جماعت احمدیہ مالی(مغربی افریقہ) کے 9ویں جلسہ سالانہ کا بابرکت انعقاد
علمی و تربیتی موضوعات پر علماء سلسلہ کی تقاریر۔ با جماعت نماز تہجد و دروس۔
ریڈیو، ٹی وی اور اخبارت کے ذریعہ وسیع پیمانہ پر جلسہ کی تشہیر۔ ساڑھے نو ہزار سے زائد افراد کی جلسہ میں شمولیت۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ مالی کو یکم ،2 اور 3؍ اپریل 2016 بروز جمعہ، ہفتہ، اتوار اپنا نواں(9) جلسہ سالانہ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمد للہ علیٰ ذالک
٭…جلسہ سے ایک ہفتہ قبل ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں 3 ٹی وی سٹیشنز ، 7ریڈیو سٹیشنز اور 4 اخبارات کے نمائندے شامل ہوئے۔ اس پریس کانفرنس میں شاملین کو جماعت احمدیہ کا تعارف کروایا گیا نیز جلسہ سالانہ کا تعارف اور اس کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا۔
٭…جلسہ سالانہ کے انتظامات کی بہتر انجام دہی کے لئے جماعتی روایات کے مطابق جلسہ سے دو ماہ قبل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی اور جلسہ سالانہ تک ہر ہفتہ اس کمیٹی کی میٹنگز کا انعقاد کیا جاتا رہا جس میں کمیٹی ممبران کو ہدایات دینے کے ساتھ ساتھ ان کے کام کا جائزہ بھی لیا جاتا رہا۔
مختلف کاموں کی انجام دہی کے لئے مالی کے مختلف ریجنز سے خدام جلسہ سالانہ سے ایک ہفتہ قبل ہی دارالحکومت بماکو میں پہنچ گئے اور بڑے جوش اور ولولہ کے ساتھ وقار عمل اور جلسہ کی تیاریوں میں حصہ لیا۔جلسہ سے ایک ہفتہ قبل ایک مثالی وقارعمل جلسہ گاہ میں کیا گیا جس میں بماکو کے انصار ، خدام، اطفال ، لجنہ اور ناصرات کے علاوہ دوسرے ریجنز کے انصار اور ـخدام نے بھی بھر پور حصہ لیا۔
٭…حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہِ شفقت مکرم اعصام الخامسی صاحب صدر جماعت مراکش کو اپنے نمائندہ کے طور پر مالی جلسہ میں شمولیت کے لئے بھجوایا۔ نیز ہمسایہ ممالک برکینا فاسو اور نائیجر کے وفود بھی اس جلسہ میں شامل ہوئے۔
٭…مکرم اعصام الخامسی صاحب اور مکرم امیر صاحب مالی نے یکم اپریل کی صبح جلسہ گاہ کا دورہ کیا اور جلسہ گاہ کی تیاری اور ڈیوٹیز کا جائزہ لیا اورخدام کو جلسہ کی ڈیوٹیز کی اہمیت اور افادیت سے آگاہ کیا اور جلسہ گاہ کی تیاری کے حوالہ سے ان کی کوششوں کو سراہا۔
٭…مالی رقبہ کے لحاظ سے ایک وسیع ملک ہے۔ آمد و رفت کے ذرائع محدود اور اچھے نہ ہونے کی وجہ سے بعض علاقوں سے جلسہ سالانہ میں آنے کے لئے مہمانان کو بہت دقت کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے اور بہت لمبا سفر طے کرنا پڑتا ہے۔ دُور کے ریجنز سے مہمانوں کی آمد کا سلسلہ جلسہ سے ایک روز قبل بروز جمعرات شروع ہوگیا تھا۔
جلسہ سالانہ کا پہلا دن یکم اپریل 2016ء
جلسہ سالانہ کے پہلے دن پہلے سیشن سے قبل شام چار بجے لوائے احمدیت لہرایا گیا۔ لوائے احمدیت حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے نمائندہ مکرم اعصام الخامسی صاحب اور مالی کا قومی پرچم مکرم ظفر احمد بٹ صاحب امیر جماعت احمدیہ مالی نے لہرایا۔اس کے بعد دعا کروائی گئی اور دعا کے بعد جلسہ کے پہلے سیشن کا آغازہوا۔
پہلا سیشن
پہلے اجلاس کی صدارت مکرم اعصام الخامسی صاحب نے کی۔ اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ تلاوت اور لوکل زبان میں اس کے ترجمہ کے بعد نظم پڑھی گئی۔ اس کے بعد مکرم امیر صاحب نے افتتاحی خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں مکرم امیر صاحب نے تمام مہمانان کو جلسہ میں خوش آمدید کہا اور مہمانان کو جلسہ سالانہ کی اہمیت اور افادیت سے آگاہ کیا اور اس حوالہ سے سیدنا حضرت اقدس مسیح موعود ؑ کے اقتباسات پڑھ کے سنائے۔اس کے بعد مکرم عمر معاذصاحب مبلغ سلسلہ نے مذہبی لیڈرز کے پر امن رہنے کی اہمیت کے موضوع پر تقریر کی۔ اپنی تقریر میں آپ نے اس بات کی اہمیت کو اجاگر کیا کہ اگر مذہبی لیڈرز اپنے ماننے والوں کو پر امن رہنے کی تعلیم دیں گے تو دنیا میں جو بے امنی پھیلی ہے وہ ختم ہو سکتی ہے۔ آپ نے کہا کہ اس وقت دنیا میں وہ واحد وجود جو دنیا کو امن کی تعلیم کی طرف بلا رہا ہے وہ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز ہیں۔ اگر اس وقت دنیا میں امن قائم کیا جاسکتا ہے تو وہ صرف اسلامی تعلیم پر عمل پیرا ہوتے ہوئے امام وقت کی پیروی میں کیا جا سکتا ہے۔
اس کے بعد مختلف علاقوں سے آئے ہوئے مذہبی اور سیاسی لیڈرز نے شاملین جلسہ کے سامنے جماعت احمدیہ اور جلسہ سالانہ کے بارہ میں اپنے خیالات کا اظہارکیا۔
جلسہ سالانہ کا دوسرا دن 2 اپریل 2016
جلسہ سالانہ کے دوسرے دن کا آغاز باجماعت نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر کے بعد مکرم عبدالقادر تراورے صاحب معلم سلسلہ نے معاشرے کی فلاح وبہبود میں عورتوں کا کردار کے موضوع پر درس دیا۔
دوسرا سیشن
صبح 9 بجے جلسہ کے دوسرے سیشن کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔تلاوت اور نظم کے بعد معلم سلسلہ مکرم سایوں تراورے صاحب نے ’’خلافت ایک انعام خداوندی‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔اپنی تقریر میں آپ نے کہا کہ اس وقت صرف جماعت احمدیہ ہی وہ خوش قسمت جماعت ہے کہ جس میں ہمارے پیارے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ و سلم کی پیشگوئی کے مطابق خلافت کا سلسلہ جاری ہے۔ ہم خوش قسمت ہیں کہ ہم نے اس نعمتِ خداوندی کو قبول کیا ہے اور خلافت کے زیرِ سایہ اپنی زندگیاں پُر امن طور پر گزار رہے ہیں۔
اس کے بعد مکرم خلیفہ کراکو صاحب معلم سلسلہ نے لوکل زبان میں نظم پیش کی۔بعد ازاں مکرم ابوبکر سانوغوصاحب نے اسلام میں اجرائے نبوت کے موضوع پر تقریر کی۔ اپنی تقریر میں آپ نے قرآن کریم اور احادیث سے اجرائے نبوت کو ثابت کیا اور سیدنا حضرت اقدس مسیح موعودؑ کی صداقت کے دلائل پیش کئے۔ اس کے بعد مکرم باشاکا تراورے صاحب نے لوکل زبان میں خوش الحانی سے نظم پڑھی۔
بعد ازاں مکرم عبدالرحمان تراورے صاحب معلم سلسلہ نے ’’اسلام اور تربیت اولاد‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ اپنی تقریر میں انہوں نے نبی پاک حضرت محمد صلی اللہ علیہ و سلم کا پاک نمونہ پیش کیا کہ کس طرح آپ صلی اللہ علیہ و سلم نے اپنی اولاد کی تربیت کی اور تربیت اولاد کے حوالہ سے کیا ارشادات فرمائے۔ نیز رسول پاک صلی اللہ علیہ و سلم کے عاشق صادق حضرت مسیح موعود ؑ کے تربیت اولاد کے حوالہ سے اقتباسات پڑھ کر سنائے۔
تیسرا سیشن
نماز اور کھانے کے وقفہ کے بعد شام 4 بجے جلسہ سالانہ کے تیسرے سیشن کا آغاز ہوا۔تلاوت قرآن کریم اور قصیدہ کے بعد مکرم ادریس پرکوما صاحب معلم سلسلہ نے ’اسلام میںبدعات سے مناہی‘ کے عنوان پر تقریر کی۔ اپنی تقریر میں آپ نے نبی پاک صلی اللہ علیہ و سلم کی احادیث پیش کیں جن میں آپ صلی اللہ علیہ و سلم نے اپنی امت کو بدعات سے منع فرمایا ہے۔ آپ نے احادیث سے صحابہ کرام ؓ کا نمونہ بیان فرمایا کہ کس طرح وہ بدعات سے پرہیز کیا کرتے تھے۔آپ نے امام وقت حکم و عدل حضرت اقدس مسیح موعود ؑ کے ارشادات پڑھ کر سنائے جن میں آپ ؑ نے بدعات سے بچنے کا ارشاد فرمایا ہے۔
بعد ازاں مکرم عبدالحئی ودراگو صاحب معلم سلسلہ نے اس عالمی بد امنی کے دَور میں نجات کی کنجی کے موضوع پر تقریر کی۔ اپنی تقریر میں آپ نے کہا کہ یہ جو بد امنی ہم آج دنیا میں دیکھ رہے ہیں اس کی پیشگوئی آج سے 1400 سال پہلے ہمارے پیارے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمادی تھی اور ساتھ ہی آپ صلی اللہ علیہ و سلم نے اس بد امنی کے دَورمیں نجات کی راہ بھی ہمیں دکھا دی تھی۔ فان رایتموہ فبایعوہ کہہ کر آپ صلی اللہ علیہ و سلم نے اپنی امت کو امام وقت کی جماعت میں داخل ہو کر اس بدامنی اور ضلالت کے دور میں امن اور ہدایت کی ضمانت دے دی تھی۔اور اس زمانہ میں امام وقت کو انی احافظ کل من فی الدار کا الہام کرکے خداتعالیٰ نے اپنے پیارے نبی صلی اللہ علیہ و سلم کی ضمانت کی تصدیق کردی۔ آپ نے اپنی تقریر میں کہا کہ وہ واحد وجود جو اس وقت دنیا کوبغیر کسی ذاتی مفاد کے امن کی طرف بلا رہا ہے وہ جماعت احمدیہ کے خلیفہ حضرت مرزا مسرور احمد صاحب ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز ہیں۔آپ نے دنیا کے تمام سیاسی اور مذہبی لیڈرزکو دنیا میں امن قائم کرنے کی طرف نہ صرف بلایا بلکہ ان کو عالمی امن قائم کرنے کا طریق بھی بتایا ہے کہ جب تک سیاسی اور مذہبی فیصلوں میںانصاف کو مدنظر نہ رکھا جائے گا دنیا میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔ آپ نے سب کو بتایا ہے کہ دنیا میں امن قائم کرنے کا واحد طریق قرآن کریم اور رسول پاک صلی اللہ علیہ و سلم کے ارشادات کی پیروی ہے۔
اس کے بعد جلسہ میں شامل معزز سیاسی اور مذہبی مہمانوںنے شاملین جلسہ کے سامنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
بعد نماز مغرب و عشاء تمام مہمانان کے لئے مجلس سوال و جواب کا انعقادکیا گیا جس میں احمدی و غیر احمدی مردوںاور خواتین نے حصہ لیا۔ مکرم عمر معاذصاحب مبلغ سلسلہ نے احباب کے سوالوں کے جواب دیئے۔ یہ مجلس رات 12 بجے اپنے اختتام کو پہنچی۔
جلسہ سالانہ کا تیسرا دن 3 اپریل 2016 ء
جلسہ کے تیسرے دن کا آغاز نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر کی ادائیگی کے بعد مکرم خلیفہ کراکو صاحب معلم سلسلہ نے اسلام میں چندہ جات کا نظام کے موضوع پر درس دیا۔
آخری سیشن
سیشن کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔تلاوت اور نظم کے بعد مکرم عمر معاذ صاحب مبلغ سلسلہ نے ’شہدائے احمدیت‘ کے عنوان پر تقریر کی۔ آپ نے اپنی تقریر میںابتدائے اسلام میں صحابہؓ کی طرف سے پیش کی جانے والی جانوں کی قربانی کی مثالیں پیش کیں۔ ان قربانیوں کے ساتھ ملنے والے فیوض کا ذکر کیا۔ پھر اس آخرین کی جماعت کی طرف سے پیش کی جانے والی جانی قربانیوںکا ذکر کیا اور ان قربانیوں کے بدلہ میں خداتعالیٰ کی طرف سے ہونے والے فضلوں اور انعامات کا ذکر کیا۔
اس کے بعد مکرم اعصام الخامسی صاحب نے تقریر فرمائی۔ آپ نے اپنی تقریر میں جماعت احمدیہ پر ہونے والے خداتعالیٰ کے فضلوں اور انعامات کا ذکر کیا۔ جماعت احمدیہ میں شامل ہونے کے بعد ایک احمدی میں پیدا ہونے والی روحانی تبدیلی پیدا کرنے کی طرف شاملین کو توجہ دلائی۔ آپ نے اپنی تقریر میں شاملین جلسہ کو اس بات کی طرف توجہ دلائی کہ وہ خلافت کے ساتھ ایک مضبوط تعلق پیدا کریں ۔ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کے خطبات اور خطابات سننے کی طرف توجہ دلائی۔ آپ نے کہا کہ وہ لوگ جو اس جلسہ میں شامل ہو رہے ہیں وہ یہاں سے اپنے اندر ایک پاک تبدیلی پیدا کرنے کا عزم لے کر واپس جائیں اور واپس جاکر اپنے گھروں اور اپنے محلّوںمیں اس پاک تبدیلی کو پیدا کریں۔
آخرمیں امیر جماعت مالی مکرم ظفر احمد بٹ صاحب نے تقریر کی۔ آپ نے اطاعت امام اور خلافت کے ساتھ گہرے تعلق کی اہمیت پر زور دیا۔ آپ نے کہا کہ خدا کرے کہ تمام لوگ جو اس جلسہ میں شامل ہورہے ہیں وہ حضرت مسیح موعود ؑ کی دعاؤں کے وارث ہوں۔پھر امیر صاحب نے جلسہ کی رپورٹ پیش کی۔
اس کے بعد مکرم اعصام الخامسی صاحب نے اختتامی دعا کروائی اور آخر میں لجنہ کی طرف سے ترانے پیش کئے گئے۔
خداتعالیٰ کے فضل سے امسال جلسہ سالانہ کے موقع پر321سعید روحیں بیعت کرکے احمدیت میں داخل ہوئیں۔ الحمد للہ علیٰ ذالک
حاضری جلسہ سالانہ
الحمدللہ امسال 243 جماعتوں کے 9671 احباب جلسہ میں شامل ہوئے۔ مالی کے علاوہ مختلف ممالک کے احمدی احباب نے جلسہ میں نمائندگی کی جن میں گھانا ، برکینا فاسو ، نائیجراور نائیجیریا شامل ہیں۔
نمائش اور بازار
جلسہ گاہ میں احمدی احباب کی دلچسپی کے لئے ایک جماعتی نمائش کا انتظام بھی کیا گیا جس میں تصاویر ، پمفلٹس، بینرز ، سی ڈیزاو رکتابوںکی نمائش بھی لگائی گئی۔ تمام حاضرین جلسہ نے نمائش سے استفادہ کیا اور اسے پسند کیا۔ اس کے علاوہ جلسہ گاہ کی ایک طرف بازاربھی لگایا گیا جس میں خور و نوش کی اشیاء کے علاوہ احباب کی ضرورت کی دوسری اشیاء بھی رکھی گئیں۔
میڈیا کوریج
اللہ تعالیٰ کے فضل سے امسال جلسہ سالانہ مالی کو میڈیا کی طرف سے وسیع کوریج دی گئی۔ جلسہ کے موقع پر 3 ٹی وی چینلز، 9ریڈیوز اور 9 اخباری نمائندے شامل ہوئے۔ مالی کے سرکاری ٹی وی چینل ORTM اور دیگر ٹی وی چینلز ENERGIE TV اور L TV نے جلسہ کے بعد جلسہ کی ویڈیوز اور خبریںاپنے چینلز پر چلائیں۔ نیز جلسہ کی خبریں ریڈیوز اور اخبارات پر بھی نشر ہوئیں۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اس جلسہ کے بہترین نتائج پیدا ہوں ۔
٭…٭…٭




