سیرالیون میں جلسہ ہائے یوم مصلح موعود کا بابرکت انعقاد
اللہ کے فضل سے باقی دنیا کی طرح سیرالیون میں بھی ۲۰؍فروری ۲۰۲۴ءکو یوم مصلح موعود پوری شان اور جوش و جذبے سے منایا گیا۔ ملک بھر کی جماعتوں کے علاوہ احمدیہ سکولز میں بھی جلسہ ہائے مصلح موعود منائے گئے جن میں احمدی اور غیر از جماعت احباب کی ایک کثیر تعداد شامل ہوئی۔
ان اجلاسات کے لیے اطفال، خدام، انصار، ممبرات لجنہ اماء اللہ اور ناصرات کی تیاری کروائی جاتی ہے جو تلاوت قرآن کریم، نظم، احادیث، اقتباسات، تقاریر اور ترانے پیش کرتے ہیں۔ احبابِ جماعت اپنے ذاتی واقعات بھی سناتے ہیں جو سامعین کے ازدیادِ ایمان کا باعث بنتے ہیں۔
اس دفعہ ان کے علاوہ مجلس خدام الاحمدیہ سیرالیون کے تحت مسجد بیت السبوح فری ٹاؤن میں یوم مصلح موعود کا انعقاد کیا گیا جس میں ۱۰۵؍اطفال اور خدام شامل ہوئے۔ اس کے علاوہ یوم مصلح موعود کی مناسبت سے آن لائن براہ راست درس القرآن کے پروگرام کیے گئے جن کو سیرالیون کے علاوہ باقی دنیا نے بھی دیکھا اور سنا۔ اسی طرح ایف ایم ریڈیوز کے ذریعہ یوم مصلح موعود منایا گیا اورپیشگوئی مصلح موعود کے مختلف پہلوؤں کا احاطہ کیا گیا۔ لجنہ اماء اللہ نے بھی آن لائن پروگرام منعقد کیا جس میں ملک کے مختلف حصوں میں رہنے والی لجنہ ممبرات نے بھرپور طریقہ سے حصہ لیا۔ ہیڈکوارٹرز فری ٹاؤن میں منعقدہ جلسہ یوم مصلح موعود میں مکرم موسیٰ میوا صاحب امیر جماعت سیرالیون نے شرکت کی اور حاضرین کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ پورے ملک میں ہونے والے جلسہ ہائے یوم مصلح موعود کی تفصیل مندرجہ ذیل ہے۔
(رپورٹ: سید سعید الحسن شاہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)