جماعت احمدیہ فن لینڈ میں جلسہ سیرت النبیﷺ کا بابرکت انعقاد
مکرم بشارت الرحمٰن صاحب سیکرٹری تربیت جماعت احمدیہ فن لینڈ تحریر کرتے ہیں کہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ فن لینڈ کے زیر اہتمام مورخہ ۱۸؍جنوری ۲۰۲۶ء بروز اتوار مسجد نور، ہیلسنکی، فن لینڈ میں نماز ظہر اور عصر کے بعد جلسہ سیرت النبیﷺ منعقد ہوا۔

جلسہ کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم اور آنحضرتﷺ کے حلیہ مبارک، اوصاف اور اعلیٰ اخلاق کے متعلق منتخب احادیث نبویہؐ سے کیا گیا۔ بعد ازاں ڈاکٹر میر محمد اسماعیل صاحبؓ کا نعتیہ کلام ’بدر گاہ ذیشان خیر الانام‘ پیش کیا گیا۔
جلسہ میں ایم ٹی اے کی جانب سے تیار کردہ نبی کریمﷺ کی سوانحی ویڈیو دکھائی گئی جس میں آنحضرتﷺ کی پیدائش سے لے کر وصال تک کے اہم ادوار کو اختصار کے ساتھ اور مؤثر انداز میں پیش کیا گیا۔
خاکسار (سیکرٹری تربیت جماعت احمدیہ فن لینڈ) نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہدایات کی روشنی میں جماعت فن لینڈ کے ليے تیار کردہ تربیتی منصوبہ پیش کیا۔ اس منصوبے میں حضرت مسیح موعودؑ کی تصنیفات کے مطالعہ پر زور دیا گیا تاکہ تبلیغ و تربیت کے میدان میں بہترکارکردگی دکھا سکیں۔ نیز حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشاد کی تکمیل میں کہ شرائط بیعت ہر گھر میں آویزاں ہونی چاہئیں، شعبہ تربیت کی جانب سے دس شرائط بیعت کے اردو اور فنش زبان میں پوسٹر تیار کر کے تقسیم کیے گئے تاکہ احباب انہیں اپنے گھروں میں آویزاں کرسکیں۔
جلسہ کی مرکزی تقریر مکرم شاہد محمود کاہلوں صاحب مبلغ انچارج فن لینڈ نے آنحضورﷺ کی حیات مبارکہ سے ان دو اہم پہلوؤں پر کی: عورتوں کے حقوق اور ان کا مقام اور والدین کے ساتھ حسن سلوک۔ نیز آپ نے آنحضورﷺ کی ذات مبارکہ پر لگائے جانے والے چند اعتراضات کا مدلل اور علمی جواب بھی دیا۔
آخر پر مکرم نیشنل صدر صاحب جماعت احمدیہ مکرم عطاءالغالب صاحب نے احباب جماعت کو مطالعہ کتب کی اہمیت پر زور دیا اور دیباچہ تفسیر القرآن کا تعارف پیش کیا کہ یہ کتاب آنحضرت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی حیات مبارکہ اور سیرت پر بہت اعلیٰ کتاب ہے۔
تقریباً دو گھنٹے جاری رہنے والے اس بابرکت جلسہ کا اختتام ضیافت طعام سے ہوا۔ بعد ازاں شرکاء نے باجماعت نماز مغرب اور عشاء ادا کیں۔
الحمدللہ، اس جلسہ میں مجموعی طور پر ۱۴۱؍افراد نے شرکت کی۔ ہیلسنکی سے باہر کی جماعتیں آن لائن لنک کے ذریعہ اس جلسہ میں شامل ہوئیں۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
(رپورٹ:فرخ اسلام۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: مجلس خدام الاحمدیہ بیلجیم کی ماہ دسمبر و جنوری کی مساعی




