طلباء مدرسۃ الحفظ سیرالیون کی گورنمنٹ ہسپتال BO میں عیادت مریضان
حافظ اسداللہ وحید صاحب استاد مدرسة الحفظ سیرالیون تحریر کرتے ہیں کہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے 2021ء میں سیرالیون میں جماعت احمدیہ سیرالیون کے سو سال پورے ہونے پر حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے مدرسۃ الحفظ سیرالیون کے قیام کی منظوری عطا فرمائی ہے اور کلاسز کا باقاعدہ آغاز ہوچکا ہے۔
کورونا وائرس کے خلاف احتیاطی تدابیر کو بروئے کار لاتے ہوئے محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے طلباء مدرسۃ الحفظ سیرالیون کو مورخہ 13 اگست 2021ء بروز جمعۃ المبارک کو بو ریجن کے گورنمنٹ ہسپتال میں تقریباً 35 مریضوں کی پھلوں کے تحفہ کے ساتھ عیادت، نیز تقریباً 61 غیراحمدی احباب و خواتین میں جماعت احمدیہ کے تعارف کے موضوع پر لیف لیٹس تقسیم کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ
ہسپتال کے ایم ایس مکرم S.K Amara صاحب و دیگر ڈاکٹر صاحبان بشمول سٹاف ارکان نے طلباء کی اس کاوش کا خیر مقدم کرتے ہوئے اپنے جذبات کا اظہار کیا اور جماعت کی خدمتِ انسانیت کی کوششوں کو احسن الفاظ میں سراہا۔ علاوہ ازیں وہاں موجود غیر از جماعت احباب نے نہایت خندہ پیشانی سے لیف لیٹس وصول کیے، انہیں پڑھنے میں دلچسپی ظاہر کی اور جماعت کی عمدہ تعلیمات کا اعتراف کیا۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں حضرت خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی تمام ہدایات پر عمل کرنے کی توفیق عطافرمائے اور ہماری حقیر کاوشوں کوقبول فرمائے۔ آمین۔
(رپورٹ: عبدالہادی قریشی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)