افریقہ (رپورٹس)

وہاب آدم سٹوڈیوز گھانا کے کارکنان کےلیے رہائشی عمارت کا سنگِ بنیاد

(فہیم احمد خادم۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل گھانا)

خد اکے فضل سے ایم ٹی اے افریقہ دن دوگنی رات چوگنی ترقی کر رہا ہے۔ اس کی کڑی گھانا میں قائم وہاب آدم سٹوڈیوز ہے جہاں پر تیار ہونے والے پروگرامز اب ایم ٹی اے افریقہ کے علاوہ دوسرے چینلز پر بھی دکھائے جا رہے ہیں۔ اس طرح تبلیغ اور تربیت کا سلسلہ وسیع سے وسیع تر ہو تا جا رہا ہے۔ الحمد للہ

اس ساری مساعی میں ایم ٹی اے کے کارکنان بڑی محنت سے کام کررہے ہیں۔ بعض کارکنان کی رہائش کے لیے آس پاس کے علاقہ میں کرائے کے مکان لیےگئے تھے، لیکن کارکنان میں اضافہ اور ضرورت بڑھنے کی وجہ سے یہ کرائے کے مکان اب ناکافی ہوگئے تھے۔

چنانچہ ہمارے پیارے امام ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے از راہ شفقت کارکنان کی سہولت کے لیے ایک نئے رہائشی عمارت تعمیر کرنے کی منظوری عطا فرمائی۔

مورخہ 31؍مئی 2021ء کو مولانا محمد بن صالح صاحب امیر و مشنری انچارج جماعت احمدیہ گھانا نےبستانِ احمد، اکرا گھانا میں کارکنان ایم ٹی اے کے لیےنئے رہائشی عمارت کا سنگِ بنیاد رکھا۔ پیارے حضور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہِ شفقت ایک اینٹ سنگِ بنیاد کے لیے بھجوائی۔ آپ کی طرف سے مکرم امیر صاحب نے یہ اینٹ عمارت کی بنیا د میں نصب کی۔ پھر مکرم فائز احمد صاحب آرکیٹیکچرل اسسٹنٹ، مکرم عمر سفیر صاحب ڈائریکٹر ایم ٹی اے افریقہ،حافظ مولوی اسماعیل ایڈوسئی صاحب کو آرڈینیٹر ایم ٹی اے گھانا اور دیگر احباب نے بنیاد میں ایک ایک اینٹ رکھی۔

یہ عمارت تین منزلہ ہوگی۔ہر منزل پر تین فلیٹس یعنی کل نو فلیٹس ہوں گے۔ ان میں سے چھ فلیٹس تین کمروں والے اور تین فلیٹس دوکمروں والے ہوں گے۔ ان شاء اللہ۔

یہ عمارت بستان احمد میں زیرتعمیر ہے جہاں جماعت احمدیہ گھانا کا جلسہ سالانہ ہوا کرتا تھا۔ وہاب آدم سٹوڈیو اس مجوزہ عمارت سے قریبا ً 150میٹر کے فاصلہ پر ہے۔

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی طرف سے بھیجی گئی اینٹ کے نصب کرنے کے وقت حاضرین نے حضرت ابراہیم علیہ السلام کی دعا

رَبَّنَا تَقَبَّلْ مِنَّا اِنَّکَ اَنْتَ السَّمِیْعُ الْعَلِیْمُ

کا ورد جاری رکھا جو آپ نے کعبہ کی بنیاد رکھتے ہوئے پڑھی تھی۔

مکرم امیر صاحب نےاظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم کتنے خوش نصیب ہیں کہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکی طرف سے ہمیں اینٹ موصول ہوئی ہے۔ ہمیں اپنے پیارے حضور کو دعاؤں میں یادرکھنا چاہیے۔ نیز ان تمام افراد کو دعاؤں میں یاد رکھیں جنہوں نے کسی بھی رنگ میں اس کار خیر میں شمولیت کی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے مولانا عبد الوہاب بن آدم صاحب مرحوم،ڈائریکٹر صاحب ایم ٹی اے افریقہ اور موجودہ اور گزشتہ ایم ٹی اے کے کوآرڈینیٹرز کاذکرِ خیر کیا۔ اس تقریب کا اختتام دعا کے ساتھ ہوا۔

اللہ تعالیٰ اس نئے منصوبے میں برکت عطا فرمائے اور اسے ایم ٹی اے کی مزید ترقیات کا پیش خیمہ بنائے۔ آمین

(رپورٹ: فہیم احمد خادم۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button