افریقہ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ لائبیریا کے بائیسویں جلسہ سالانہ ۲۰۲۶ءکا بابرکت انعقاد

٭…جلسہ سالانہ کے موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا ارسال کردہ خصوصی پیغام

٭… ’’اسوۂ حسنہ رسول ﷺ‘‘ کے مرکزی موضوع پر منعقدہ جلسہ سالانہ کے دوران نماز تہجد، پنجوقتہ نمازوں، دروس، علمی و روحانی موضوعات پر علمائے سلسلہ کی تقاریر، تقریبات آمین، تبلیغی نشست، مجلس سوال و جواب وغیرہ کا اہتمام

٭… ملک کی ۱۳؍کاؤنٹیوں سے ۱۰۸۳؍احباب و خواتین کی شمولیت

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ لائبیریا کو اپنا بائیسواں جلسہ سالانہ ’’اسوۂ حسنہ رسول ﷺ‘‘ کے مرکزی موضوع پر مورخہ۶تا۸؍فروری ۲۰۲۶ءکو بمقام احمد آباد، Kpo River کامیابی کے ساتھ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

جلسہ کی تیاری و انتظامات: مکرم مشہود حسن خالد صاحب مبلغ سلسلہ و افسر جلسہ سالانہ کی قیادت میں ۲۳؍ناظمین پر مشتمل کمیٹی قائم کی گئی۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں دعائیہ خط ارسال کرنے کے بعد میٹنگ منعقد ہوئی جس میں گذشتہ جلسہ کے انتظامات کا جائزہ لے کر تیاریوں کا آغاز کیا گیا۔ اجتماعی وقار عمل کے ذریعے مردانہ و زنانہ جلسہ گاہ، لنگر خانہ اور رہائش گاہوں کی صفائی، پنڈال کی تیاری، دفاتر کا رنگ و روغن اور بینرز و جھنڈیوں سے تزئین و آرائش کی گئی۔ جلسہ سے ۲۰؍روز قبل Days to Go مہم شروع کی گئی جس کے تحت حضرت مسیح موعودؑ اور خلفائے کرام کے جلسہ کی اہمیت و برکات سے متعلق اقتباسات تیار کرکے یوٹیوب اور دیگر جماعتی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر نشر کیے گئے۔ علاوہ ازیں مقامی ریڈیو سٹیشنز پر اعلانات کروائے گئے اور اشتہارات ملک بھر کی جماعتوں میں بھجوائے گئے۔

جلسہ سے ایک روز قبل دور دراز کاؤنٹیوں سے وفود کی آمد شروع ہو گئی۔ قافلوں کی آمد کے ساتھ رجسٹریشن کا عمل جاری رہا اور شاملین کو کارڈز مہیا کیے گئے۔

۵؍فروری کی شام اور تیاری کے مختلف مراحل میں مکرم نوید احمد عادل صاحب امیر و مبلغ انچارج لائبیریا گاہے بگاہے جلسہ گاہ تشریف لا کر انتظامات کا جائزہ لیتے رہے۔

جلسہ سالانہ کا پہلا روز:مورخہ ۶؍فروری بروز جمعہ جلسہ سالانہ کا پہلا روز تھا جس کا آغاز نماز تہجد سے کیا گیا۔ نماز تہجد و فجر کی امامت مکرم Ibrahim Nyei صاحب مبلغ سلسلہ نے کروائی۔ نماز فجر کی ادائیگی کے بعد مکرم Muhammad Johnson صاحب معلم سلسلہ (بومی کاؤنٹی) نے ’’نکاح، بے حیائی سے بچاؤ کا ذریعہ ہے‘‘ کے عنوان پر درس دیا جس کے بعد ناشتہ اور جمعہ کی تیاری میں احباب و خواتین مشغول ہو گئے۔ دریں اثناء قریبی جماعتوں سے وفود کی آمد کا سلسلہ بھی جاری رہا۔

دوپہر ایک بجے مکرم امیر صاحب نے خطبہ جمعہ میں جلسہ سالانہ کی تاریخ اور حضرت مسیح موعودؑ کے بابرکت الفاظ میں جلسہ کے انعقاد کے مقاصد احباب جماعت کے سامنے رکھے۔

پرچم کشائی و افتتاحی اجلاس: سہ پہر پونے چار بجے مکرم امیر صاحب نے لوائے احمدیت اور مکرم Muhammad Jones Annanصاحب نائب امیر جماعت نے لائبیریا کا پرچم لہرایا۔دعا کے بعد جلسہ گاہ کا ماحول فلک شگاف نعرہ ہائے تکبیر سے گرما گیا۔

تقریب پرچم کشائی کے بعد مکرم امیر صاحب کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم سےبائیسویں جلسہ سالانہ لائبیریا کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ منظوم کلام اور انگریزی ترجمہ کے بعد مکرم امیر صاحب نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا جلسہ سالانہ کے موقع پر ارسال کردہ خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا۔

بعدہٗ مکرم منصور احمد ناصر صاحب نائب صدر مجلس انصاراللہ لائبیریا نے تقریر کی۔ چندمعزز مہمانان کے مختصر پیغامات کے بعد افتتاحی اجلاس کے اختتام پر مکرم امیر صاحب نےاجتماعی دعا کروائی۔

خطبہ جمعہ حضور انور اور مجلس سوال و جواب: نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی کے بعدشاملین جلسہ کے ليے پراجیکٹر کی مدد سے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ دیکھنے اور سننے کا انتظام کیا گیا۔ بعد ازاں مکرم نائب صدر مجلس انصاراللہ لائبیریا کی زیرصدارت ایک مجلس سوال و جواب منعقد ہوئی جس کے ساتھ ہی جلسہ کے پہلے روز کی سرگرمیاں مکمل ہوئیں۔

جلسہ سالانہ کا دوسرا روز: جلسہ سالانہ کے دوسرے روز کا آغاز بھی نماز تہجد کی ادائیگی سے ہوا۔ نماز تہجد و فجر کی امامت مکرم ظفر احمد بھٹی صاحب مبلغ سلسلہ نے کروائی۔ نماز فجر کے بعد مکرم Bashiruddin Sonii صاحب معلم سلسلہ نمبا کاؤنٹی نے ’’بچوں کی روحانی و اخلاقی پرورش کی ضرورت‘‘ پر درس دیا۔

دوسرا اجلاس: صبح دس بجے مکرم Taphema Kortu صاحب جنرل سیکرٹری نیشنل مجلس عاملہ کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم اور نظم سے دوسرے اجلاس کا آغاز ہوا جس کےبعد ان موضوعات پر تقاریر ہوئیں: ’’بائبل میں حضرت محمد مصطفیٰﷺ کے متعلق پیشگوئیاں ‘‘ از مکرم عبدالرحمٰن باری صاحب مبلغ سلسلہ سائنوں کاؤنٹی، ’’حضرت مسیح موعودؑ کا عشق الٰہی اور خدمت انسانیت‘‘ از مکرم ثناء اللہ ورک صاحب مبلغ سلسلہ گرینڈ باسا کاؤنٹی، ایک نظم کے بعد ’[حقیقی عبادت یعنی باطنی سکون کا راستہ‘‘ از مکرم Momo Kromah صاحب مبلغ سلسلہ میری لینڈ کاؤنٹی اور ’’مالی قربانیاں یعنی اصلاح نفس و تزکیۂ  نفس کا ذریعہ‘‘ از مکرم Hamza Kemokai صاحب معلم سلسلہ ماؤنٹسیراڈو کاؤنٹی۔

اجلاس مستورات:جلسہ سالانہ کے دوسرے روز حسب روایت صبح گیارہ بجے مستورات نے اپنا الگ اجلاس بمقام مسجد بیت العطاء ملحقہ جلسہ گاہ منعقد کیا۔ اجلاس کی کارروائی کا آغاز مکرمہ بشریٰ مبارکہ صاحبہ سابق صدر لجنہ اماء اللہ لائبیریا کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم اور نظم سے ہوا۔ بعد ازاں مکرمہ Maryam Sheriff صاحبہ نے ’’اسوۂ رسول ﷺ‘‘ پر اجلاس کی پہلی تقریر کی۔ نظم کے بعد ’’قرآن کریم کی اہمیت‘‘ اور ’’حجاب‘‘ کے موضوعات پر مکرمہ Mariyama Johnson صاحبہ اور مکرمہ Adama Turay صاحبہ نے تقاریر کیں۔ تقاریر کے بعد امسال جلسہ پر موجود قرآن کریم کا پہلا دور کرنے والی ۳؍ناصرات کی آمین بھی کروائی گئی جس کے بعد دوران سال نمایاں کارکردگی دکھانے والی طالبات میں اسناد اور انعامات تقسیم کيے گئے۔ آخر پر مکرمہ عظمیٰ درثمین صاحبہ صدر لجنہ اماء اللہ لائبیریا نے اپنی تقریر میں دوران جلسہ سیکھنے والی عملی باتوں کو ہمیشہ اپنی زندگیوں کا حصہ بنانے اور خلیفۂ وقت سے تعلق مضبوط بنانے کی نصائح کیں۔ دعا سے یہ اجلاس اپنے اختتام کو پہنچا۔

تیسرا اجلاس: سہ پہر ساڑھے تین بجےمکرم Francis Fayyah صاحب نائب امیر دوم کی زیر صدارت تیسرے اجلاس کا آغاز ہوا۔ تلاوت قرآن کریم اور منظوم کلام کے بعد مکرم عبادہ اسلم قریشی صاحب مبلغ سلسلہ بونگ کاؤنٹی نے ’’شہدائے احمدیت‘‘ پر تقریر کی۔ اجلاس کی دوسری تقریر ’’سوشل میڈیا کے اثرات اور اس کا ذمہ دارانہ استعمال‘‘ پر مکرم مشہود احمدصاحب مبلغ سلسلہ باہ ریجن نے کی۔ عربی قصیدہ کے بعد مکرم آصف احمد صاحب مبلغ سلسلہ بومی کاؤنٹی نے ’’خلفائے احمدیت کی قبولیت دعا کے ایمان افروز واقعات‘‘ کے موضوع پر اظہار خیال کیا۔ اجلاس کے اختتام پر مکرم Varfee Keita صاحب معلم سلسلہ کیپ ماؤنٹ کاؤنٹی نے ’’اسلام پر جھوٹے اعتراضات اور حضرت مسیح موعودؑ کا دفاع‘‘ کے عنوان پر تقریر کی۔

تقریب آمین:تیسرے اجلاس کے اختتام پر مکرم آصف احمد صاحب مبلغ سلسلہ بومی کاؤنٹی نے ۱۱؍بچوں سے قرآن کریم کا کچھ حصہ سننے کے بعد ان کی آمین کروائی۔

تبلیغ نشست: نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی کےبعد مکرم ناصر احمد کاہلوں صاحب مبلغ سلسلہ ماؤنٹسیراڈو کاؤنٹی کی زیر صدارت ایک تبلیغ نشست کا اہتمام کیا گیا جس میں داعیان کو تبلیغ کے میدان میں اپنی کاوشوں کو منظم کرنےکے مختلف طریق پر نصائح کی گئیں اور چند ایک احبا ب سے ان کے قبول احمدیت کے ایمان افرواز واقعات بھی سننے کا موقع ملا۔ اس نشست کے ساتھ جلسہ کا دوسرا روز بھرپور سرگرمیوں کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔

جلسہ سالانہ کا تیسرا روز:اللہ تعالیٰ کے فضل سے جلسہ سالانہ کے تیسرے روز کا آغاز بھی نماز تہجد کی ادائیگی سے ہوا۔ نماز تہجد و فجر کی امامت مکرم عبادہ اسلم قریشی صاحب مبلغ سلسلہ نے کروائی۔ مکرم Muhammad Zakiew Kiawuصاحب معلم سلسلہ کیپ ماؤنٹ کاؤنٹی نے ’’ایمانداری اور سچائی‘‘ کے موضوع پر درس دیا۔

اختتامی اجلاس: صبح گیارہ مکرم Muhammad Jones Annanصاحب نائب امیرجماعت احمدیہ لائبیریا کی زیر صدارت اختتامی اجلاس شروع ہوا۔ تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد مکرم ناصر احمد کاہلوں صاحب مبلغ سلسلہ ماؤنٹسیراڈو کاؤنٹی نے ’’قرآن کریم-روحانی و اخلاقی اصلاح کے ليے ایک مکمل ضابطۂ حیات‘‘ کے موضوع پر اور مکرم Ibrahim Nyei صاحب مبلغ سلسلہ گرینڈ جیڈے کاؤنٹی نے ’’خلافت یعنی وحدت و ہدایت کا ایک الٰہی نظام‘‘ کے موضوع پر تقاریر کیں۔

مرحومین کے ليے دعائے مغفرت:تقاریر کے بعد مکرم محمد زکریا صاحب مبلغ سلسلہ و افسر جلسہ گاہ نے دوران سال وفات پانے والے کچھ موصولہ مرحومین کے نام پڑھ کے سنائے۔

تقسیم اسناد: بعد ازاں مکرم امیر صاحب نے قرآن کریم کا پہلا دور ختم کرنے والے اور تعلیمی میدان میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والےطلبہ میں قرآن کریم، اسناد اور میڈلز تقسیم کيے۔

مکرم امیر صاحب نے اپنی تقریر میں مسلمانوں کی حالت زار بیان کرتے ہوئے کہا کہ اسلام کی ترقی کا راز وحدت میں ہے جو الٰہی خلافت کے بغیر ممکن نہیں، کیونکہ خلافت ہی اسلام کی ترقی اور ہر فتنہ سے بچاؤ کی ضامن ہے۔

اختتامی دعا کے بعدمختلف کاؤنٹیوں سے اطفال، خدام اور ناصرات نے نظمیں اور ترانے پیش کيے۔ نماز ظہر و عصر کی ادائیگی اور ظہرانہ کے بعد احباب جماعت نے واپسی کے ليے رخت سفر باندھا۔

حاضری: امسال جلسہ سالانہ میں لائبیریا کی ۱۳؍کاؤنٹیوں سے ۱۰۸۳؍احباب و خواتین نے شمولیت کی توفیق پائی۔

میڈیا کوریج:جماعت احمدیہ لائبیریا کے یوٹیوب چینل پر جلسہ کے تینوں روز کی کارروائی براہ راست نشر کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی تصاویراورویڈیوز اپ لوڈ کی گئیں۔ اس کے علاوہ Sletorwah ریڈیو چینل اور فیس بک پیج پر جلسہ کے دو دن کی براہ راست آڈیو اور ویڈیو کوریج بھی کی گئی۔

لوکل زبان میں ترجمہ: لائبیریا میں بیس سے زیادہ مقامی زبانیں بولی جاتی ہیں جو مختلف قبائل اور علاقوں کی الگ الگ پہچان ہیں۔ البتہKoloqua جو انگریزی زبان سے مطابقت رکھتی ہے پورے ملک میں سمجھی اور بولی جاتی ہے۔ اسی زبان میں مکرم Muhammad Gataweh صاحب معلم سلسلہ مارگیبی کاؤنٹی نے تمام تقاریر کے ترجمہ کی ذمہ داری نبھائی۔ فجزاہ اللہ تعالیٰ احسن الجزاء

نمائش: امسال کی نمائش میں حضرت مسیح موعودؑ، خلفائے کرام نیز مقامات مقدسہ کی تصاویر، قرآن کریم کے مختلف تراجم، جماعتی کتب، جماعت احمدیہ لائبیریا کی تاریخی تصاویر اور ہیومینٹی فرسٹ انٹرنیشنل و لائبیریا کے مختلف منصوبوں کی تصاویر اور تفصیلات شامل تھیں۔ زائرین نے نمائش میں خاص طور پر دلچسپی کا اظہار کیا۔

میڈیکل کیمپ:مکرم ڈاکٹر فضل محمود بھنوں صاحب انچارج ٹب مین برگ کلینک کی زیر نگرانی میڈیکل کیمپ بھی لگایا گیا جو جلسہ کے تینوں ایام میں احباب کی خدمت میں مصروف رہا۔ ۸۶۳؍مریضوں کا معائنہ کیا گیا جن میں سردرد، بخار، ڈائریا، گیسٹریٹس اور بلڈ پریشر کے مریض شامل تھے۔ مرض کی تشخیص کے ساتھ ساتھ حفظان صحت کے اصولوں پر بھی ہدایات دی گئیں۔

اللہ تعالیٰ تمام شاملین جلسہ و کارکنان کو جلسہ کی حقیقی برکات اور حضرت مسیح موعودؑ کی دعاؤں کا وارث بنائے۔ آمین

(رپورٹ: فرخ شبیر لودھی۔ نمائندہ الفضل انٹر نیشنل)

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے جلسہ سالانہ لائبیریا ۲۰۲۶ء کے موقع پر بصیرت افروز پیغام کا اردو مفہوم

پیارے احباب جماعت احمدیہ لائبیریا

السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ

مجھے بہت خوشی ہے کہ آپ اپنا بائیسواں جلسہ سالانہ ۶، ۷اور۸؍فروری ۲۰۲۶ء کو منعقد کر رہے ہیں۔ میری دلی دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کے جلسہ کو عظیم کامیابی سے نوازے اور تمام شاملین بے شمار برکات حاصل کریں۔

قادیان میں ہمارے حالیہ جلسہ سالانہ کے موقع پر میں نے احباب جماعت کو اس جلسہ کی اہمیت سے آگاہ کیا تھا اور حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے الفاظ یاد دلائے تھے۔ آپؑ نے فرمایا:’’اس جلسہ کو معمولی جلسوں کی طرح خیال نہ کریں۔ یہ وہ امر ہے جس کی خالص تائید حق اوراعلاءِ کلمہ اسلام پر بنیاد ہے۔اس سلسلہ کی بنیادی اینٹ خدا تعالیٰ نے اپنے ہاتھ سے رکھی ہے اوراس کے لیے قومیں طیار کی ہیں۔ جو عنقریب اس میں آملیں گی۔ کیونکہ یہ اس قادر کافعل ہے جس کے آگے کوئی بات انہونی نہیں۔‘‘(اشتہار ۷؍دسمبر ۱۸۹۲ء، مجموعہ اشتہارات جلد ۱ صفحہ ۳۶۱، ایڈیشن ۲۰۱۹ء)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہم ایک پیشگوئی کا رنگ رکھنے والے ان الفاظ کی تکمیل کا مسلسل مشاہدہ کر رہے ہیں۔چنانچہ ہم دیکھتے ہیں کہ لائبیریا سمیت دنیا بھر کے ممالک میں جلسے باقاعدگی سے منعقد ہو رہے ہیں اور قومیں در قومیں اس میں شامل ہوتی چلی جارہی ہیں۔

لیکن ہمیں یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ جلسہ کی برکات کے صرف وہی لوگ وارث ہوں گے جو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے ساتھ کی گئی بیعت کے عہد پر ثابت قدم رہیں گے۔ جو لوگ اپنی اخلاقی اصلاح اور روحانی ترقی پر توجہ نہیں دیتے وہ اس کی برکات سے فائدہ نہیں اٹھا سکتے۔

جیسا کہ میں نے جلسہ سالانہ قادیان کے موقع پر بتایا تھا، بیعت کی حقیقی روح کو پورا کرنے کے لیے ہر قسم کی بےحیائی، فحاشی، ناانصافی، بے ایمانی، بد نظمی اور سرکشی سے اجتناب لازمی ہے۔ احمدیوں کو اپنے آپ کو دنیاوی خواہشات کے تابع نہیں ہونے دینا چاہیے بلکہ انہیں اپنے نفس پر قابو رکھنا چاہیے۔ ایسے منفی اثرات سے اپنے آپ کو محفوظ رکھ کر ہی ہم اپنی بیعت کی ذمہ داریوں کو صحیح معنوں میں ادا کر سکتے ہیں۔

یاد رکھیں کہ عمل کے بغیر محض الفاظ کا کوئی فائدہ نہیں۔ اگر آپ اسلام کی خدمت کرنا چاہتے ہیں، اگر آپ اپنی بیعت کے حق کو ادا کرنا چاہتے ہیں تو آپ کو تقویٰ یعنی راستبازی کی صفت اپنانی ہوگی اور اپنے اندر اللہ تعالیٰ کا حقیقی خوف پیدا کرنا ہوگا۔ یہ بھی یاد رکھیں کہ تقویٰ ہماری دعاؤں کی قبولیت کے لیے ایک بنیادی شرط ہے۔

بے شک حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے اعلان فرمایا کہ جب تک اللہ تعالیٰ کی نظر میں جماعت راستباز نہ بن جائے ہم اس کی مدد کی توقع نہیں رکھ سکتے۔ محض اپنے آپ کو نیک سمجھ لینا کافی نہیں، انسان کو چاہیے کہ وہ اللہ تعالیٰ کی نظر میں نیک بنے۔ پس اللہ تعالیٰ کی مدد و نصرت کے حصول کے لیے ضروری ہے کہ جماعت کا ہر فرد نیکی کی راہ پر فعال طور پر گامزن رہے۔

آج کی دنیا میں نئے ذرائع اور ٹیکنالوجیز مسلسل بڑھ رہی ہیں جو لوگوں کو اخلاق سے دور اور بےحیائی و فحاشی کی طرف دھکیل رہی ہیں۔ مثلاً انٹرنیٹ، ٹیلی ویژن اور میڈیا سب کے سب برائی کے دروازے ہیں اور جوان و بوڑھے سب کو بگاڑنے کا ذریعہ بن رہے ہیں۔ ایسی بے حیائی سے اپنے آپ کو بچانے کے لیے ضروری ہے کہ ہر احمدی باقاعدگی سے استغفار کرے اور اللہ تعالیٰ کے حضور جھکے، اس سے ہر قسم کی برائی سے مدد، رحمت اور پناہ کی التجا کرے۔

میں آپ کو خلافتِ احمدیہ کے الٰہی نظام کی اہمیت یاد دلاتا ہوں جو بے شمار برکات کا سرچشمہ ہے۔ آپ کو خلیفۃالمسیح کے ساتھ اپنے تعلق کو مسلسل مضبوط کرتے رہنا چاہیے اور ہمیشہ وفادار رہنا چاہیے۔ میں ہر احمدی کو نصیحت کرتا ہوں کہ ایم ٹی اے کثرت سے دیکھیں اور اپنی دینی سمجھ اور علم میں اضافہ کریں۔ بالخصوص آپ کو میرے خطبات جمعہ اور دیگر مواقع پر دیے گئے خطابات کو باقاعدگی سے سننا چاہیے۔

پھر سب سے اہم بات یہ کہ ہمیں اسلام اور ہمارے پیارے آقا آنحضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کو دنیا کے ہر کونے تک پھیلانے کا فریضہ سونپا گیا ہے۔ لہٰذا آپ کو دانشمندی سے منصوبہ بندی کرنی چاہیے اور لائبیریا کے تمام باشندوں تک اسلام احمدیت کا پیغام پہنچانے کے لیے جامع اور مؤثر پروگرام ترتیب دینے چاہئیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کو ایسا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

آخر میں، مَیں دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ آپ کو اپنے جلسہ کی کارروائیوں سے بہت زیادہ فائدہ اٹھانے اور آپ کے ایمان کو مضبوط کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اللہ تعالیٰ آپ کی زندگیوں میں تقویٰ، نیک عمل اور اسلام اور انسانیت کی خدمت کی طرف ایک حقیقی تبدیلی لائے۔ اللہ تعالیٰ آپ سب پر رحم کرے۔

مزید پڑھیں: گیمبیا بھر میں جلسہ ہائے یوم مسیح موعود کا انعقاد

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button