مجلس خدام الاحمدیہ سوئٹزرلینڈ کےزیرِ اہتمام تین روزہ تربیت کیمپ کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ سوئٹزرلینڈ کو مورخہ ۲۲تا۲۴؍ دسمبر ۲۰۲۳ء مسجد نور ویگولٹینگن میں تین روزہ تربیت کیمپ منعقد کرنے کی توفیق ملی جس میں ۳۲؍ خدام اور ۱۳؍ اطفال نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز جمعہ کی شام مکرم ولید طارق تارنتسر صاحب نیشنل امیر سوئٹزرلینڈ کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، عہد اور نظم سے ہوا۔ مکرم امیر صاحب نے افتتاحی تقریر میںنمازکی باجماعت ادائیگی کی اہمیت و برکات بیان کرتے ہوئے مساجد یا نماز سنٹرز میں نمازیں ادا کرنے کی تلقین کی جس کے بعد دعا کروائی۔
کھانے کے وقفہ کے بعد ایک دلچسپ محفل کا آغاز ہوا۔ جرمنی سے تشریف لانے والے مہمان طارق احمد ظفر صاحب مربی سلسلہ سے شرکاء کا تعارف ایک انٹر ایکٹوسیشن میںکروایا گیا۔ ایک حساس اور اہم موضوع ’’اسلام میں شادی اور جنسیت‘‘ پر مکالمہ کی کھلی دعوت سے خدام کی حوصلہ افزائی ہوئی اور انہوں نے بہت سے سوالات کیے۔
اگلے روز کا آغاز تہجد اور فجر کی باجماعت نماز سے ہوا۔ ناشتہ کے بعد منیر احمد منور صاحب مبلغ انچارج سوئٹزرلینڈ کی صدارت میں ایک دلچسپ اجلاس ’’مَیں – ایک رول ماڈل‘‘ کے عنوان سے شروع ہوا۔ خدام نے ورکشاپ میں بھرپور دلچسپی اور شوق سے شرکت کی۔ معاشرے میں ان کے بطور رول ماڈل کردار پر سوال و جواب، مباحثوں اور پریزنٹیشنز کی مدد سے سیر حاصل گفتگو ہوئی جس کے بعد دوپہر کا کھانا پیش کیا گیا اور نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں۔
نمازوں کی ادائیگی کے بعد ’’باؤلنگ‘‘ کھیل کے دوستانہ مقابلوں نے تقریب کو یادگار بنا دیا۔
اس کے بعد طارق احمد ظفر صاحب مربی سلسلہ کے ساتھ ایک علمی اور تربیتی نشست منعقد ہوئی جس میں انہوں نے آج کے معاشرے میں نوجوان کی اسلامی زندگی اور اس کے روحانی سفر کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے بعض نصائح کیں۔
اگلے روز اتوار کی صبح ناشتہ کے بعد مختلف کھیلوں سے سب خوب لطف اندوز ہوئے۔ مجموعی طور پر تربیت کیمپ انتہائی کامیاب رہا۔
(رپورٹ: صبا ح الدین بٹ۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)