہی مجھے مسلمان ہونا پڑے گا۔ مجھے خدا پر ایسا یقین آگیا ہے کہ گویا میں نے اپنی آنکھوں سے دیکھ لیا ہے ۔ میرے بیوی اور بچے ہیں اُن سے مشورہ کر لوں ۔ اگر وہ متفق ہوئے تو پھر آؤں گا۔ اس کے بعد وہ چلا گیا۔‘‘ (سیرت المہدی ، جلد ۲، حصہ چہارم، صفحہ ۷۷، ۷۸)
ایک احمدی کا شناختی کارڈ
امریکہ سے تعلق رکھنے والے محمد الیگزنڈر رسل ویب صاحب نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ذریعہ اسلام قبول کیا تو اس کے بعد آپ نے حضور علیہ السلام کی خدمت میں لکھا کہ یہاں کے دستور کے مطابق جو شخص کسی انجمن یا سوسائٹی کارکن بنتا ہے تو اسے ایک شناختی نشان یا کارڈ وغیرہ بطور سند دیا جاتا ہے جسے وہ ضرورت پڑنے پر پیش کر سکتا ہے۔ انہوں نے درخواست کی کہ احمدی ہو جانے کی شناخت کے طور پر انہیں کوئی کار ڈ بطور سند بھجوایا جائے۔
ان کی درخواست پر حضرت مسیح پاک علیہ السلام نے انہیں جو جواب لکھوایا وہ سب کو خوب یاد رکھنے اور دل میں بٹھانے کی ضرورت ہے۔
آپؑ نے انہیں لکھوایا: ہمارانشان شناخت تو صرف یہ ہے کہ جب نماز کا وقت آئے تو وضو کر کے نماز ادا کر لیا کرو۔ یہ کافی نشان ہے۔” (بحوالہ انصار الدین برطانیہ، ستمبر و اکتوبر ۲۰۱۹ء صفحہ۱۸)
حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی مہمان نوازی
حضرت چوہدری سر محمد ظفر اللہ خان صاحبؓ فرماتے ہیں: ’’ ایک دن دوپہر کے وقت ہم مسجد مبارک میں بیٹھے کھانا کھارہے تھے کہ کسی نے اُس کھڑکی کو کھٹکھٹایا جو کوٹھڑی سے مسجد مبارک میں کھلتی تھی ۔ میں نے دروازہ کھولا تو دیکھا کہ حضرت مسیح موعودعلیہ السلام خود تشریف لائے ہیں ۔ آپ کے ہاتھ میں ایک طشتری ہے جس میں ایک ران بھنے ہوئے گوشت کی ہے ۔ وہ حضور نے مجھے دے دی اور حضور خود واپس اندر تشریف لے گئے ۔ اور ہم سب نے بہت خوشی سے اُسے کھایا۔ اس شفقت اور محبت کااثر اب تک میرے دل میں ہے اور جب بھی اس واقعہ کو یاد کرتاہوں تو میرا دل خوشی اور فخر کے جذبات سے لبریز ہوجاتا ہے ۔‘‘ (سیرت المہدی جلد ۲ حصہ چہارم،روایت نمبر ۱۰۷۱، صفحہ۵۷، ۵۸)
’صدقہ‘ صدق کی علامت ہے
حضرت خلیفۃا لمسیح الاولؓ فرماتے ہیں: ’’ مومن صادق کو مال کا خرچ کرنا مشکل نہیں ہوتا۔ اسی واسطے اس کا نام صدقہ ہے یعنی مومن کے صدق کی علامت ہے۔ وہ اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرنے کے لئے اور مخلوق کی بہتری کے لئے مال خرچ کرتا ہے۔‘‘ (حقائق الفرقان ،جلد ۴ صفحہ نمبر ۲۸۱ ایڈیشن ۲۰۲۴ء)
احباب جماعت کے لیے خلیفہ کی محبت
حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اﷲ تعالیٰ نے پاکستان سے لندن ہجرت سے ایک دن قبل ۲۸؍اپریل۱۹۸۴ء کو مسجد مبارک ربوہ میں ایک نماز کے بعد احباب جماعت کو خطاب کرتے ہوئے فرمایا: ’’السلام علیکم ورحمۃ اﷲ۔ میں نے آپ کو یہاں اس لیے نہیں بٹھایا کہ میں نے کوئی تقریر کرنی ہے۔ میں نے آپ کو دیکھنے کے لیے بٹھایا ہے۔ میری آنکھیں آپ کو دیکھنے سے ٹھنڈک محسوس کرتی ہیں۔ میرے دل کو تسکین ملتی ہے۔ مجھے آپ سے پیار ہے، عشق ہے۔ خدا کی قسم کسی ماں کو بھی اس قدر پیار نہیں ہو سکتا۔‘‘ (ماہنامہ خالد سیدنا طاہر نمبر۲۰۰۴ء صفحہ ۳۶)
اللہ تعالیٰ کے نزدیک بڑا کون ہے؟
حضرت خلیفۃا لمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرماتے ہیں: ’’اللہ تعالیٰ کے نزدیک بڑا وہی ہے جس میں تقویٰ ہے، جو اللہ تعالیٰ کا خوف اپنے دل میں رکھتا ہے ، جو دوسروں کے حقوق ادا کرتا ہے، جو جھوٹی اناؤں اور تکبر سے پاک ہے۔‘‘ (افتتاحی خطاب جلسہ سالانہ برطانیہ ۲۰۲۳ء)
مزید پڑھیں: جب لڑکا لڑکی یا لڑکی لڑکا بننے کا اظہار کرے




