تر بیتِ اولا داور انصار اللہ کی ذمہ داریاں(قسط 9)
(قرآن و حدیث اورحضرت اقدس مسیح موعود ؑ اورآپ کے خلفاء کرام کے ارشادات کی روشنی میں)
نوجوانی کی عمر میں بچوں کی تربیت کے لئے بعض اہم امور
٭ قیامِ نمازکی مسلسل تلقین اور
نماز میں لذّت کے حصول کے لئے راہنمائی:
7سال کی عمر میں بچے کو نماز کی تلقین اور پھر 10سال کی عمر میں اُسے سختی سے اس پر کا ربند کر نے کا ذکر پہلے کیا جا چکا ہے ۔ نو جوا نی کی عمر میں اِس کی عا دت پڑ جا نے کے با وجود سستی اور لا پر وا ہی کے امکا نات مو جود رہتے ہیں اس لئے اس عمر میں بھی بچے کو اس طرف با ر بار تو جہ دلا تے رہنا چا ہئے۔
حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ تعالیٰ نے اپنے خطبہ جمعہ فرمودہ19؍ نومبر 1982ء میں فرمایا:
’’ نماز کو قائم کرنے کا گُر بتاتے ہوئے حضرت اسمٰعیل علیہ السلام کی مثال پیش کی گئی ہے۔(اللہ تعالیٰ) فرماتا ہے ۔ کَانَ صَادِقَ الْوَعْدِ وَکَانَ رَسُوْلًا نَّبِیًّا۔ وَکَانَ یَاْمُرُاَھْلَہٗ بِالصَّلٰوۃِ وَالزَّکٰوۃِ وَکَانَ عِنْدَ رَبِّہٖ مَرْضِیًّا (مریم 56,55)کہ اسمٰعیل کی ایک بہت پیاری عادت یہ تھی کہ وہ اپنے اہل کو نماز اور زکوٰۃ کی ادائیگی کی تعلیم دیا کرتا تھا اور خدا کو بہت پیارا لگتا تھا کَانَ عِنْدَ رَبِّہٖ مَرْضِیًّا اس کی یہ ادائیں اللہ کو بہت پسند تھیں کہ وہ ہمیشہ باقاعدگی کے ساتھ اپنے اہل و عیال کو نماز کا حکم دیتا تھا۔ اس میں یہ نکتہ بھی بیان کیا گیا ہے کہ نمازوں کا قیام اور ان کا استحکام گھروں سے شروع ہوتا ہے ۔ چنانچہ آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم کو مخاطب کر کے اللہ تعالیٰ فرماتا ہے وَاْمُرْ اَھْلَکَ بِالصَّلٰوۃِ وَاصْطَبِرْ عَلَیْھَا(طٰہٰ:133) کہ اے محمد ﷺ ! تو بھی اپنے اہل کو نماز کا حکم دیا کر، وَاصْطَبِرْ عَلَیْھَا لیکن یہ ایسی بات نہیں ہے کہ ایک دفعہ کہنے سے اس پر پوری طرح عمل شروع ہو جائے گھروں میں اگلی نسلوں کو نماز کی عادت ڈالنی ہو تو مستقل مزاجی کے ساتھ تلقین کی عادت اختیار کرنی پڑتی ہے ۔ ایک دو دفعہ یا ایک دو دن یا ایک دو ماہ یا چند سالوں کا کام نہیں ۔ وَاصْطَبِرْ عَلَیْھَا کا مطلب یہ ہے کہ جب تک تو زندہ رہے جب تک تجھ میں طاقت ہے اس عادت پر صبر سے استقامت اختیار کر لے۔ اس عادت کو کبھی چھوڑنا نہیں۔۔۔ اگر گھر اپنے بچوں کی نماز کی حفاظت نہیں کریں گے تو بیرونی دنیا لاکھ کوشش کرے وہ اس قسم کے نمازی پیدا نہیں کر سکتی جو گھر کی تربیت کے نتیجے میں پیدا ہوتے ہیں۔ پس میں تمام گھروں کو یہ تلقین کرتا ہوں کہ وہ بڑی ہمت اور جدوجہد کے ساتھ نمازی پیدا کرنے کی کوشش کریں اور ہمارے ماضی میں جو نیک مثالیں ستاروں کی طرح چمک رہی ہیں ان کی پیروی کریں۔‘‘
(خطبات طاہر۔ جلد اوّل صفحہ 285,284)
حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے اصحاب میں یہ بات بہت نمایاں نظر آتی ہے کہ وہ اپنے اہل وعیال کو نماز کے متعلق تلقین کیا کرتے تھے۔ اور کبھی کسی حالت میں بھی ایسا نہیں ہوا کہ انہوں نے نماز کی تلقین کرنی چھوڑ دی ہو۔
٭ تعلیم القرآن کی طرف خصوصی توجہ دینا :
سات سال کی عمر تک قاعدہ یسرناالقرآن اور قرآن کریم پڑھنا اور پھر 7 سال کے بعد کی عمر میں ترجمہ سیکھنا اور روزانہ با آواز بلند تلاوت قرآن کریم کرنے کا ذکر پہلے ادوار میں کیا جا چکا ہے ۔اکثر والدین بچے کو قرآن کریم پڑھانے اور اس کی آمین تک تو زیادہ توجہ رکھتے ہیں بعد میں اس طرف توجہ کم ہو جاتی ہے ۔ حقیقی علوم کا سر چشمہ تو قرآن کریم ہی ہے اس لئے نوجوانی کی عمر میں بچوں کو روزانہ تلاوت کرنے کے ساتھ ساتھ قرآن کریم کے علوم کو سمجھنے ، اس کی گہرائی میں اُترنے اور اس پر عمل کرنے کی طرف بار بار توجہ دلاتے رہنا چاہئے ۔ کیونکہ قرآن کریم پر ہی عمل کرنے سے اللہ تعالیٰ سے صحیح تعلق پیدا ہوتا ہے ۔
٭ خلیفہ وقت سے ذاتی تعلق ا ور حضور انور کے خطبات باقاعدگی سے سننا:
سات سال کی عمر کے بعد بچوں کی تربیت کیلئے اہم امور کے ذکر میںاُن کے دل میں خلیفہ وقت کی محبت پیدا کرنا اور ان سے ذاتی تعلق قا ئم کر وانا اور انہیں دعا کی غرض سے خطوط لکھنا اور بچوں سے لکھوانا ،اسی طرح ان کے خطبات سے استفا دہ کر نے کی اہمیت بیان کی جا چکی ہے۔لیکن نوجوانی کے دورمیںجب اکثر بچوں کو حصولِ تعلیم یا روزگار کے سلسلے میں گھر سے باہر ہوسٹل وغیرہ میں رہنا پڑتا ہے تو تعلیمی یا دیگر مصروفیات کی بنا پر ہر جمعہ کے روز حضور انور کے خطبہ سے براہِ راست استفادہ میں مشکل بھی ہو سکتی ہے لیکن خلیفۂ وقت سے تعلق اور آپ کے خطبات سے باقاعدگی کے ساتھ استفادہ تربیت کے لئے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ اس لئے اُنہیں مسلسل اس طرف توجہ دلا تے رہنا بے حد ضروری ہے۔ حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں:
’’اپنی اولاد کو خطبات سنانے کا انتظام کریں اور انہی الفاظ میں سنائیں اور خلاصوں پر راضی نہ ہوں…اپنی اولادوں کو ہمیشہ خطبات سے جوڑ دیں ۔ اگر آپ یہ کریں گے تو ان پر بڑا احسان کریں گے،اپنی آئندہ نسلوں کے ایمان کی حفاظت کرنے والے ہوں گے۔‘‘
(خطباتِ طاہر۔ جلد 10صفحہ473)
٭ بچوں میں محنت، سختی اور مشقت کی عادت ڈالنا:
بچوں میں جفاکشی اور محنت کی عادت پیدا کرنابھی بہت ضروری ہے کیونکہ یہ بات اصلاحِ نفس اور دنیوی ترقی دونوں میں یکساں طور پر مفید ہے۔انفرادی اور اجتماعی وقار عمل اس کا بہترین ذریعہ ہے۔ بڑوں کو خود بھی وقار عمل کرنا چاہیئے اور بچوں کو بھی ساتھ شامل کیا کریں۔
٭ کسی نقصان رساں چیز کی عا دت نہ ڈالنا
(سگریٹ و دیگر منشیات وغیرہ ):
معاشرے کے ہرگند سے اپنے آپ کو پاک کرنے کی کوشش کرتے رہنا چاہئے اور معاشرے کی جتنی برائیاں ہیں ان سے بچنے کی کوشش کرتے رہنا چاہئے۔ اس ضمن میں حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرماتے ہیں’’ مثلاً یہ آج کل عام بیماری ہے اور سکول میں 17-16-15 سال تک کی عمر کے بچوں کو سگریٹ کی عادت ڈالی جاتی ہے اور پھر سگریٹ میں بعض نشہ آور چیزیں ملا کے اس کی عادت ڈالی جاتی ہے…… اس پر بھی ماں باپ کو نظر رکھنی چاہئے۔ کسی قسم کی معاشرے کی برائی کا اثر نہ ہم پر نہ ہمارے بچوں پر ظاہر ہو۔‘‘
(خطبات مسرور جلد 2صفحہ332)
سگریٹ نوشی کے علاوہ،حقہ،شیشہ،گٹکا، نسوار،افیم، چرس،ہیروئن ،شراب وغیرہ سب نہ صرف انسانی صحت کیلئے حد درجہ نقصان دہ بلکہ ہمیں ہماری پیدائش کے مقصد سے دُور لے جانے والی اور ہماری اخلاقی،رُوحانی ،مادی ترقی کے لئے بلاشبہ تباہ کن ہیں۔
٭ بے مقصد اور فضول مشاغل کی حوصلہ شکنی کر نا:
نوجوانی کی عمر میں داخل ہوتے ہوئے بھی بچوں کو سورۃ المومنون آیت4کی روشنی میں یہ بات سمجھاتے رہنے کی ضرورت ہے کہ عقلمند لوگ اپنی قوتوں اور صلاحیتوں کو بیکار اور بے معنی مشاغل میں ضائع نہیں کرتے۔ہلکی پھلکی تفریح کے لئے کچھ وقت نکال لینا کوئی بُری بات نہیں اور نہ ہی ہمارا مذہب اس سے منع کرتا ہے ۔لیکن اگر اس قسم کی تفریح سے معاشرے پر بحیثیت ِ مجموعی بُرے اثرات مرتب ہوتے ہوں توپھر یقینا اس کی حوصلہ افزائی نہیں کی جائے گی۔تفریح کا مقصد تو زندگی کی مصروفیات کے باعث پیدا ہونے والے ذہنی دباؤ اور پریشانیوں میں کمی کرنا ہے لیکن اگر تفریح بذاتِ خود ایک مقصد بن جائے اور زندگی کے اہم معمولات میں حارج ہو اور اس کے نتیجہ میں وہ قیمتی وقت ضائع ہو جس کا کوئی اور بہتر مصرف ہونا چاہئے تھا تو قرآن کریم کی اصطلاح میں اسے لغو کہا جائے گا جس کے معنی بیکار فضول اور بے مقصدکام کے ہیں۔
نوجوانی کی عمر کے آغاز میں بھی ٹیلی ویژن کے فضول پروگرام دیکھنے میں بہت ساوقت ضائع کردیا جاتا ہے۔ اکثر پروگراموں میں جرائم کو اس انداز سے پیش کیا جاتا ہے کہ بچوں کے دلوں میں جرم سے نفرت کی بجائے اس کی طرف رغبت پیدا ہونے لگتی ہے۔خاص طور پر بچوں کے لئے بنائے گئے پروگراموں میں بچوں کے مقبول کردار ایسی ایسی چالاکیاں اور ناواجب شرارتیں کرتے ہوئے دکھائے جاتے ہیں جن کے نتیجہ میں گھروں کا امن اورسکون برباد ہونے لگتا ہے۔یہ پروگرام کتنے ہی دلچسپ کیوں نہ ہوں سبق آموز ہر گز نہیں ہوتے اور بلا شبہ ٹیڑھے مزاج کے کئی بچے ایسے ہی پروگراموں کی پیداوار ہیں ۔ایسے بچوں میں مجرم بننے کی ایک مخفی خواہش پہلے ہی سے کروٹیں لے رہی ہوتی ہے۔پھر بڑے لوگوں کے لئے بھی جو ٹی وی پروگرام بنائے جاتے ہیں اُن میں بھی نا دانستہ طور پرجرم کے نئے سے نئے طریقے سکھائے جاتے ہیں اور دیکھنے والا زندگی کو محض آرام طلبی اور کھیل کود سمجھنے لگتا ہے،حالانکہ ہمارے لئے یہ جاننا از حد ضروری ہے کہ خوابوں کی دنیا حقیقی دنیا سے کتنی مختلف ہوتی ہے۔
پس ہمیںبچوں کو تلقین کرتے رہنا چاہئے کہ وہ ٹی وی کے فضول پروگراموں، پلے اسٹیشنز، ویڈیو گیمز اور تفریح کے دیگر ایسے طریقوں میں اپنا قیمتی وقت ضائع نہ جانے دیں۔
٭ خود اعتمادی پیدا کر نا:
چھوٹے چھوٹے کا م بچوں سے کروا کے اُن میں خود اعتمادی پیدا کرنے کی کوشش کریں جس کے نتیجے میں وہ کل بڑے بڑے کام خود سر انجام دے کر معاشرے کا مفید اور کارآمد وجود بن سکیں گے۔
سکول کے زمانے سے ہی بچے کو بعض باتوں میں خود فیصلہ کرنے کا اختیار دینا چاہئے مثلاً بچے کے کمرے میں فرنیچر وغیرہ کی ترتیب، بچے کے جوتوں اور کپڑوںکا انتخاب، اسکے علاوہ گھریلو اُمور میںجب کوئی فیصلہ کرنا ہو تو بچے کو بھی مشورہ میں شامل کرنا چاہئے اور حتمی فیصلہ کرنے پہ اُس کی وجہ، فوائد، ممکنہ نقصانات بتانے چاہئیں۔یوںبچہ تمام اُمور میں دلچسپی لیتا ہے اور اُس کا علم بڑھنے کے علاوہ اُسکے والدین پہ اعتماد اور تعلق میں مضبوطی آتی ہے اور خود اس میں خود اعتمادی، ذمہ داری اور فیصلہ کرنے کی قابلیت پیداہوتی ہے۔ بصورتِ دیگر بچگانہ ذہنیت بڑے ہو جانے پر بھی کافی دیر تک قائم رہ سکتی ہے۔
٭ اسلام کے ظاہری احکام ، شعار اور آداب کی پابندی کر نا:
بچوں کواسلام کے ظاہری احکام ، شعار اور آداب کی پابندی کر نی چاہئے جن کو ہر ایک شخص دیکھ سکتاہے اور رائے قائم کر سکتا ہے کہ یہ اپنے شعار کی پابندی کرتے ہیں یا نہیں۔مثلاًداڑھی رکھنا اور پر دہ کا خیال۔اسی طرح باہوں میں باہیں ڈال کر نہ پھرنا یا دوسرے کے کندھے پر کہنی ٹیک کر کھڑے نہ ہونا وغیرہ کے بارے میں بھی بچوں کو مناسب تلقین کرنا اُن کی تربیت کے لئے بہت ضروری ہے۔
٭ بچوں کو اپنے سے مانوس رکھیں او ر نیکیاں پیدا کرنے والا تعلق جوڑیں:
بچپن سے ہی اپنے بچوں کو اپنی طرف مائل رکھیں، اُنہیں وقت دیں ۔محبت سے ان کے سوالات کے جواب دیں ۔ اُن کے نیک اعمال کی تعریف کریں،محض دنیاوی طور پر اُن کا کچھ حاصل کرنا آپ کے لئے تسکین کا موجب نہ بنے ۔بچوں سے ایسا تعلق جوڑیں جو اُن کے اندر نیکیاں پیدا کرنے والا ہو۔
نوا فل ادا کر نے کی تلقین، عبا دات اور اخلاقی تعلیم کے ساتھ اس کا فلسفہ اور حکمت بھی سمجھا ئیں۔رو زہ رکھنے کی عا دت بھی ڈالیں۔ محبت الہی اور ایمانی غیرت پیدا کریں۔ وعدوں کی پابندی اور لین دین کی صفائی جیسی خوبیوں کو رائج کریں اوربچوں کا نیکیوں سے ذاتی لگا ؤپیدا کریں۔
٭ اولاد میں نیکی دیکھ کر خوش ہونا اور اُن کی دنیا کی ترقیات کو سرسری نظر سے دیکھنا:
اس بارے میں حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں:
’’پس اپنی اولاد میں نیکی دیکھ کر خوش ہوا کریں اور دنیا کی ترقیات کو سرسری نظر سے دیکھا کریں۔ہوجائیں تو ٹھیک، نہ ہوں تو وہ غم کی بات نہیں۔ لیکن اگر نیکی نہ ہو تو غم میں گھل جانا اور ایسی تکلیف محسوس کرنا کہ اولاد دیکھ لے کہ ہمارے ماں باپ ناخوش ہو گئے ہیںاور تکلیف میں مبتلا ہوگئے ہیں ۔یہ وہ جذبہ ہے جو حقیقت میں آپ کی دعاؤں کو طاقت دے گا…اگر ایک ماں باپ ایسے ہیں جو ہر وقت اپنی اولاد میں نیکی تلاش کرتے ہیں اور نیکی نظر نہ آئے تو ان کے دل سے آہ نکلتی ہے، وہی آہ ان کی دعا ہوتی ہے اورخدا تعالیٰ اس پر محبت اور پیار کی نظر ڈالتا ہے اور وہ جو دنیا پر راضی ماں باپ ہیںوہ بعد میں اپنی اولاد کو جب بے راہ رَو ہوتے دیکھتے ہیں…تو پھر وہ روتے ہیں پیٹتے ہیں اور دعاؤں کے لئے لکھتے ہیں۔‘‘(خطباتِ طاہر۔ جلد9صفحہ376۔377)
٭ خاندان کی عزت کے حوالہ سے بھی نیکی کرنےاور بدی چھوڑنے کی تلقین:
حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرماتے ہیں:
’’جب ماں باپ اپنے بچوں کی تربیت کی طرف توجہ دیتے ہیں تو بعض اوقات بچوں میں یہ احساس بھی پیدا کرتے ہیں اور ان کے اس احساس کو بیدار کرتے ہیں کہ تم ہماری عزت اور ہمارے خاندان کی عزت کی خاطر یہ یہ بُری باتیں چھوڑ دو اور نیک عمل کرو ۔ ایسی باتیں نہ کرو جس سے دوسروں کے سامنے ہماری سُبکی ہو۔ نگران کا ان کے ان جذبات کو اُبھارنا بھی ان کی اصلاح کا ایک حصہ ہے ، ایک کام ہے۔ پس ہر فردِ جماعت جو حضرت مسیح موعود ؑ کی جماعت کی طرف منسوب ہوتا ہے یہ بات یادرکھے کہ حضرت مسیح موعود ؑ کی طرف منسوب ہو کر آپ ؑ کو بدنام نہیں کرنا ۔‘‘(خطباتِ مسرور۔ جلد5صفحہ 136)
٭ بے مقصد فیشن سے بچائیں:
بچوں کو یہ سمجھانے کی ضرورت ہے کہ فیشن ایک لعنت اور احساسِ کمتری کی علامت ہے خواہ وہ سر کے بالوں، کڑوں،لاکٹس،تعویذوں ،بُندوں یا لباس سے متعلق ہو۔ یہ سب ذہنی غلامی کی دلیل ہے کیونکہ یہی فیشن کچھ دن پہلے تک تو انتہائی ناپسندیدہ تھا جسے کوئی مفت بھی لینے کو تیار نہ تھا مگر آج ایک اچھی خاصی رقم خرچ کر کے اسے اختیار کیا جارہا ہے جس کی وجہ اندھی تقلید کے علاوہ کچھ نہیں۔اس لئے فیشن پرست نہ بنیں بلکہ فیشن بنانے والے بنیں۔ یاد رکھنا چاہیئے کہ اس بارے میں بھی زبردستی فائدہ مند ثابت نہیں ہوتی،سمجھانے سے انسان اپنے اندر تبدیلی پیدا کیا کرتا ہے۔جب تک اندر کے انسان کو نہیں بدلیں گے بیرونی انسان وقتی طور پر بدلنے سے کچھ حاصل نہیں ہو گا۔
٭ کیر ئیر کے انتخاب میں رہنمائی اور مدد مہیا کریں:
سکول کی تعلیم کے دوران ہی اس امر کا اطمینان کر لینا چاہیئے کہ بچے کو آئندہ مستقبل کے کیر یئر کے سلسلے میں تمام ممکنہ فیلڈز اور اُن میں داخلے کی شرائط اور طریق اور ان کے فوائد کے بارے میںہر ممکن معلومات حاصل ہو جائیں۔ پھر بچے کی دلچسپی اور صلاحیتوں کا اچھی طرح جائزہ لیتے ہوئے موزوں ماہرین سے اُس کے رابطہ اور مشورہ کی کوئی صورت نکالنا اُس کے لئے نہایت مفید ہو سکتا ہے۔ اس مرحلہ پر اگر بچے کو مختلف ممکنہ فیلڈز میں کچھ وقت گزارنے کا موقع میسر آسکے تو یہ بھی اُس کے لئے فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔ اس طرح کیریئر کے انتخاب کے سلسلے میں اپنا فیصلہ ٹھونسنے کی بجائے بچے کو از خود اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے میں اچھی مددمہیا کرنی چاہئے۔
………………………
(باقی آئندہ)




