متفرق مضامین

رمضان المبارک سے فائدہ اٹھاؤ

(اسما بشیر)

حضرت خلیفۃ المسیح الثانی رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان فرماتے ہیں:’’میں… نصیحت کرتا ہوں کہ جن کو خدا تعالیٰ توفیق دے وہ رمضان المبارک سے فائدہ اٹھائیں۔ اس مہینہ میں دُعاؤں کی قبولیت کا خاص موقع ہوتا ہے۔ اللہ تعالیٰ ان دنوں میں خاص طور پر دُعائیں سنتا ہے۔ اگرچہ یہ کہنا کہ خدا کو ان دنوں سے خاص تعلق ہے اس کی ہتک ہے لیکن اس میں شبہ نہیں کہ اس نے اپنے بندوں پر احسان کرنے کے ایسے ذرائع مقرر کر دئیے ہیں جن سے سوتوں میں بیداری پیدا ہو سکے اور وہ سمجھیں کہ اگر سارا سال نہیں تو اس مہینہ میں ہی روحانی فائدہ اٹھالیں …روزے اس لئے نہیں آئے کہ انسان بھوکا رکھا جائے بلکہ اس لئے ہیں کہ نفس پر قابو پانے کی عادت ڈالی جائے اور اللہ تعالیٰ کی عبادت اور اس کی طرف انسان کو متوجہ کرنے کے لئے آئے ہیں لیکن جو سحری کو کھانا کھا کر پھر سو جاتا ہے اس کا کیا روزہ ہے۔ ‘‘

عورتوں کو نصیحت

’’ میں نے دیکھا ہے عورتوں میں یہ مرض عام ہے کہ روزہ میں عبادت کم کرتی ہیں اور کھانے پینے کی طرف زیادہ توجہ کرتی ہیں۔ بے شک عورت کے فرائض میں یہ بات داخل ہے کہ وہ گھر میں کھانے کا سامان کرے اور جہاں نوکر وغیرہ نہ ہو خود کھانا تیار کرے لیکن ان دنوں میں ایسا انتظام کرنا چاہئے کہ زیادہ وقت سحری تیار کرنے میں صرف نہ ہو بلکہ نماز پڑھنے میں لگے۔ اور مردوں کو بھی چاہئے کہ اپنے کھانے یاکھانے کو زیادہ با لذت بنانے کے لئے عورتوں کو اس نعمت سے محروم نہ رکھیں۔ ممکن ہے بعض عورتیں چاہتی ہوں کہ اس وقت عبادت کریں۔ لیکن مرد ان سے ایسا سلوک کرتے ہوں کہ وہ ڈر کے مارے کھانے پکانے یا اُسے زیادہ بالذت بنانے میں وقت صرف کرنے پر مجبور ہوں۔ آج کل توسردی کا موسم ہے۔ رات کا پکایا ہوا کھانا بھی سحری کے وقت استعمال کیا جا سکتا ہے۔ صرف روٹی پکانے کی ضرورت رہتی ہے۔ اگرچہ اب تو یورپ والوں نے روٹیاں بھی ایسی ایجاد کر دی ہیں جو آٹھ آٹھ دن تک خراب نہیں ہوتیں۔ غرضیکہ عورت ومرد سب ان دنوں میں زیادہ عبادت کریں بلکہ جو بیمار یا مسافر ہونے یا کسی اور شرعی عذر کے ماتحت روزہ نہ رکھ سکتے ہوں وہ بھی تہجد پڑھنے کی کوشش کریں اور دعاؤں اور عبادتوں میں حصہ لیں۔‘‘(خطبات محمود جلد۱۳ صفحہ ۳۳۰-۳۳۲ فرمودہ ۱۵؍ جنوری۱۹۳۲ء)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button