امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی مصروفیات
مورخہ 26؍ستمبر تا یکم اکتوبر 2022ء کے دوران حضرت خليفۃ المسيح الخامس ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزيز کي گوناگوں مصروفيات میںسے چند ايک کی جھلک ہديۂ قارئين ہے:
٭…26؍ستمبر بروز سوموار: حضور انور ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزيز آج تاریخی دورۂ امریکہ 2022ء کے لیے اسلام آباد، ٹلفورڈ سرے یوکے سے عازمِ سفر ہوئے۔ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا کووڈ 19 کے بعد بیرونِ انگلستان یہ پہلا دورہ ہے۔
٭… آج شام قریباً سوا چھ بجے حضور انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بفضل اللہ تعالیٰ امریکہ کے شہر شکاگو میں بخیر و عافیت رونق افروز ہوئے۔ حضورِ انور کے ورودِ مسعود کے بعد آپ کا قافلہ صیہون شہر کی طرف روانہ ہوا جہاں شام قریباً پونے آٹھ بجے مسجد فتحِ عظیم کے صحن میں موجود کثیرالتعداد احباب و خواتین نے اپنے محبوب آقا کا استقبال کیا۔
٭…27؍ستمبر بروز منگل: آج حضورِ انورایّدہ اللہ تعالیٰ کا صیہون شہر میں دوسرا دن تھا۔ آج حضورِانور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے زائن شہر میں تعمیر ہونے والی مسجد ’’فتحِ عظیم‘‘ کی یادگاری تختی کی نقاب کشائی فرمائی۔ حضورِ انور مقامی وقت کے مطابق دوپہر قریباً ایک بجے مسجد فتح عظیم میں تشریف لے گئے جہاں پر سب سے پہلے حضورِانور نے نمائش کا معائنہ فرمایا اور اس کا افتتاح فرمایا۔ اورپھر مسجد کی بیرونی دیوار پر نصب یادگاری تختی کے پاس رونق افروز ہوتے ہوئے اس کی نقاب کشائی فرمائی جس کے بعد حضور انور نے دعا کروائی۔
٭…بعدازاں حضورِ انور نے مسجد کے دامن میں مینار کا سنگ بنیاد رکھا۔ یہ مینار منارة المسیح کی طرز پر تعمیر کیا جائے گا۔ اس کا تعمیری پرمٹ مل چکا ہے اور عنقریب یہ مکمل ہو کر زائن شہر کے باسیوں کو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی الیگزینڈر ڈووی کے بارہ میں پوری ہونے والی پیشگوئیوں کی یاد دلاتا رہے گا، ان شاء اللہ۔ بعد ازاں حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ نے مسجد فتح عظیم کا معائنہ فرمایا اور پھر ڈیڑھ بجے مسجد میں تشریف لا کر نمازِ ظہر و عصر پڑھائیں۔
٭…شام کو حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ کے ساتھ احبابِ جماعت کی ملاقاتوں کا سیشن ہوا۔ آج ملاقاتوں کے دوران کل 32فیملیز کے 152 افراد کو جو 11 مختلف جماعتوں سے تعلق رکھتے تھے حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ سے شرفِ ملاقات نصیب ہوا۔
٭…28؍ستمبر بروز بدھ: صبح سوا گیارہ بجے حضورِ انور کے دفتر میں تشریف لانے کے بعد ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہوا جو نمازِ ظہر و عصر تک جاری رہا۔
حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ نمازوں کی ادائیگی کے بعد ایک بج کر چھپن منٹ پر مسجد فتح عظیم کے صحن میں تشریف لے گئے جہاں پر حضور انور نے اپنے بابرکت ہاتھوں سے ایک پودا لگایا اور اس کے بعد احباب کے پرجوش نعروںو السلام علیکم کا جواب دیتے ہوئے ان کے قریب سے گزر کر اپنی رہائش گاہ پر تشریف لے گئے۔
٭…شام چھ بجے احبابِ جماعت نے حضورِ انور سے اجتماعی ملاقاتوں کا شرف حاصل کیا۔ ملاقات کا سلسلہ شام ساڑھے سات بجے تک جاری رہا۔ مجموعی طور پر آج ملاقاتوں میں 27 جماعتوں سے تعلق رکھنے والے کل 313 خوش نصیب حضرات کو شرفِ ملاقات نصیب ہوا۔
٭…29؍ستمبر بروز جمعرات: آج شام چھ بج کر دس منٹ پر حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے کے ساتھ گروپ اور فیملی ملاقاتیں شروع ہوئیں جو شام 7 بج کر 27 منٹ تک جاری رہیں۔ ان ملاقاتوں میں 6 فیملیز کے 27 افراد نے اپنے آقا سے شرف زیارت حاصل کیا۔ اس کے علاوہ آج آٹھ گروپ ملاقاتیں عمل میں آئیں جن میں کُل 71 افراد کو حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے شرفِ ملاقات نصیب ہوا۔
٭…شام ساڑھے سات بجے حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد فتح عظیم کے ملٹی پرپز ہال میں احمدیہ مسلم سائنٹسٹس ایسوسی ایشن کے ممبران سے ملاقات فرمائی۔ قریباً ایک گھنٹہ جاری رہنے والی اس ملاقات میں سو کے قریب خوش نصیب سائنسدانوں نے شرکت کر کے حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے راہنمائی حاصل کی۔
٭…30؍ستمبر بروز جمعۃ المبارک: حضورِ انور ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزیز نے آج مسجد فتح عظیم، زائن، امریکہ ميںخطبہ جمعہ ارشاد فرمايا جو ايم ٹي اے کے مواصلاتي رابطوں نيز يوٹيوب اور ديگر ميڈيا پليٹ فارمز کے ذريعہ ساري دنيا ميں سنا اور ديکھا گيا۔ خطبہ جمعہ کے ساتھ حضور انور نے مسجدفتح عظیم کا باقاعدہ افتتاح فرمایا۔ (خلاصہ خطبہ جمعہ کے لیے دیکھیں صفحہ 72)
٭…آج شام 6 بج کر 20 منٹ پر ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہوا ۔ سب سے پہلے مسجد فتح عظیم کی کمیٹی کے ممبران کو اجتماعی طور پر حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے ملاقات کا شرف حاصل ہوا۔ اس کے بعد 9 جماعتوں سے تعلق رکھنے والی 42 فیملیز کے 156 افراد کو حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے شرفِ زیارت نصیب ہوا۔
٭…یکم اکتوبر بروز ہفتہ: شام 6 بجے کے کچھ بعد حضورِ انور مسجد فتح عظیم کے بابرکت افتتاح کی خوشی میں منعقد ہونے والی ریسپشن کے لیے مسجد کے احاطہ میں لگائی گئی مارکی میں رونق افروز ہوئے اور پروگرام کا آغاز فرمایا۔ ملک بھر سے ڈیڑھ سو کے قریب معروف سیاسی کارکنان کے علاوہ سماجی اور ثقافتی شخصیات نے بھی اس پروگرام میں شمولیت اختیار کی۔ (تفصیلی رپورٹ آئندہ کسی شمارہ میں)
اَللّٰھُمَّ اَیِّدْ اِمَامَنَا بِرُوْحِ الْقُدُسِ وَ کُنْ مَعَہٗ حَیْثُ مَا کَانَ وَانْصُرْہُ نَصْرًا عَزِیْزًا