افریقہ (رپورٹس)

مجلس خدام الاحمدیہ بینن کے زیر اہتمام پہلی سالانہ سپورٹس ریلی

(مرزا فرحان احمد بیگ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ بینن کو مورخہ ۲۷و۲۸؍مارچ ۲۰۲۶ء کو بستان مہدی Ketou میں پہلی سالانہ سپورٹس ریلی کے انعقاد کی توفیق ملی۔

اس ریلی میں بینن کے ۱۱؍ریجنز (Cotonou, Porto-Novo, Calavi, Pobe, Allada, Lokossa, Bohicon, Dassa, Save, Ouidah, Azove) کے خدام نے شرکت کی۔ تمام ریجنز میں خدام نے نہایت جوش و خروش سے تیاریاں کیں جبکہ مرکز کی جانب سے ہر ریجن کے لیے علیحدہ یونیفارم کے رنگ مقرر کیے گئے تاکہ نمایاں شناخت برقرار رہے۔ ریلی میں ٹیم اور انفرادی دونوں نوعیت کے مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ ٹیم مقابلہ جات میں فٹ بال، رسہ کشی اور ریلےریس شامل تھے جبکہ انفرادی مقابلوں میں دوڑ، پنجہ آزمائی، لانگ جمپ اور ہائی جمپ کروائے گئے۔

پروگرام کا آغاز ۲۷؍مارچ کو نماز تہجد اور نماز فجر سے ہوا۔ بعد ازاں افتتاحی تقریب میں مکرم محمود ناصر ثاقب صاحب مبلغ انچارج بینن نے خدام کو اعلیٰ اخلاق اور تربیتی معیار قائم رکھنے کی تلقین کی جبکہ مکرم نجم صاحب ناظم صحت جسمانی نے مقابلہ جات کے قواعد پڑھ کر سنائے۔ صبح ۷؍بجے سے مقابلہ جات کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ رسہ کشی اور فٹ بال کے مقابلے بیک وقت شروع ہوئے اور تمام ٹیموں نے بھرپور جذبہ کے ساتھ حصہ لیا۔ مبلغین کرام اور لوکل مشنریز اپنے اپنے ریجنز کے خدام کی حوصلہ افزائی کے لیے مسلسل موجود رہے۔ نماز ظہر و عصر اور طعام کے وقفہ کے بعد مقابلہ جات کا سلسلہ جاری رہا جبکہ پنجہ آزمائی کے مقابلے نماز مغرب و عشاء کے بعد منعقد ہوئے۔

مورخہ ۲۸؍مارچ کو دوسرے دن کا آغاز بھی نماز تہجد سے ہوا جس کے بعد فائنل راؤنڈز کرائے گئے۔ صبح ۷؍بجے مبلغین کرام اور نیشنل مجلس عاملہ کے ممبران کے مابین ایک دوستانہ فٹ بال میچ ہوا جس میں مبلغین کی ٹیم ایک گول سے کامیاب رہی۔ نیشنل عاملہ کی ٹیم کی قیادت مکرم محمد لقمان بصیریو صاحب امیر جماعت احمدیہ بینن جبکہ مبلغین کی ٹیم کی قیادت مکرم محمود ناصر ثاقب صاحب نے کی۔ باقی انفرادی مقابلہ جات اور فائنل میچز مکمل کیے گئے۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے تمام خدام نے شدید مقابلہ کے باوجود نہایت اعلیٰ اخلاق، نظم و ضبط اور وقار کا مظاہرہ کیا اور اس سپورٹس ریلی کو کامیاب بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔ فجزاھم اللہ خیراً

تمام مقابلہ جات کے لیے یکساں معیار مقرر کیا گیا اور ٹیم و انفرادی پوزیشنز کے مطابق پوائنٹس دیے گئے۔ مجموعی طور پر سب سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرنے والے ریجن کو ایک سال کے لیے چیمپین قرار دے کر خصوصی ٹرافی دی گئی۔ امسال ریجن Pobe چیمپین قرار پایا۔

اختتامی تقریب سہ پہر تین بجے منعقد ہوئی۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد ناظم صحت جسمانی نے رپورٹ پیش کی جس کے بعد صدر مجلس خدام الاحمدیہ نے تمام شاملین، مبلغ انچارج اور امیر صاحب بینن کا شکریہ ادا کیا۔ آخر پر مکرم امیر صاحب نے خدام کو نصائح کیں اور نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے خدام میں ٹرافیز و میڈلز بطور انعامات تقسیم کیے۔

اس ریلی میں ۱۱؍ریجنز کے خدام کے علاوہ نیشنل مجلس عاملہ، مبلغین کرام اور مجلس انصار اللہ کے اراکین نے بھی شرکت کی۔ نیز گرد و نواح سے بھی کثیر تعداد میں افراد مقابلہ جات دیکھنے آئے۔ اس طرح مجموعی حاضری ۵۴۸؍رہی۔ آخر پر مکرم امیر صاحب بینن نے دعا کروائی اور اس بابرکت سپورٹس ریلی کا اختتام ہوا۔

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button