حفظ القرآن سکول کینیڈا کے ایک اَور طالب علم کا اعزاز تکمیلِ حفظ قرآن
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے حفظ القرآن سکول کینیڈا کے ایک طالب علم عزیزم مسرور احمد ابن مکرم چودھری منظور احمد صاحب نے عرصہ تین سال پانچ ماہ میں تکمیل حفظ قرآن کی سعادت حاصل کی ہے۔الحمدللہ
مورخہ ۵؍مارچ ۲۰۲۴ء کو سکول میں تقریبِ آمین کا انعقاد کیا گیاجس میں ملک لال خان صاحب امیر جماعت احمدیہ کینیڈا اور ڈاکٹر بشیر خان صاحب نائب پرنسپل جامعہ احمدیہ نے شرکت کی۔
تقریب کاآغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا اس کے بعد خاکسار (انچارج حفظ القرآن سکول) نے تعارفی کلمات پیش کیے اور مہمانوں کو اس بابرکت تقریب میں خوش آمدیدکہا۔ نیزتمام طلبہ کا فرداً فرداً مہمانوں سے تعارف کروایا گیا۔
عزیزم مسرور احمد کے والد صاحب نے اپنے تاثرات پیش کیے، اساتذہ کی محنت کو سراہااور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
مکرم امیر صاحب نے طلبہ کو حفظ قرآن کریم کے ساتھ ساتھ اس کا ترجمہ سیکھنے کی طرف بھی توجہ دلائی اور روزانہ کی بنیاد پر اس کی دہرائی کی تلقین کی۔ پھر آپ نےعزیزم مسرور احمد کے والدین اور اساتذہ کوخصوصی مبارکباد پیش کی ۔
طلبہ کے تین احزاب کے مابین دینی معلومات کا مقابلہ بھی کروایا گیا۔ مکرم امیر صاحب نے اوّل آنے والے حزب کے طلبہ کو انعامات سے نوازا۔
اس بابرکت تقریب کا اختتام دعا سے ہوا جس کے بعدطلبہ کی مہمانِ خصوصی کے ساتھ گروپ فوٹو لی گئی۔ بعد ازاں تمام شاملین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔
اب تک اللہ تعالیٰ کے فضل سے ۶۶؍طلبہ اس ادارہ سے قرآن کریم حفظ کرنے کی سعادت حاصل کر چکے ہیں۔ طلبہ کو حفظ کے ساتھ ساتھ سورۃ البقرۃ کا لفظی ترجمہ بھی سکھایاجاتا ہے۔ نیز ہفتہ میں ایک روز پبلک سکول کی پڑھائی بھی کروائی جاتی ہے تاکہ طلبہ کی دنیاوی تعلیم کا ہرج نہ ہو۔
احباب سے دعا کی درخواست ہے اللہ تعالیٰ ادارہ کو مزید ترقیات سے نوازے۔تمام حفاظ کرام کو اپنے حفظ کی حفاظت کرنے اور قرآن کریم کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین
(رپورٹ: حافظ راحت احمد چیمہ۔ انچارج حفظ القرآن سکول کینیڈا)